• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوکو ایم ۸؍،۵؍جی کم قیمت میں ایک عمدہ فون کا تجربہ

Updated: January 19, 2026, 2:28 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کی موٹائی ۳۵ء۷؍ملی میٹر اور وزن ۱۷۸؍گرام ہے،۶ء۷۷؍ انچ کا ۳؍ڈی خمدار امولیڈ اسکرین دیا گیا ہےجس میں رنگ اچھے نظر آتے ہیں۔

The accessories that come with the Poco M8 can be seen. Picture: INN
پوکو ایم ۸؍ کے ساتھ ملنے والے سامان کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این
اسمارٹ فون کی دنیا میں ہر چند برس بعد کوئی نہ کوئی نیا رجحان سر اٹھاتاہے۔کبھی کیمروں کی دوڑ، کبھی اسکرین کے سائز کا جنون، اور کبھی تیز رفتار چارجنگ۔ مگر ایک بات مستقل رہی ہے، کم قیمت میں زیادہ سہولت۔ یہی وہ میدان ہے جہاں شیاؤمی کے دو ذیلی برانڈز، پوکواور ریڈمی، برسوں سے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے آئے ہیں۔ یہ دونوں برانڈز نان پریمیم طبقے کے صارفین کو ذہن میں رکھ کر ایسےفون پیش کرتے ہیں جو جیب پر بھاری نہ ہوں مگر روزمرہ ضروریات بخوبی پوری کریں۔ اسی سلسلے کی تازہ کڑی پوکو ایم ۸؍ ہے۔
 قیمت
ہندوستان میں پوکو ایم ۸؍۵؍جی کی ابتدائی قیمت ۱۸؍ہزار ۹۹۹؍روپے رکھی گئی ہے، جس میں صارف کو۶؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج ملتی ہے۔ اس قیمت پر یہ فون سیدھا درمیانی بجٹ والے طبقے کی ضرورت پوری کرتا ہے، جہاں مقابلہ خاصا سخت ہے اور ہر برانڈ اپنی پوری طاقت آزما رہا ہے۔
 ڈیزائن
اس کا سب سے پہلا تاثر اس کا ڈیزائن ہے، جو اپنے پچھلے ماڈل کےمقابلے میں واضح طور پر بہتر اور زیادہ نفیس محسوس ہوتا ہے۔ فون کی موٹائی محض ۷ء۳۵؍ملی میٹر ہے اور وزن صرف ۱۷۸؍گرام، جو اسے بازارمیں موجود کئی دیگر فونز کے مقابلے میں خاصا ہلکا بناتا ہے۔ کنارے اور اطراف ہلکے خم دار رکھے گئے ہیں، جس کی وجہ سے فون ہاتھ میں پکڑنے پر قدرتی اور آرام دہ محسوس ہوتا ہے۔
 ڈسپلے
فون کےاگلے حصے پر۶ء۷۷؍انچ کا ۳؍ڈی خم دار امولیڈ اسکرین دیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ۱۲۰؍ ہرٹزریفریش ریٹ اسے مزیدہموار اور دلکش بناتا ہے۔ رنگ شوخ ہیں، بلیک لیول اچھے ہیں، اور ویڈیوزیا سوشل میڈیا اسکرول کرتے وقت اسکرین خاصی جان دار محسوس ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر، اس قیمت میں یہ ڈسپلے پوکوکی ایک بڑی کامیابی کہی جا سکتی ہے۔
سافٹ ویئر  اورہارڈ ویئر
اس میںکوال کوم اسنیپ ڈریگون ۶؍ جنریشن ۳؍پروسیسر دیا گیاہے، جس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ۸؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج کا آپشن موجود ہے۔سچ تو یہ ہے کہ آج کے بجٹ فونز میں روزمرہ کارکردگی شاذ و نادر ہی شکایت کا موقع دیتی ہے، اور یہ فون بھی اسی روایت پر پورا اترتا ہے۔
سافٹ ویئر کی بات کریں تو اس میں اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی ہائپر او ایس۲؍دیا گیاہے۔ یہ قدرے مایوس کن ہے کہ جب اینڈرائیڈ ۱۶؍کافی عرصے سے دستیاب ہے، تب بھی نئے فونز پچھلے ورژن کے ساتھ آ رہے ہیں۔ البتہ پوکوکی جانب سے۴؍سال کے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس اور۶؍ سال کے سیکورٹی اپ ڈیٹس کا وعدہ ایک مثبت پہلو ہے۔
کیمرے 
اس کا کیمرہ سیٹ اپ اوسط درجے کا ہے۔ اچھی روشنی میں تصاویرقابلِ استعمال ہوتی ہیں، تفصیل اور کنٹراسٹ مناسب ملتا ہے، مگر رنگوں کا توازن کبھی قدرتی تو کبھی مصنوعی محسوس ہوتا ہے۔ بعض اوقات ہائی لائٹس حد سے زیادہ روشن ہو جاتی ہیں۔۲؍ ایکس ڈیجیٹل زوم دیاگیا ہے، جس میں رنگ اور ایکسپوژر تو برقرار رہتے ہیں، مگر باریک تفصیلات متاثر ہوتی ہیں۔ اس قیمت میں الٹرا وائیڈ کیمرہ کی کمی بھی محسوس ہوتی ہے، کیونکہ کچھ حریف فونز یہ سہولت فراہم کرتے ہیں۔
بیٹری
اگراس کی کوئی واضح طاقت ہے تو وہ اس کی بیٹری لائف ہے۔ ایک بار مکمل چارج کرنے پر یہ فون باآسانی ایک دن سے زیادہ چل جاتاہے۔چارجنگ کیلئے ۴۵؍ واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔ ۳۰؍منٹ میں بیٹری ۵۱؍فیصد تک پہنچ جاتی ہے، جبکہ صدفیصدچارج ہونے میں تقریباً ایک گھنٹہ۱۱؍منٹ لگتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK