• Tue, 09 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائبہ شاپنگ سینٹر: خواتین اور بچوں کے ملبوسات کا مرکز

Updated: September 09, 2025, 10:54 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

کرلا کے اس منی شاپنگ مال میں  روزانہ پہننے والے لباس کے ساتھ ساتھ شادی کے خوبصورت جوڑے بھی ملتے ہیں۔

Saiba Shopping Center attracts shoppers from other areas besides Kurla. Photo: INN
سائبہ شاپنگ سینٹر میں کرلا کےعلاوہ دیگر علاقوں کے خریدار بھی آتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

سائبہ شاپنگ سینٹر کر لا مغرب کے نیو مل رو ڈ پر واقع ہے ۔ کرلا کے لوکل  ریلوے اسٹیشن سے بہت  قریب ہے۔  وہا ں سےپیدل ۵؍ منٹ کی دوری پر ہے۔ کرلاٹرمنس بھی یہاں سے زیادہ  دور نہیں  ہے، پیدل ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کے فاصلےپر ہے۔ 
اس شاپنگ سینٹر میں تقریباً  ۲۵؍ دکانیں  ہیں جن میں زیادہ تر کپڑے کی دکانیں ہیں۔  یہاں  بچوں کے ڈریس کے ساتھ ساتھ خواتین کے فینسی ملبوسات بھی ملتے ہیں۔سائبہ شاپنگ سینٹر میں خواتین کے سوٹ کی دکانیں ہیں۔ سنار کی دکانیں ہیں،  نقاب اور ساڑی کی بھی  دکانیں ہیں، یہاں بچوں کا ریڈیمیڈ ملتا ہے، لیڈیز  پرس وغیرہ بھی ملتا ہے۔ سائبہ شاپنگ سینٹر میں ٹیلر بھی ہیں جو نئے فیشن کے مطابق سلائی کرتےہیں ۔ یہ مارکیٹ روزانہ صبح ۱۰؍ بجے سے رات ۹؍ بجے تک کھلا رہتا ہے۔ 
سائبہ شاپنگ سینٹر کو کپڑوں کا بہترین مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔  یہاں روزانہ پہننے والے کپڑوں کے علاوہ شادی اور بیاہ کی مناسبت سے بھی  ڈریس ملتےہیں۔ 
اس مارکیٹ میں خواتین کے ملبوسات کی  ایک دکان’ مسکان فینسی ڈریس میٹریل‘  ہے جو ۲۰۰۷ء  سے اب تک قائم ہے ۔اسی دکان پر ۲۰۰۷ء ہی سے ملازمت کرنے والے عقیل احمد بتاتے ہیں،’’ سائبہ شاپنگ سینٹر میں  پورے مہاراشٹر سے لوگ خریداری کیلئے آتےہیں ،  یوپی بہار سے  جو لوگ ممبئی آتے ہیں ، وہ بھی  اس مارکیٹ کا رخ کرتےہیں ، یہاں کے فینسی ڈریس وہ  اپنے آبائی وطن لے جاتےہیں ۔‘‘ 
 ’انقلاب‘ کے ایک سوال کے جواب میں عقیل احمد بتاتے ہیں، ’’یہاں کی مشہور دکانوں میں  مسکان فینسی ڈریس میٹریل ، کشش کلیکشن، شر دھا کڈ س ویئر ، شیتل کلیکشن ، نواز کلیکشن، سعیدہ ریڈیمیڈ ، شگون کلیکشن، کشمیرہ  نقاب،  شفا کلیکشن ،ر یمنڈ کلیکشن، آمنہ نقاب ، عبایا نقاب ، سائبہ کڈس ویئر ، لٹل اسٹار کڈس ویئر ،  معراج کلیکشن ، حیا کلیکشن اور مسکان ٹیلر  وغیرہ شامل ہیں۔‘‘
  ان کے مطابق سائبہ شاپنگ سینٹرمیں اے ٹو زیڈ کپڑے ملتے ہیں ، یہاں لو گ شادی کی خریداری کیلئے بھی آتےہیں ۔ شادی کی مناسبت سے لہنگا ، شرارہ اور غرارہ وغیرہ خریدتے ہیں۔ یہاں پاکستانی سوٹ بھی ملتےہیں۔ 
  عقیل احمد کا دعویٰ ہے ،’’ سائبہ شاپنگ سینٹر میں مناسب قیمت پر شادی کے جوڑے ملتے ہیں جس سے گاہک مطمئن ہو کر جاتے ہیں، جو ایک بار آتا ہے ، وہ  باربا ر آتا ہے۔ یہاں کے دکانداروں  میں خلوص بھی پایا جاتا ہے۔  وہ اپنے گاہک  سے نرمی سے پیش آتےہی۔ کسی بھی علاقے کے کلچر  کے حساب سے انہیں کپڑے دکھاتےہیں ، یہاں ہر علاقے کی تہذیب و ثقافت کا احترام کیا جاتا ہے اور اسی کے حساب سے جوڑے گاہک کے سامنے پیش کئے جاتےہیں  ،مہنگے او رسستے دونوں طرح کے کپڑے ملتےہیں، گاہک اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق کپڑے خریدسکتا ہے۔ ‘‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا ، ’’ عام طو ر پر اسےریٹیل کا مارکیٹ سمجھا جاتا ہے لیکن کچھ دکانیں  ہول سیل کی بھی ہیں جہاں مہاراشٹر بھر سے دکاندار خریداری کے لئے آتے ہیں ۔‘‘
  اس مارکیٹ کے ایک دکاندار نے بتایا کہ ۲۰۰۷ء کے مقابلےمیں اب مارکیٹ میں  بہت تبدیلیاں ہوئی ہیں،تقریباً  ہر دکان میں اے سی لگ گئی ہے ، سجاوٹ بڑھ گئی ہے ۔   لائٹنگ    بڑھی ہے۔   پہلے اس مارکیٹ میں نقاب کی دکانیں کم تھیں ۔ اب نقاب کی کئی دکانیں ہوگئی ہیںجہاں   ڈھائی تین  ہزارسے’ اسٹارٹنگ ‘ہوتی  ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ۲۰۰۷ءکے مقابلے میں خواتین کے سوٹ کے دام بھی بہت بڑھ  گئے ہیں۔ پہلے ۴-۵؍ سو روپے سے اسٹارٹنگ تھی ، اب دو ڈھائی ہزار سے اسٹارٹنگ ہورہی ہے اور۲۰؍ ہزار روپے تک کا  لیڈیز سوٹ ملتا ہے ۔  بچوں کے لباس میں بھی ۱۵؍ سو  سےاسٹارٹنگ  ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK