Inquilab Logo

ہریانہ کا شہر پنچکولہ ہرے بھرے جنگلات کیلئے مشہور

Updated: May 22, 2024, 11:26 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں کا چھت بیر چڑیاگھرشمالی ہندوستان میںجنگلی حیات کاسب سے بڑا مرکز ہے، کیکٹس گارڈن بھی ایشا کا سب سے بڑا کیکٹس گارڈن ہے۔

Chhatbir Zoo. Photo: INN
چھت بیر چڑیا گھر کی ہے۔ تصویر : آئی این این

ہریانہ میں واقع پنچکولہ شہر اپنے سرسبز و شاداب ماحول کے لیے جاناجاتا ہے کیونکہ اس میں وسیع جنگلاتی علاقے ہیں، جو شہر کو ہریانہ کا سب سےبڑا جنگلاتی علاقہ بناتاہے۔ یہاں بڑے پیمانے پر پہاڑی علاقےبھی دستیاب ہیں۔ اسی لیے دور دراز سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ اونچی پہاڑیوں کی سیر کے لیے جاتے ہیں، اس لیے یہ شہر سیاحوں کیلئے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ خاص طور پر سردیوں اور برسات کے موسم میں لوگ ان اونچی پہاڑیوں کی سیر پر آتے ہیں۔ پنچکولہ شہر بھارت کی ریاست ہریانہ میں واقع ہے جو ریاست کا سب سے اہم ضلع ہے۔ پنچکولہ شہر اپنے دارالحکومت چندی گڑھ سے صرف ۱۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ شہر۵؍ لہروں کیلئے بھی جانا جاتا ہے، اس لیے اس شہر کا نام پنچکولہ ہے۔ 
چھت بیر چڑیا گھر:یہ ایک بڑا اور مشہور چڑیا گھر ہے، جو پنچکولہ شہر میں واقع ہے۔ یہاں آپ کو ایک دلچسپ تجربہ ملےگاکیونکہ یہاں پر۱۱۰؍ اقسام کے جانور دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس چڑیا گھر کا شمار شمالی ہندوستان کے سب سےبڑےجنگلی حیات کےمراکز میں ہوتاہے۔ یہ چڑیا گھر۵۰۰؍ایکڑرقبے پرپھیلا ہوا ہے جو دریائے ککڑ کے قریب واقع ہے۔ ہر سال یہاں ہزاروں سیاح آتے ہیں۔ ایک بڑے رقبے پر پھیلا یہاں کا چڑیاگھر سیاحوں کی توجہ کا بڑا مرکز ہے۔ اس بڑے چڑیا گھر کا ماحول کافی شاندار لگتاہے۔ آس پاس کا ہرا بھرا جنگل اور پرامن طریقے سے بہتے آبشارشاندار لگتےہیں۔ لوگوں کو یہاں جنت لگتی ہے۔ اس لیے یہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کیلئے بھی توجہ کا مرکز ہے۔ پنچکولہ آنے والے لوگ ایک بار اس چڑیا گھر کو ضرور دیکھیں۔ 
کیکٹس گارڈن:پنچکولہ شہر میں واقع کیکٹس گارڈن فطرت سے محبت کرنےوالوں کے لیے اہم سیاحتی مقام ہےکیونکہ یہ ایک مشہور قدرتی مقام ہے۔ لوگ دور دور سےاسے دیکھنے آتے ہیں۔ اس باغ میں آپ مختلف قسم کی نایاب درخت دیکھ سکتے ہیں۔ ریاست ہریانہ کے شہر پنچکولہ میں واقع یہ کیکٹس گارڈن ایشیا کے سب سے بڑے کیکٹس کے باغ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس باغ کا نظارہ کافی خوشگوار لگتا ہے۔ کیکٹس گارڈن میں پودوں کی۲۶۰۰؍اقسام دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ تمام خاص قسم کے پودے ہیں جن میں مختلف رنگوں کے پودے بھی شامل ہیں یہاں ہر سال کیکٹس کا میلہ بھی لگایا جاتا ہے جو واقعی ایک شاندار نظارہ ہے۔ یہ باغ ڈاکٹر جے سرکاریا نے کیکٹس کی نایاب نسل کوبچانے کیلئے قائم کیا تھا، جو کہ موجودہ دور میں بڑے پیمانے پر پھیل چکاہے اس لیے اس کا چرچا دور دراز علاقوں میں بھی پھیلا ہوا ہے۔ 
پنجور گارڈن:پنچکولہ ضلع کے پنجور گارڈن کو یادوینداگارڈن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ پانڈو اپنی جلاوطنی کے دوران یہاں ٹھہرے تھے۔ پنجورکو ۱۷؍ویں صدی میں فدائی خان نے تعمیر کیا تھا جب فدائی خان پنجاب کاگورنر تھا۔ اس باغ میں آپ کو بہت سے پھلوں اور پھولوں کے درخت نظر آئیں گے۔ 
سکھنا جھیل: پنچکولہ میں شیوالک پہاڑی سلسلے پر واقع سکھنا جھیل ایک دلکش جگہ ہے۔ یہ انسانی ساختہ جھیل تقریباً ۳؍کلومیٹرتک پھیلی ہوئی ہے۔ اسے ۱۹۵۸ءمیں شیوالک پہاڑی سے نیچے آنے والے پانی پر ڈیم بنا کر تعمیر کیا گیا تھا۔ اس جھیل کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں۔ 
مورنی ہلز :مورنی ہندوستانی ریاست ہریانہ کے ضلع پنچکولہ کا ایک گاؤں اور سیاحتی مقام ہے۔ یہ چندی گڑھ سے ۴۵؍کلومیٹر(۲۸؍ میل)کےفاصلے پر، پنچکولا شہرسے ۳۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اپنے ہمالیائی مناظر، پودوں اور جھیلوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہےکہ مورنی نام ایک ملکہ سے ماخوذ ہے جو کبھی اس علاقےپر حکومت کرتی تھی۔ مورنی پہاڑیاں ہمالیہ کے شیوالک سلسلے کی شاخیں ہیں، جو دو متوازی سلسلوں میں چلتی ہیں۔ مورنی گاؤں سطح سمندرسےایک ہزار۲۲۰؍میٹر(۴؍ہزارفٹ)کی بلندی پر ایک پہاڑی پر واقع ہے۔ پہاڑیوں کے دامن میں دو جھیلیں ہیں، جن میں سےبڑی تقریباً۵۵۰؍میٹر(۱۸۰۰؍فٹ)لمبی اور ۴۶۰؍میٹر( ایک ہزار ۵۱۰؍فٹ)چوڑی ہے، اور چھوٹی تقریباً۳۶۵؍میٹر(۱۱۹۸؍ فٹ)ہے۔ ایک پہاڑی ۲؍جھیلوں کو تقسیم کرتی ہے، لیکن ان کے درمیان ایک پوشیدہ چینل کا نظریہ ہے، کیونکہ دونوں جھیلوں کے پانی کی سطح تقریباً ایک جیسی ہی رہتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK