راہل گاندھی نے کہاکہ آئین کو بچانے کیلئے سب ساتھ آئیں، بی جےپی کاکانگریس پر ملک میں انتشار پھیلانے کا الزام۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 12:03 PM IST | Agency | New Delhi
راہل گاندھی نے کہاکہ آئین کو بچانے کیلئے سب ساتھ آئیں، بی جےپی کاکانگریس پر ملک میں انتشار پھیلانے کا الزام۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی نے ایک بار پھر عوام سے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی مجوزہ ریلی میں شرکت کی اپیل کی ہے۔راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’’نمسکار، چلو دہلی رام لیلا مارچ، جمہوریت کو بچانے کا، ووٹ چوری کو روکنے کا، آئین کو بچانے کا مارچ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ’’یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مارچ نہیں، یہ ہندوستان کی روح کا مارچ ہے۔وہ سب لوگ جو نریندر مودی، امیت شاہ اور گیانیش کمار سے پریشان ہیں ۔ وہ سب لوگ جو جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں، آئین کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں، سب ساتھ آئیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان: بہار میوزیم دنیا کے ۱۰؍ بہترین عجائب گھروں میں شامل
راہل گاندھی نے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس کی فکر نہ کریں، لاٹھیوں سے نہ ڈریں، بی جے پی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ اپنے ان ہتھکنڈوں کا استعمال کرے۔ آئیے، ہمارے ساتھ مارچ میں شامل ہوں۔ ہم آئین کے تحفظ اور ہندوستانی قوم کی حفاظت کے لیے مل کر چلیں گے۔‘‘ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ۲؍ نومبر کو حیدرآباد کے ٹینک بنڈ پر تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے منعقد کی جانے والی پدیاترا میں شرکت کریں گے جس کے ذریعے ایس آئی آر کیخلاف اپوزیشن کی مہم کا جواب دیاجائےگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کے صدر این رام چندر راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس سماج اور ملک میں بدامنی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس انتشار پسندانہ رویے کو بے نقاب کرنے کے لیے بی جے پی ۲؍ نومبر کو ’’جمہوریت بچاؤ، انارکی ہٹاؤ‘‘ کے نعرے کے ساتھ ایک بڑی ریلی منعقد کرے گی۔