Inquilab Logo

جب کوئی شیطان بنتا ہے توکسی کی بھی زندگی جہنم بنا دیتا ہے

Updated: March 09, 2024, 10:14 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اجے دیوگن اور آر مادھون کی اداکاری سے سجی اس فلم میں یہی پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے، مادھون کی عمدہ اداکاری کیلئے فلم دیکھی جاسکتی ہے۔

Ajay Devgn, Janaki Bodiwala, Jyothika and Angad Raj can be seen in a scene from the movie `Shaitan`. Photo: INN
اجے دیوگن، جانکی بوڈیوالا،جیوتیکا اور انگد راج کو فلم’شیطان‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

شیطان (Shaitaan)
اسٹار کاسٹ:اجے دیوگن، مادھون، جانکی بوڈیوالا، جیوتیکا، انگد راج،پلک لالوانی،اکرم مشرف،محمد اسلم، منوج آنند۔ 
ہدایتکار :وکاس بہل 
رائٹر:عامل کیان خان،کشن دیو یاگنک
پروڈیوسر:وکاس بہل، اجے دیوگن، جیوتی دیشپانڈے، کمار منگت پاٹھک، ابھیشیک پاٹھک،مرلی چھٹوانی،دانش دیوگن
موسیقی:امیت تریویدی
ایڈیٹنگ:سندیپ فرانسس
گیت کار : امیتابھ بھٹاچاریہ، عامل کیان خان 
کاسٹنگ:فرحان باقی
سنیماٹوگرافی:سدھاکر ریڈی، 
وژول افیکٹ:پنکج کلبندے، وشال پڈیوال
ریٹنگ: ***
 اجے دیوگن اور آر مادھون جیسے تجربہ کار اداکاروں کی اداکاری والی فلم شیطان کا ٹریلر جیسے ہی ریلیز ہواتب سے ہی امید کی جا رہی تھی کہ فلم ضرور اچھی ہوگی۔ ہمیں کالے جادو، وشیکرن اور توہم پرستی کی ایک الگ خوفناک دنیا میں لے جانے والے ٹریلر نے سوشل میڈیا پر کافی تعریفیں حاصل کیں ،لیکن آئیے اس جائزے میں جانتے ہیں کہ آیا یہ فلم ناظرین کی توقعات پر پوری اتری یا نہیں۔ 
کہانی: فلم شیطان میں دکھایا گیا ہے کہ کبیر (اجے دیوگن) اپنی بیوی جیوتی (جیوتیکا)، بیٹی جہانوی(جانکی بوڈی والا) اور بیٹے دھرو (انگد راج)کےساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن اچانک ان کی زندگی میں زلزلہ ساآجاتاہے۔ ایک دن وہ چھٹیاں منانےاپنے فارم ہاؤس جانےکا ارادہ رکھتے ہیں ، راستے میں وہ ایک ڈھابے پرونراج (آر مادھون) سے ملتےہیں۔ ونراج ایک سادہ اور بھروسہ مند شخص دکھائی دیتا ہے اور کبیر کے خاندان کا اعتماد جیت لیتا ہے۔ یہیں سے کبیر اور اس کے خاندان کے لیے مشکلات شروع ہوجاتی ہیں۔ خودکو بھگوان ماننے والاونراج جھانوی کو ایک خاص قسم کا لڈو کھلا کر اپنے قابو میں کرلیتاہے۔ دراصل وہ جہانوی کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا ہے۔ یہی نہیں وہ زبردستی کبیر کے فارم ہاؤس میں بھی گھس جاتاہے۔ اب ونراج کالے جادو کی مدد سے جانوی کے ساتھ خطرناک حرکتیں کرنے لگتا ہے۔ وہ جہانوی کو چائے پتی کھانے، نان اسٹاپ رقص کرنے، بے تہاشہ ہنسنےسے لے کر اپنے ہی ماں باپ اور بھائی پرقاتلانہ حملہ کرنے پر مجبور کردیتا ہے۔ آیا کبیر اپنی بیٹی کو ونراج کے مکروہ چنگل سے بچانے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں ، فلم کی کہانی کا کلائمکس اسی سمت موڑ دیتا ہے۔ 
ہدایتکاری:وکاس بہل کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ۲۰۲۳ءمیں ریلیز ہونے والی گجراتی سائیکولوجیکل تھریلر فلم ’وش‘ کا ریمیک ہے جسے کافی سراہا گیا تھا۔ کہانی ایک دن کی ہے، جو ایک ہی گھر میں وقوع پزیر ہوتی ہےاور وقت گنوائے بغیر اپنے موضوع پر آجاتی ہے۔ کہانی کے ٹینشن،ڈر اور خوف بھرے ماحول کو ناظرین شروع ہی سے محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس کا کریڈٹ اداکاروں خاص طور پر’شیطان‘ بنے آر مادھون اور ان کی کٹھ پتلی بنی جانکی کی شاندار اداکاری کو جاتا ہے۔ وکاس بہل کی ہدایت کاری اچھی ہے لیکن اسکرین پلے میں خامیاں ہیں جس کی وجہ فلم کو اتنا اچھا نہیں کہا جاسکتا جتنی کہ اس سے توقع کی گئی تھی۔ 
 تاہم ڈائریکٹر فلم میں اداکاروں کو بہترین انداز میں استعمال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ بیک گراؤنڈ میوزک ہلچل پیدا کرتا ہے، جبکہ سدھاکر ریڈی اور ایکانتھی کی سنیماٹوگرافی فلم کی سنسنی کو برقرار رکھتی ہے۔ 
 اداکاری :آر مادھون اس فلم کا سب سے بڑا حیران کن عنصر ہے، انہیں ایسے کردار میں دیکھنا ایک الگ تجربہ ہے۔ مادھون نے پوری فلم کو اپنے کندھوں پر اٹھایا ہے۔ اجے دیوگن کے مداح قدرے مایوس ہوں گے کیونکہ انہیں مادھون جیسا مضبوط کردار نہیں ملا، پھر بھی انہوں نے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ 
طویل عرصے بعد فلم میں نظر آنے والی جیوتیکا بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہیں لیکن مادھون کے بعد جس نے سب سے زیادہ پراثر اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے وہ جانکی بوڈی والا ہیں جو اجے کی بیٹی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی کارکردگی شائقین کو چونکا دے گی۔ جانکی کی گجراتی فلم’وش‘ میں بھی اس کردار کیلئے خوب تعریف کی گئی تھی۔ وہیں مادھون نے پھر دکھایا ہے کہ وہ کتنے عمدہ اداکار ہیں۔ اجے دیوگن اور جیوتیکا نے بھی ایک بے بس ماں باپ کی لاچاری کو اپنی آنکھوں سے بخوبی اتارا ہے، حالانکہ ناظرین کو توقع ہو سکتی ہے کہ اجے دیوگن کے حصے میں مزید کچھ عمدہ مناظر ہونا چاہئے تھے۔ 
نتیجہ:فلم کاآغازبہت ہی دلچسپ ہے اور مادھون کی اداکاری ناظرین کو حیران کردے گی۔ تاہم سیکنڈ ہاف کمزور ہے، خاص طور پر فلم کا کلائمکس ہلکا لگ سکتا ہے اور کچھ سین بچگانہ لگتےہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ فلم کے دوسرے ہاف کو جلد بازی میں مکمل کرلیا گیا ہے۔ فلم میں کالا جادو اور وشیکرن کا ایک دلچسپ پہلوہے اور جو لوگ ہارر فلموں کے شوقین ہیں، ان کیلئے یہ فلم ایک بار دیکھنے والی ہو سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK