Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیلانگ: بادلوں کے آنگن میں آباد مشرقی ہندوستان کا دلکش پہاڑی شہر

Updated: June 24, 2026, 10:28 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز پہاڑیوں، جھرنوں، جھیلوں، خوشگوار آب و ہوا اور منفرد ثقافتی ورثے کی وجہ سے ملک کے مشہورسیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

Shillong.Photo:INN
شیلانگ۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے شمال مشرقی خطے میں واقع ریاست میگھالیہ کا دارالحکومت شیلانگ اپنی قدرتی خوبصورتی، سرسبز پہاڑیوں، جھرنوں، جھیلوں، خوشگوار آب و ہوا اور منفرد ثقافتی ورثے کی وجہ سے ملک کے مشہورسیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ سطح سمندر سے تقریباً ۱۴۹۶؍ میٹرکی بلندی پر واقع یہ شہر کبھی برطانوی دور میں ’مشرق کا اسکاٹ لینڈ‘ کہلاتاتھا۔ آج بھی یہاں کی سرسبز وادیاں، دھند میں لپٹی پہاڑیاں اور پائن کے بلند و بالا درخت سیاحوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔شیلانگ نہ صرف میگھالیہ کا انتظامی مرکزہے بلکہ شمال مشرقی ہندوستان کی ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کا بھی ایک اہم مرکز مانا جاتا ہے۔ یہاں آنے والے سیاح فطرت کے حسین نظاروں کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت، روایتی بازاروں اور دلکش جھیلوں سےلطف اندوز ہوتے ہیں۔
امیئم جھیل
شیلانگ سے تقریباً ۱۵؍کلومیٹر دور واقع امیئم جھیل میگھالیہ کے سب سے مشہور سیاحتی مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ ایک مصنوعی جھیل ہےجو ۱۹۶۰ءکی دہائی میں ایک آبی ذخیرے کے طور پر وجود میں آئی تھی۔وسیع و عریض پانی، چاروں طرف پھیلی ہوئی سبز پہاڑیاں اور خاموش فضا اس مقام کو نہایت دلکش بنا دیتی ہیں۔ طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب کے وقت یہاں کا منظر خاص طور پر دل موہ لینے والا ہوتا ہے۔ سیاح یہاں بوٹنگ، کیاکنگ اور دیگر آبی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
شیلانگ پیک
شیلانگ کی سب سے بلندچوٹی شیلانگ پیک سطح سمندر سے تقریباً ۱۹۶۵؍میٹر بلند ہے۔ یہاں سے پورا شیلانگ شہر، آس پاس کی پہاڑیاں اور صاف موسم میں دور تک پھیلے بنگلہ دیش کے میدان بھی نظر آتے ہیں۔یہ مقام فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے جنت کی حیثیت رکھتا ہے۔ صبح کے وقت جب بادل پہاڑوں کے درمیان تیرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں تو منظر ناقابلِ فراموش بن جاتا ہے۔
وارڈز لیک
شیلانگ کے وسط میں واقع وارڈز لیک ایک خوبصورت مصنوعی جھیل ہے جس کے اطراف میں رنگ برنگے پھول، سبزہ زار اور پیدل چلنے کے راستے موجود ہیں۔یہ جھیل مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں کے لیے پسندیدہ تفریحی مقام ہے۔ یہاں کشتی رانی کی سہولت بھی موجود ہے۔ شام کے وقت جھیل کے کنارے چہل قدمی ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوتی ہے۔
 
 
ڈان بوسکو میوزیم
شمال مشرقی ہندوستان کی ثقافت اور تاریخ کو سمجھنے کے لیے ڈان بوسکو میوزیم ایک بہترین مقام ہے۔۷؍منزلہ اس میوزیم میں شمال مشرقی ریاستوں کی تہذیب، روایتی لباس، موسیقی، فنون، رہن سہن اور تاریخی ورثے سے متعلق ہزاروں نوادرات محفوظ ہیں۔ اس کی بالائی منزل سے شیلانگ شہر کا خوبصورت نظارہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ایلیفینٹ فالز
ایلیفینٹ فالزشیلانگ کے معروف ترین آبشاروں میں شامل ہے۔ اس جھرنے کا نام برطانوی دورمیں ایک بڑے پتھر کی وجہ سے رکھاگیا تھا جو ہاتھی سے مشابہت رکھتا تھا، اگرچہ وہ پتھر اب موجود نہیں ہے۔۳؍ سطحوں پر بہنے والا یہ جھرنا اپنی خوبصورتی اور آسان رسائی کی وجہ سے سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔ بارش کے موسم میں اس کی روانی اور حسن مزید بڑھ جاتا ہے۔
لیڈی حیدری پارک
لیڈری حیدری پارک شیلانگ کا ایک خوبصورت عوامی پارک ہے جس کا نام آسام کے سابق گورنر کی اہلیہ کے نام پر رکھا گیا تھا۔یہ پارک اپنی جاپانی طرز کی باغبانی، رنگین پھولوں اور بچوں کے لیے تفریحی سہولتوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ پارک کے اندر ایک چھوٹا سا چڑیا گھر بھی موجود ہے۔
 
 
پولیس بازار
شیلانگ کا سب سے مصروف تجارتی علاقہ پولیس بازار ہے۔ یہاں مقامی دستکاری، بانس سے بنی اشیاء، روایتی ملبوسات، خشک میوہ جات، مقامی مصالحے اور یادگاری تحائف خریدے جاسکتے ہیں۔ شام کے وقت یہ علاقہ روشنیوں اور سیاحوں کی چہل پہل سے بھر جاتا ہے اور اس کے حسن دوبالا ہوجاتا ہے۔
لائٹلم کینیون
شیلانگ سے کچھ فاصلے پر واقع لائٹلم کینیون میگھالیہ کے سب سے دلکش قدرتی مقامات میں شمار ہوتی ہے۔مقامی زبان میں ’لائٹلم‘کا مطلب ’پہاڑیوں کا اختتام‘ ہے۔ یہاں سے نیچے پھیلی ہوئی وادیاں، دور دراز دیہات اور بادلوں کا سمندر ایسا منظر پیش کرتے ہیں جو سیاح زندگی بھر نہیں بھول پاتے۔ اس کے علاوہ یہاں سویٹ فالز، شیلانگ گولف کورس بھی دیکھنے لائق مقامات ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK