وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس رہنماؤں اور دیگر سیاسی شخصیات نے سنیچر کے روز بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 10:09 AM IST | New Delhi
وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس رہنماؤں اور دیگر سیاسی شخصیات نے سنیچر کے روز بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس رہنماؤں اور دیگر سیاسی شخصیات نے سنیچر کے روز بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے انہیں ایک ’جوہر‘ قرار دیا، جب کہ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے انہیں جدید ہندوستان کا ’بنیادی معمار ‘کہا۔ کھرگے اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے شانتی ون جا کر ان کی یادگار (سمادھی) پر حاضری دی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقعے پر راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سمیت کانگریس کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ بعد ازاں کھرگے اور سونیا گاندھی نے پرانی پارلیمنٹ کی عمارت سنویدھان سدن کے سینٹرل ہال میں نہرو کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس تقریب میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور دیگر لیڈر بھی شریک تھے ۔ وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر نہرو کیلئےخراج عقیدت کا پیغام لکھا ۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جدوجہد آزادی میں ان کی خدمات اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم کے طور پر ان کی قیادت کو یاد کیا ۔ ایکس پرراہل گاندھی نے لکھا’’بھارت کے پہلے وزیر اعظم، جوہر ہند پنڈت جواہر لال نہرو کے یومِ پیدائش پر عاجزانہ سلام اور خراجِ عقیدت۔ ‘‘انہوں نے مزید لکھا ’’ آزادی ان کی منزل نہیں تھی، بلکہ قوم کے نئے سفر کا ایک سنگ میل تھی۔ سوراج کا مطلب اقتدار نہیں، بلکہ ملک کے مستقبل کیلئے ہر شہری کی شرکت اور ذمہ داری تھی۔ ان کے لیے ہندوستان ایک جستجو اور ایک نظریہ تھا—جہاں تنوع (رنگا رنگی) اس کی طاقت، جمہوریت اس کا ایمان، اور مساوات اس کی بنیاد ہو۔ ایک جدید، سائنسی، ترقی پسند اور پراعتماد ہندوستان کا ان کا خواب آج بھی ہمارے کئے مشعلِ راہ ہے۔‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایک پوسٹ میں کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو جدید ہندوستان کے بنیادی معمار تھے۔ انہوں نے لکھا ’’وہ اس بات کو بخوبی سمجھتے تھے کہ ہمارے جیسے متنوع ملک کو صرف جمہوریت کے ذریعے ہی متحد رکھا جا سکتا ہے؛ ایک ایسی جمہوریت جو مختلف ثقافتوں، عقائد، سیاسی آوازوں اور امنگوں کو اپنے دامن میں سمیٹتی ہو۔‘‘کھرگے نے کہا کہ آج جب ہم شانتی ون میں انہیں پُروقار خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، تو ہمیں آئین، اپنے جمہوری اداروں اور ہمیں آپس میں جوڑے رکھنے والی اقدار کے تحفظ اور دفاع کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہئے۔