راجستھان رائلز نے تیز گیندبازوں کیلئے مددگار وکٹ اور حالات کا فائدہ اٹھاتےہوئےانڈین پریمیر لیگ میں شاندار شروعات کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کو۸؍وکٹوں سے شکست دے دی۔راجستھان کے گیندبازوں کے سامنے چنئی کے بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دئیے اور پوری ٹیم ۱۲۷؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔
رویندر جڈیجا نے راجستھان رائلز کیلئے ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
راجستھان رائلز نے تیز گیندبازوں کیلئے مددگار وکٹ اور حالات کا فائدہ اٹھاتےہوئےانڈین پریمیر لیگ میں شاندار شروعات کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز کو۸؍وکٹوں سے شکست دے دی۔راجستھان کے گیندبازوں کے سامنے چنئی کے بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دئیے اور پوری ٹیم ۱۲۷؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔اس کے بعد راجستھان کے افتتاحی بلے بازوں یشسوی جیسوال اور ویبھو سوریہ ونشی نے پہلی وکٹ کیلئے ۷۵؍رن جوڑ کر فتح کی بنیاد رکھ دی۔ ویبھو نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۷؍گیندوں میں ۵۲؍رن بنائے جن میں۴ ؍چوکے اور ۵؍چھکے شامل تھے۔یشسوی جیسوال نے ناٹ آؤٹ ۳۸؍رن بنائے۔دھرو جوریل ۱۸؍رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ریان پراگ نے ناٹ آؤٹ ۱۴؍رن بنائے۔
اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کرتے ہوئے راجستھان کے گیندبازوں نے شروع ہی سے دباؤ برقرار رکھا۔ چنئی کی شروعات انتہائی خراب رہی اور ٹیم نے ۱۹؍ رنوں پر ۳؍ وکٹیں گنوا دیں۔ سنجو سیمسن اور کپتان رتوراج گائیکواڑ صرف ۶۔۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آیوش مہاترے کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ اس کے بعد بھی وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ میتھیو شارٹ ۵؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سرفراز خان (۱۷) اور کارتک شرما (۱۸) نے کچھ جدوجہد کرنے کی کوشش کی لیکن رویندر جڈیجا اور بریجیش شرما نے دونوں کو آؤٹ کر دیا۔
شیوم دوبے بھی صرف ۶؍ رن بنا سکے جبکہ نور احمد ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میٹ ہنری ۵؍ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔آخر میں جیمی اوورٹن نے ۳۶؍ گیندوں پر ۴۳؍رنوں کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں ۲؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے انشُل کامبوج کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے۳۳؍ رن جوڑ کر ٹیم کو ۱۰۰؍ کے پار پہنچایا، تاہم اوورٹن کے رن آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم ۱۲۷؍رنوں پر سمٹ گئی۔راجستھان رائلز کی جانب سے جوفرا آرچر، ناندری برگر اور رویندر جڈیجہ نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بریجیش شرما اور کارتک شرما نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔