Inquilab Logo

کام دھینو: اندھیری میں چھوٹی سی جگہ پر شاپنگ کا بھرپور انتظام

Updated: March 19, 2024, 9:36 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اندھیری میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع اس چھوٹے سے مال میںکپڑے،جویلری، تحفےتحائف اور کھانے پینے کا سامان بھی فروخت ہوتا ہے۔

Kamadhenu Shopping Centre. Photo: INN
کام دھینو شاپنگ سینٹر۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں بڑے بڑے مالز کے علاوہ کئی چھوٹے چھوٹے مالز بھی موجود ہیں۔ آج ہم ایسے ہی ایک چھوٹے سے مال کا تعارف لے کر حاضر ہوئے ہیں۔ اندھیری ممبئی مضافات کا مرکزی علاقہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس پر یہاں واقع لوکھنڈوالا جیسے علاقےسب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ میٹرو ٹرین اسٹیشن کی وجہ سے بھی یہ علاقہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ یہاں ممبئی کی ۲؍میٹرو لائنوں یعنی میٹرو ون اور میٹرو۲؍دونوں کے اسٹیشن موجود ہیں اور محض ایک سیڑھی کی مدد سے ڈی این نگر میٹرو اسٹیشن سے اندھیری ویسٹ میٹرو اسٹیشن میں داخل ہوسکتے ہیں۔ انہی میٹرو اسٹیشنوں کے قریب ایک چھوٹا ساشاپنگ سینٹر’کام دھینو‘ واقع ہے۔ اس مال میں مختلف قسم کا سامان خریدنےکی دکانیں موجود ہیں جہاں سے آپ اپنی پسند کی چیزیں خریدسکتےہیں۔ آئیے یہاں کی چند دکانوں کاجائزہ لیتے ہیں۔ 
خوبصورت جویلری
 جیسے ہی آپ کام دھینو شاپنگ سینٹر میں داخل ہوتےہیں آپ کو لائن سےچمکتے ہوئے خوبصورت زیورات دیکھنے کو ملیں گے۔ انہیں دیکھ کر آپ اپنی نظریں ان پر سے ہٹانہیں پائیں گے۔ بیوٹی آرٹس نامی ایک چھوٹی سی دکان میں آپ کو پتھر سے بنے ہوئے خوبصورت گلے کے ہار، بندے، نتھنی اور ایسے ہی دیگر زیورات کے علاوہ ہیٹس اور کیپس بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ صرف خواتین ہی نہیں بلکہ یہاں مردوں کیلئے بھی گلے اور ہاتھ میں پہننے کیلئے سامان مل جائے گا۔ اگر آپ سلمان خان کے فین ہیں اور آپ کو ان کی پہچان بن چکی ہاتھ کی چین جس میں نیلے رنگ کا پتھر ہوتا ہے ضرور پسند ہوگا۔ آپ اس کی نقل خود اپنے لئے یہاں سے خرید سکتے ہیں۔ 
 کپڑوں کیلئے
 جویلری کے علاوہ یہاں کپڑوں کی بھی کئی دکانیں موجود ہیں جن میں شلپی کڈس نامی ایک دکان بھی شامل ہے۔ شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے کے بعد جو پہلی بڑی دکان آپ کو نظر آئے گی وہ شلپی کڈس کی ہی دکان ہے جہاں سے آپ دلکش کاٹن ٹاپس، کفتان، شرگ، پلازو اور ایسے ہی متعدد قسم کے کپڑے یہاں خریدے جاسکتے ہیں۔ عید اور ایسے ہی دیگر مواقع کیلئے کپڑے خریدنے کے علاوہ آپ عام طور پر روزمرہ کے استعمال کے کپڑے بھی یہاں سے خرید سکتے ہیں۔ یہاں کی کوالیٹی شاندار ہوتی۔ یہاں پر بڑوں کے علاوہ بچوں کے کپڑوں کا بھی سیکشن موجود ہےجہاں سے آپ اپنی چھوٹی بچیوں کیلئے شاندار فراک وغیرہ بھی خرید سکتی ہیں۔ 
جیو خود اپنے لئے
 اگر آپ خریداری کرتے کرتے اور شاپنگ کے بیگ اٹھائے اٹھائےتھک گئے ہوں تو خوداپنی دیکھ بھال کیلئے کچھ وقت نکال سکتی ہیں۔ اس کیلئے آپ کو کہیں زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں بلکہ اس کا بھی کام دھینو مال کے اندر ہی انتظام ہے۔ یہاں ہرشا اینڈ راکیش سیلون موجود ہے۔ چند پروفیشنلز کی اس ٹیم کے لوکھنڈوالا میں ۴؍ سیلون ہیں جن میں سے ایک کام دھینو شاپنگ سینٹر میں واقع ہے۔ یہاں خواتین کے بال سیٹ کرنے اور سر کا مساج کرنے جیسی سہولیات موجود ہیں۔ 
مردوں کے بال کاٹنے کیلئے
 خواتین کے علاوہ یہاں مردوں کے بال کاٹنے کا بھی انتظام ہے۔ اس کیلئے یہاں سٹیزن نامی سیلون موجود ہے۔ یہ سیلون ۱۰؍کا تجربہ رکھتا ہے۔ اگر آپ کو لگتاشاپنگ سینٹر کے اندر ہونے کی وجہ سے یہ سیلون مہنگا ہوگا تو آپ غلط ہیں۔ اس سیلون میں بال کاٹنے، سر کے مساج اور فیشل جیسی سہولیات کفایتی داموں پردستیاب ہیں۔ یہاں سال کے۱۲؍مہینے ڈسکائونٹ رہتا ہے۔ 
لذت کام و دہن
 شاپنگ کے بعد بھوک لگنا تو لازمی ہے اس لئےل یہاں ہوٹل بھی موجود ہے۔ بنیادی طور پر یہاں نسان ہاٹ رول نامی دکان ہے جہاں کئی طرح کے ذائقے دار چکن رول ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں پر بھونا، ہاٹ گارلک اور ٹکا فرینکی جیسی ڈشیز دستیاب ہیں جنہیں کھا کر آپ کا بیٹ اور دل دنوں بھر جائیں گے۔ اس کے علاوہ کئی طرح کے جوس اور ملک شیک بھی ملتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK