یہی وہ شہر ہے جہاں مہاتما گاندھی نے اپنا بچپن گزارا تھا،یہاں روایت اور جدیدیت ایک ساتھ چلتے نظر آتے ہیں،میوزیم اور ڈیم دیکھنے لائق ہیں۔
راجکوٹ کے روٹری ڈالز میوزیم- تصویر:آئی این این
راجکوٹ گجرات کا ایک ایسا شہر ہے جہاں روایت اور جدیدیت ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتےدکھائی دیتے ہیں۔ کاٹھیاواڑکے خطے میں واقع یہ شہر صرف صنعتی اور تجارتی مرکز ہی نہیں بلکہ تاریخ، ثقافت، ادب، روحانیت اور سیاحت کے اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ یہی وہ شہر ہے جہاں مہاتما گاندھی نے اپنی ابتدائی زندگی کے کئی برس گزارے تھے۔ یہاں کی گلیوں، بازاروں، عمارتوں اور لوگوں کے مزاج میں آج بھی پرانے گجرات کی خوشبو محسوس کی جا سکتی ہے۔
راجکوٹ ان مسافروں کے لیے ایک بہترین مقام ہے جو شور و ہنگامے سے دور ایک ایسے شہر کی تلاش میں ہوں جہاں تاریخ بھی ہو، ثقافت بھی، روحانیت بھی اور خالص گجراتی مہمان نوازی بھی۔ یہاں قدیم عمارتوں سے لے کر خوبصورت باغات، عجائب گھروں، جھیلوں اور روحانی مقامات تک بہت کچھ دیکھنے کو ملتا ہے۔
کابا گاندھی نوڈیلو
راجکوٹ کا سب سے مشہور تاریخی مقام کابا گاندھی نو ڈیلوہے۔ یہ وہ تاریخی عمارت ہےجہاں مہاتما گاندھی نے اپنے بچپن کے کئی برس گزارے۔ اس گھر کو اب ایک میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں گاندھی جی کی زندگی، ان کی تحریروں، تصاویر اور استعمال کی اشیاء کو محفوظ رکھا گیا ہے۔یہ مقام صرف ایک عمارت نہیں بلکہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک کی خاموش داستان بھی ہے۔ یہاں آ کر محسوس ہوتا ہے جیسے تاریخ ابھی تک ان دیواروں میں سانس لے رہی ہو۔
واٹسن میوزیم
راجکوٹ آنے والے سیاحوں کے لیے واٹسن میوزیم بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔یہ عجائب گھر گجرات اور خصوصاً سوراشٹر کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب کو قریب سے جاننے کا بہترین ذریعہ ہے۔یہاں قدیم سکّے، شاہی ملبوسات، مجسمے، نوادرات، قدیم تصاویر اور تاریخی دستاویزات محفوظ ہیں۔ تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے یہ مقام ایک خزانے سے کم نہیں۔
روٹری ڈالز میوزیم
راجکوٹ کا روٹری ڈالز میوزیم بچوں اوربڑوں دونوں کے لیے بے حد دلچسپ مقام ہے۔ یہاں دنیا کے مختلف ممالک کے روایتی لباس میں ملبوس ہزاروں گڑیاں رکھی گئی ہیں۔ہر گڑیا اپنے ملک کی تہذیب، ثقافت اور روایت کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس عجائب گھر کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں سیاحت کے ساتھ ساتھ دنیا کی مختلف ثقافتوں کو سمجھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
اجی ڈیم
اگر آپ شہر کی بھیڑ بھاڑسے دور کچھ وقت فطرت کے درمیان گزارنا چاہتے ہیں تو اجی ڈیم بہترین مقام ہے۔ یہ ڈیم اور اس کے اطراف کا علاقہ نہایت پُرسکون اور سرسبز ہے۔یہاں ایک خوبصورت باغ، بچوں کے کھیلنے کی جگہ اور چڑیا گھر بھی موجود ہے۔
پردیومن زولوجیکل پارک
قدرت اور جانوروں سے محبت رکھنے والوں کے لیے پردیومن زولوجیکل پارک ایک بہترین تفریحی مقام ہے۔ یہاں شیر، چیتے، ہرن، ریچھ اور مختلف اقسام کے پرندے دیکھے جا سکتے ہیں۔اس چڑیا گھرکو اس انداز سے بنایا گیا ہے کہ جانور نسبتاً قدرتی ماحول میں نظر آئیں۔بچوں کیلئے یہ جگہ خاص طور پر بہت دلچسپ ثابت ہوتی ہے۔
برگی ڈیم
نیاری ڈیم راجکوٹ کے ان مقامات میں شامل ہے جہاں شام کے وقت خاصی رونق رہتی ہے۔ لوگ یہاں سورج ڈوبنے کا دلکش منظر دیکھنے آتے ہیں۔بارش کے موسم میں اس مقام کی خوبصورتی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ پانی، پہاڑیوں اور آسمان کے بدلتے رنگ یہاں ایک یادگار منظر پیش کرتے ہیں۔
بازار اور خریداری
راجکوٹ صرف تاریخی اور تفریحی مقامات نہیں بلکہ خریداری کے لیے بھی مشہور ہے۔یہاں کے بازاروں میں بندھنی ساڑیاں، کاٹھیاواڑی ملبوسات، روایتی زیورات اور دستکاری کی اشیاء خاص طور پر پسند کی جاتی ہیں۔بنگڑی بازارخواتین کے درمیان خاصا مقبول بازارہے، جہاں رنگ برنگی چوڑیاں، زیورات اور روایتی اشیاء ملتی ہیں۔ اس کے علاوہ دھرمندر روڈ اور یگنک روڈ بھی خریداری کے اہم مراکز مانے جاتے ہیں۔
راجکوٹ کا کھانا
راجکوٹ کی سیر اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک یہاں کےمقامی کھانوں کا ذائقہ نہ چکھا جائے۔ یہاں کا کاٹھیاواڑی کھانا اپنی تیزی، خوشبو اور دیسی انداز کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ روٹلا، لہسن کی چٹنی، رِنگن نو اوڑھو، کھچڑی، گجراتی کڑھی اور مختلف قسم کی مٹھائیاں یہاں کے روایتی ذائقوں میں شامل ہیں۔