اس میں ریکو کاجی آر سیریز کا کیمرہ استعمال کیا گیا ہے جبکہ پیچھے کیمرہ بمپ کی شکل کو آپ خود تبدیل کرسکتے ہیں،۲۰۰؍میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس ہے۔
ریئل می جی ٹی ۸؍ پروکے دو رنگ اور ان میں مختلف انداز کے کیمرہ پینل۔ تصویر:آئی این این
ریکو (Ricoh) کے جی آرسیریز کے کمپیکٹ کیمرے کئی برسوںسے موجود ہیں لیکنکئی لوگ ان کی سادگی اور عملی افادیت کے قائل ہیں، جب کہ کچھ انہیں مہنگے اور غیر ضروری کھلونے کہہ کر نظر اندازکر دیتے ہیں۔لیکن اسمارٹ فون پر ریکو کی موجودگی کے اپنے فائدے ضرور ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ریئل می کمپنی نے اس کیمرے سے لیس اپنا نیا اسمارٹ فون ریئل می جی ٹی ۸؍پرو لانچ کیا ہے۔ یہ اس برانڈ کا پہلا ایسا ڈیوائس ہے جو اپنی قیمت کی سطح پر ایک پریمیم فلیگ شپ سے وابستہ تقریباً تمام تقاضے پورے کرتا ہوا نظر آتا ہے۔
ڈیزائن
ریئل می کی جی ٹی سیریزہمیشہ ڈیزائن کے معاملے میں کچھ نیا کرنےکی کوشش کرتی آئی ہے۔اب تک ہمیں ایسا جی ٹی فون ملا جس کی پشت کاغذ جیسی سطح والی تھی، ایک ایسا بھی جو ٹریول سوٹ کیس جیسی فیل دیتا تھا، اور اسی طرح کے کئی تجربات ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال کمپنی نے نسبتاً سادہ رخ اختیار کرتے ہوئے جی ٹی ۷؍ پروایک عام گلاس بیک کے ساتھ پیش کیا، مگر اس سال جی ٹی ۸؍ پروکے ساتھ پھرسے انفرادیت کی طرف واپسی کی ہے۔ اس بار بیک پینل کے لیےجو مٹیریل استعمال ہوا اسے ریئل می نے’آرگینوسیلیکان‘کا نام دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ری سائیکلڈ پلاسٹک اورکپڑے سے تیار کیا گیا، ماحول دوست مٹیریل ہے۔ ہاتھ میں یہ سطح کاغذ جیسا محسوس ہوتا ہے، گرفت مضبوط دیتاہے اور ریئل می کا دعویٰ ہے کہ یہ کافی مضبوط اور دیکھ بھال میں آسان بھی ہے۔
کمپنی نے کیمرہ ماڈیول کے لیے بدلے جانے والے سجاوٹی رِمز بھی دئے ہیں،یعنی اگر آپ اگر ڈیزائن سے اکتا جائیں توباکس میں موجود چھوٹے پیچ کس سے گول کیمرا بَمپ کو کھول کرمستطیل شکل والا بَمپ لگا سکتے ہیں۔ ریئل می کے مطابق پیک میں اضافی مستطیل بَمپ، دو فالتو پیچ اور اس سے میچ کرتا ہوا سلیکون کور بھی دیا جائے گا۔
ڈسپلے
اس قیمت میں توقع تھی کہ جی ٹی ۸؍پرومیں ایل ٹی پی اوپینل دیا گیاہوگا، مگر کمپنی نے بڑا ایل ٹی پی ایس پینل دیا ہے، جو عملی طور پر کافی اچھا ثابت ہوتاہے۔ براہِ راست دھوپ میں بھی اس کی برائٹنس کافی رہتی ہے اور رات کو اندھیرے کمرے میں سیریز دیکھتے وقت یہ خاصا مدھم بھی ہو جاتا ہے۔۱۴۴؍ ہرٹزریفریش ریٹ ہونے کے باوجود یوزر انٹرفیس میں اتنی ہائی ریفریشنگ کا فائدہ نہیں ملتا، یہ رفتار زیادہ تر گیمز کے دوران ہی کام آتی ہے۔
ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر
جی ٹی ۸؍ پرو،ریئل می کا پہلا فون ہے جواینڈرائڈ ۱۶؍سافٹ ویئر کے ساتھ مارکیٹ میں آ رہا ہے۔حالیہ مہینوں میں تقریباً سبھی چینی برانڈز کی یوزر انٹرفیس میں شیشے جیسے افیکٹس اور گلاس لک کی جھلک بڑھ گئی ہے، جس کی بڑی وجہ ایپل کے آئی او ایس ۲۶؍کا نیا ڈیزائن مانا جا رہا ہے۔ہارڈ ویئر میں یہاں کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ ۵؍ دیا گیا ہے جو ۴ء۶؍ گیگا ہرٹز کی رفتار کا حامل ہے۔ریم کے طور پر ۱۲؍ اور ۱۶؍ جی کا متبادل ہے جبکہ اسٹوریج کیلئے بھی ۲۵۶؍ اور ۵۱۲؍ جی میں سے انتخاب کیا جاسکتاہے۔
کیمرے
اس میں پرائمری کیمرہ تو ۵۰؍ میگاپکسل کا ہے لیکن ٹیلی فوٹو کیمرہ ۲۰۰؍میگا پکسل کا دیاگیا ہے جس سے ۳؍ گنا تک زوم کر کے فوٹو کھینچا جاسکتاہے۔ اسی طرح الٹرا وائڈ کیمرے کیلئے ۵۰؍ میگا پکسل کا لینس ہے تو سیلفی کیلئے ۳۲؍ میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے۔
بیٹری
سیلیکون کاربن پر مبنی ہائی کیپیسٹی بیٹری کے باعث یہ بھاری استعمال کےباوجود آسانی سے ڈیڑھ دن چل سکتاہے کیوں کہ اس میں ۷؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جسے ۱۲۰؍ واٹ سے چارج کیا جاتا ہے۔