یہ مقام محض ایک ساحلی سیاحتی شہر نہیں بلکہ تاریخ، روحانیت، سکون اور رنگا رنگ ثقافت کا سنگم ہے،اپنی عمارتوں، سڑکوں کے سبب یورپ کی جھلک پیش کرتا ہے۔
پڈوچیری کی پرومنیڈ بیچ ۔ تصویر:آئی این این
جنوبی ہند کے ساحل پر واقع پڈوچیری جسےعام طور پر پونڈیچیری بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسا شہر ہے جہاں سمندر کی ہوا میں فرانسیسی تہذیب کی خوشبو گھلی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ یہ مقام محض ایک ساحلی سیاحتی شہر نہیں بلکہ تاریخ، روحانیت، سکون اور رنگا رنگ ثقافت کا سنگم ہے۔ کبھی فرانسیسی نوآبادی رہا یہ خطہ آج بھی اپنی عمارتوں، سڑکوں اور کیفے کلچر میں یورپی انداز کی جھلک پیش کرتاہے، اور یہی اس کی سب سے بڑی پہچان ہے۔بحیرہ بنگال کے کنارے آباد یہ شہر اپنے پرسکون ساحلوں، روحانی آشرموں، فرنچ آرکیٹیکچر اور پانی کی سرگرمیوں کی وجہ سے سیاحوں کا محبوب مرکز ہے۔
پرومنیڈ بیچ
پڈوچیری میں واقع یہ ساحل سمندر یہاںکی پہچان ہے۔یہ تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل ساحلی سڑک پر پھیلا ہواہے۔مقامی لوگ اسے’راک بیچ‘بھی کہتے ہیں، کیونکہ یہاں ریت کے بجائے بڑے بڑے پتھروں کی قطاریں سمندر کی لہروں کا سامنا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔صبح کےوقت یہاں ٹہلنا ایک روحانی تجربہ بن جاتا ہے، جب سورج کی پہلی کرنیں خلیج بنگال کے پانی پر سنہری عکس بکھیرتی ہیں۔ شام ڈھلے یہاں مقامی لوگ اور سیاح اکٹھا ہوتے ہیں۔ گاڑیوں کا داخلہ محدود ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ پُرسکون رہتا ہے اور پورے خاندان کے ساتھ سیر کے لیے یہ موزوں ترین مقام ہے۔پرومنیڈ بیچ کے اطراف کئی اہم یادگاریں اور عمارتیں واقع ہیں جو اس علاقے کی تاریخی اہمیت کو مزید گہرا کرتی ہیں۔
مہاتما گاندھی کا مجسمہ
ساحل کے بیچوں بیچ مہاتما گاندھی کا مجسمہ نصب ہے، جس کے گرد۸؍ستون کھڑے ہیں۔ یہ ستون کسی قدیم یادگار سے لائے گئے تھے اور آج بھی اس مقام کو ایک خاص وقار عطا کرتے ہیں۔ سیاح یہاں تصاویر کھنچوانا نہیں بھولتے۔
فرینچ وار میوزیم
یہ یادگار پہلی عالمی جنگ میں شہید ہونے والے فرانسیسی فوجیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی تھی۔ ہر سال ۱۴؍ جولائی کو یہاں خصوصی تقریب منعقد ہوتی ہے، جو پڈوچیری کے فرانسیسی ماضی کی یاد دلاتی ہے۔
پرانا لائٹ ہائوس
یہ پرانا لائٹ ہاؤس آج فعال نہیں، مگر ماضی کی بحری تاریخ کا گواہ ہے۔ اس کے قریب کھڑے ہو کر سمندر کو دیکھنا ایک الگ ہی کیفیت پیدا کرتا ہے۔
پیراڈائز بیچ
اگر آپ نسبتاً خاموش اور قدرتی ماحول کےمتلاشی ہیں تو پیراڈائز بیچ بہترین انتخاب ہے۔یہاں پہنچنے کیلئےعموماً کشتی کے ذریعے جانا پڑتاہے، جو اس سفر کو مزید دلکش بنا دیتا ہے۔ سنہری ریت، نیلا پانی اور کم ہجوم،یہ ساحل فطرت سے قربت کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
فرانسیسی کوارٹر (وائٹ ٹاؤن)
پڈوچیری کا دل اس کا مشہور فرانسیسی علاقہ ہے، جسے وائٹ ٹاؤن بھی کہا جاتا ہے۔پیلے اور سفید رنگ کی نوآبادیاتی عمارتیں، کشادہ سڑکیں، بالکونیوں سے جھانکتے پھول اور خاموش کیفے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں پیدل چلتے ہوئے ان سب چیزوں کو دیکھ کریوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت کچھ دیر کے لیے ٹھہر گیا ہو۔ پرانے گرجا گھروں اور فرانسیسی طرز تعمیر کی عمارتوں کے درمیان چہل قدمی خود ایک یادگار تجربہ ہے۔
اورویل
پڈوچیری سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اوروِیل ایک عالمی برادری کا خواب ہے، جہاں مختلف ممالک کے لوگ مل جل کر سادہ اور پُرامن زندگی گزارنے کی کوشش کرتےہیں۔ یہاں کا مرکزی مقام ماترمندر ہے جو ایک سنہری گنبد نما ڈھانچہ جو مراقبہ اور خاموشی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔باہر سے دیکھیں تو یہ سورج کی مانند چمکتا ہوا سنہرا کرہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اندر قدم رکھتے ہی مکمل خاموشی کا عالم ہوتاہے۔اوروِیل میں داخل ہوتے ہی ایک الگ طرح کا سکون اور سادگی محسوس ہوتی ہے، گویا دنیا کی تیز رفتاری یہاں آ کر دھیمی پڑ جاتی ہے۔اوروِیل کا قیام ۱۹۶۸ءمیںعمل میں آیا۔یہ بستی کسی ایک قوم یا حکومت کی ملکیت نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے وقف کی گئی۔ ابتدا میں ۱۲۴؍ممالک کے نمائندوں نے اپنے اپنے ملک کی مٹی لا کر ایک مخصوص کلش میں ڈالی، گویا پوری دنیا نے مل کر اس خواب کی بنیاد رکھی۔