بی ایم سی نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ماہم کے ’جی نارتھ‘ وارڈ میں واقع گجانن واٹیکا مارگ پر مصنوعی ذہانت والے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں جو کسی کے راستے پر کچرا پھینکنے پر لاؤڈ اسپیکر پر وارننگ دیتے ہیں کہ اس طرح کچرا پھینکنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ماہم میں ایک نوجوان کیمرے کی وارننگ سنتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
بی ایم سی نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ماہم کے ’جی نارتھ‘ وارڈ میں واقع گجانن واٹیکا مارگ پر مصنوعی ذہانت والے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں جو کسی کے راستے پر کچرا پھینکنے پر لاؤڈ اسپیکر پر وارننگ دیتے ہیں کہ اس طرح کچرا پھینکنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے مطابق شہر و مضافات میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لوگ راستوں پر کچرا پھینک کر گندگی پھیلاتے ہیں۔ ان عوامی مقامات کو کچرا پھینکنے کی جگہ بننے سے روکنے کیلئے بی ایم سی نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ماہم میں پہلی مرتبہ ’اے آئی‘ (آرٹیفیشل انٹلی جنس) والے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: آلودگی کے خلاف کارروائی تیز،۲۹؍ صنعتی یونٹوں کو نوٹس
جب کوئی شخص کچرے کی تھیلی وغیرہ لے کر ان مقامات کی طرف بڑھتا ہے تو یہ کیمرے اس کی نگرانی شروع کردیتے ہیں اور جیسے ہی یہ فرد کچرا پھینکتا ہے تو اس جگہ پر لائوڈ اسپیکر سے وارننگ شروع ہوجاتی ہے کہ راستوں کو صاف رکھیں، گندگی پھیلانے سے بچیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔شہری انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ جن جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے کہ لوگ ان مقامات پر کچرا پھینکتے ہیں ان جگہوں پر مصنوعی ذہانت والے کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ان کیمروں میں کچرا پھینکے والی کی تصویریں قید ہوجائیں گی اور اس کے آنے جانے کا راستہ بھی ریکارڈ ہوجائے گا جس پر وارننگ کے باوجود کچرا پھینکنے پر کارروائی کی جاسکے گی۔
یہ کیمرے کس طرح کام کرتے ہیں ؟یہ بتانے کیلئے بی ایم سی نے اپنے ’ایکس‘ اکائونٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں ایک شخص کے ذریعہ کچرا پھینکتے ہی وارننگ شروع ہوجاتی ہے جس پر وہ کچرے کی تھیلی واپس لے کر چلا جاتا ہے۔