Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیّارہ: جدید دورکے حالات اور مسائل کی کہانی پر مبنی رومانی فلم

Updated: July 19, 2025, 11:13 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

نئے اداکاروں کی موجودگی اور ان کی شاندار اداکاری فلم کو تازگی بخشتی ہےجبکہ کہانی دیکھ کر آپ بھی خود کو اس سے جڑا ہوا محسوس کرتے ہیں.

Ahan Pandey and Anit Padak can be seen in a scene from the film `Sayara`. Photo: INN
فلم’سیارہ‘ کے ایک منظرمیں اہان پانڈے اور انیت پڈا کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

سیارہ (Saiyaara)
اسٹارکاسٹ:اہان پانڈے، انیت پڈا، راجیش کمار، گیتا اگر وال، انگد راج، ورون بدولا، شاد رندھاوا، سد مکّر، عالم خان
ڈائریکٹر :موہت سوری
رائٹر :سنکلپ سدانا، روہن شنکر
 پروڈیوسر:آدتیہ چوپڑا، اکشے ودھانی
 موسیقی:ارسلان نظامی، فہیم عبداللہ، تنشک باگچی، وشال مشرا، رشبھ کانت، سچیت پرمپرا، متھن
گیت کار:ارشاد کامل، متھن، رشبھ کانت، راج شیکھر
ایڈیٹر:دیویندر مردیشور، روہت مکوانا
کوریوگرافر:وجے اے گنگولی
 ریٹنگ:****
 رومانی فلمیں بالی ووڈ کا خاصہ رہی ہیں اور اس زمرے میں یش راج فلمز کو ید طولیٰ حاصل ہے۔ آج بھی جب رومانی فلم بنتی ہے تو زیادہ پسند کی جاتی ہے کیوں کہ یش راج کے یہاں رومانی فلمیں بنانے کاانداز ہی جدا ہوتا ہے۔اس ہفتہ ریلیز ہونے والی فلم’سیارہ‘ اس کی زندہ مثال ہے۔ حالانکہ اس فلم میں نئے اداکاروں کو موقع دیا گیا ہے لیکن اداکاری کے معاملے میں انہوں نے مایوس نہیں کیا۔اس فلم کو بلاشبہ جدید دور بلکہ مستقبل کی کہانی پر مبنی فلم قرار دیا جاسکتا ہے۔ لیکن فلم کے ٹائٹل یعنی’سیارہ‘ کے جو معنی استعمال کئے گئے ہیں وہ قطعی غیر مناسب معلوم ہوتے ہیں ۔فلم دیکھنے کےبعد یش راج اسٹوڈیو میں ایک ذمہ دار شخص کو میں نے’سیارہ‘ کے معنی کا فرق سمجھایا لیکن اب شاید زیادہ دیر ہوچکی ہے، انہیں پہلے ہی اس پر غور کرنا چاہئے تھا۔ 
فلم کی کہانی
 اس کہانی میں ایک لڑکی وانی بترا(انیت پڈا) ہے جو اپنی شادی کیلئے کورٹ کے باہر اپنےعاشق اور ہونے والے شوہر کا انتظار کررہی ہےلیکن وہ فون کرکے خوش خبری دیتا ہے کہ اس کا پروموشن ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیتا ہے کہ وہ اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔ یہ سن کر ہی وہ بے ہوش ہوجاتی ہےاور اپنی زندگی کی اس تلخ ترین یاد کو بھلانےمیں اسے ۶؍مہینے لگتے ہیں ۔لیکن جب وہ اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے جاتی ہے تو اسے ایک اور نوجوان کرش کپور (اہان پانڈے) نظر آتا ہے جو ٹریفک کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئےریش ڈرائیونگ کرتا ہے، سگریٹ پیتا ہے اور دوسروں سے مارپیٹ بھی کرتا ہےجبکہ وانی اصول پسند ہے اور سگریٹ وغیرہ کے دھوئیں سے دور رہنا چاہتی ہے۔ان سب باتوں کے باوجود حالات انہیں ایک دوسرے کے ساتھ رہنے پر مجبور کرتے ہیں ۔ ایسے میں جب وانی کو کرش کی زندگی میں موجود مسائل کا علم ہوتا ہے تو وہ انہیں حل کرتی ہےاور اس کی زندگی کی الجھنیں سلجھاتی ہے۔لیکن پھر جب وانی کے مسائل کرش کو معلوم ہوتے ہیں تو وہ بھی انہیں حل کرنے کیلئے اپنا سب کچھ یہاں تک کہ کریئر بھی دائو پر لگا دیتا ہے جو کہ کبھی اس کی زندگی کا اہم ترین مقصد ہوا کرتا تھا۔اب ان کے مسائل کیا ہیں اور وہ ایک دوسرے کے مسائل کو کیسے حل کرتے ہیں یہ جاننے کیلئے آپ کو فلم دیکھنا چاہئے۔
ہدایت کاری
 ابتدائی طور پرہدایت کار موہت سوری کی ہی ایک اور فلم’عاشقی ۲‘جیسی ہی کہانی لگتی ہے۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے تو کئی فلمیں ذہن میں کوندنے لگتی ہیں جیسے کہ اجے دیوگن کی’یو می اور ہم‘ جبکہ ایک وقت میں اسے دیکھ کر سری دیوی اور کمل ہاسن کی فلم ’صدمہ‘ بھی یاد آتی ہے لیکن اس فلم کی کہانی ان سب سے قطعی مختلف ہے۔ اس فلم پہلا نصف حصہ روانی کے ساتھ بہتا چلا جاتا ہے اورآپ کو باندھے رکھتا ہےجبکہ دوسرے نصف حصے میں کئی موڑ آتے ہیں جنہیں فلمی زبان میں ’ٹوئسٹ اینڈ ٹرن‘ کہا جاتا ہے، آتے ہیں ۔ ایسے میں ہدایت کار کا یہ مخمصہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس بات کا فیصلہ نہیں کرپاتا کہ اسے کس انداز میں ختم کیا جائے۔ لیکن جیسا بھی ختم کیا گیا ہے وہ مناسب ہی ہے۔یش راج کی فلم ہونے کے ناتے موسیقیاس کا اہم پہلو ہے، ویسے یہ فلم کی ضرورت بھی تھی کہ اس میں چند ایک عمدہ قسم کے گیت شامل کئے جائیں ۔
ادا کاری
 جیسا کہ پہلے ہی کہا گیا فلم کے دونوں اہم اداکار نئے ہیں لیکن دونوں نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔کرش کے طور پر اہان پانڈےجو دراصل چنکی پانڈے کے بھتیجے ہیں ایک عمدہ کردار کے طور پر نظر آتے ہیں ۔انہوں نے مختلف تاثرات کو بخوبی پردے پر پیش کیا ہے لیکن ڈائیلاگ کی ادائیگی پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انیت پڈا نے بھی معصوم سی وانی کے کردار کو بخوبی نبھایا ہے۔باقی ساتھی اداکاروں کو زیادہ موقع نہیں ملا ہے لیکن انہیں جتنا بھی موقع ملا انہوں نے اپنا اپنا کردار عمدگی کے ساتھ ادا کیا ہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ رومانی کہانیوں کے مداح ہیں اور طویل عرصے سے کوئی عمدہ رومانی فلم نہیں دیکھی ہے تو اس فلم کوضرور دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK