یہ برانڈ روزانہ نئے اسٹائل متعارف کرواتا ہے،تیزی سے بدلتے رجحانات کے مطابق مردوں کے ملبوسات تیار کئے جاتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 23, 2025, 1:49 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہ برانڈ روزانہ نئے اسٹائل متعارف کرواتا ہے،تیزی سے بدلتے رجحانات کے مطابق مردوں کے ملبوسات تیار کئے جاتے ہیں۔
لباس انسان کی شخصیت کا آئینہ ہوتا ہے۔بدلتے وقت کے ساتھ فیشن کی دنیا میں بھی نت نئے رنگ اور انداز ابھرتے ہیں، مگر ہر برانڈیہ ہنر نہیں جانتا کہ نوجوان نسل کے بدلتے ذوق کو کس طرح فوری طور پر اپنایا جائے۔ ایسے میں اِسنیچ’Snitch‘ نے مردانہ فیشن کے میدان میں ایک نئی پہچان بنائی ہے۔
آغاز اور بنیاد
۲۰۱۹ءمیں سِدھارتھ ڈنگروال نے اس برانڈ کی بنیاد رکھی۔ ابتدا میں یہ صرف بی۲؍بی ماڈل پر چلتا تھا، یعنی اِسنیچ اپنے تیار کردہ پوشاک دوسرے بڑے ریٹیلرز کو فراہم کرتا، جو انہیں اپنے برانڈکے تحت بیچا کرتے تھے۔ لیکن وقت کا دھارا بدلا۔جب۲۰۲۰ءمیں ’کووڈ ۱۹؍ کی وبا اور لاک ڈاؤن نے بازاروں کے دروازے بند کر دیے، تو اِسنیچ نے اپنی حکمتِ عملی میں بڑی تبدیلی کی۔ اس نے براہِ راست صارفین تک پہنچنے کا فیصلہ کیا اور ڈی ۲؍ سی یعنی ڈائریکٹ ٹو کسٹمر ماڈل کو اپنایا۔ یہ فیصلہ اس کے لیے گیم چینجر ثابت ہوا، اور آن لائن دنیا کے ذریعےاِسنیچ تیزی سے نوجوانوں کے دل میں گھر کرنے لگا۔
برانڈ کی خصوصیات
اِسنیچ کی کامیابی کی کئی وجوہات ہیں، مگر سب سے نمایاں اس کی وہ حکمتِ عملی ہے جس کے تحت یہ برانڈروزانہ نئے اسٹائلز متعارف کراتا ہے۔ نوجوانوں کے بدلتے ذوق اور تیز رفتار رجحانات پر نظر رکھتے ہوئےاِسنیچ اپنے ڈیزائن اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے۔ جدید پرنٹس، اوورسائزڈ شرٹس، اسمارٹ کو-آرڈ سیٹ اور ڈینم جینز اس کی پہچان بن چکے ہیں۔اس برانڈ کی ایک اور بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اسٹائل کو مہنگائی کے جال میں قید نہیں کرتا۔اِسنیچ نے متوسط طبقے کے صارف کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ملبوسات کی قیمتیں ایسی رکھی ہیں کہ عام نوجوان بھی انہیں خرید سکے۔ برانڈ کا دعویٰ ہے کہ اس نے اپنے کپڑے ہندوستانیوں کی جسمانی ساخت کے مطابق ڈیزائن کیے ہیں۔ اکثر بڑے برانڈ مغربی یا یورپی ماڈلز کے حساب سے ڈیزائن کرتے ہیں، جو ہر کسی پر نہیں جچتے۔ اِسنیچ نے یہ خلا پُر کیا اور مقامی صارفین کو اپنے قریب کر لیا۔
تشہیر اور ترقی
اِسنیچ کی ترقی میں سوشل میڈیا کا بڑا کردار ہے۔ انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر اس کی دلکش تشہیری مہمات اور تخلیقی انداز نوجوانوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ صارفین کے تاثرات پر فوری عمل بھی اس برانڈ کی نمایاں خوبی ہے۔ اگر کوئی لباس زیادہ عرصہ نہ بکے تو اسے فوراً ہٹا دیا جاتا ہے اور نئے رجحانات کے مطابق کپڑے متعارف کرا دیے جاتے ہیں۔
مالی کامیابیاں
اِسنیچ نے محض۵؍سال کے اندر۵۰۰؍کروڑ روپے کے ریونیو کا سنگ میل چھونے کا ہدف حاصل کر لیا۔ حال ہی میں اس نے۲۷۸؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری بھی حاصل کی ہے، تاکہ اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے سکے۔ اس برانڈ کی آن لائن خریداری کیلئے آپ کو ان کی ویب سائٹ https://www.snitch.com/ پر جانا ہوگا۔ آج یہ برانڈ صرف آن لائن نہیں بلکہ آف لائن اسٹورز بھی تیزی سے کھول رہا ہے۔
مصنوعی زیورات
اِسنیچ نے ملک کے مختلف شہروں میں اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔ ممبئی جیسے بڑے اور فیشن پرست شہر میں بھی اس کے اسٹورز کھل چکے ہیں۔ ملک کے ۴۲؍شہروں میں اس کے ۸۵؍اسٹور کھل چکے ہیں جن میں سے مہاراشٹر بھر میں اس کے ۱۵؍اسٹور ہیں جبکہ ممبئی اور قب و جوار میں اس کے۹؍اسٹور ہیں۔ ممبئی میںقلابہ، اندھیری کے انفنیٹی مال، ملاڈ کے انفنیٹی مال، واشی کے اِن آربٹ مال، کھار میں لنکنگ روڈ، بوریویلی کے اسکائی سٹی مال کے علاوہ دہیسر، کلیان میٹرو جنکشن اور ڈومبیولی کے لودھا ایکسپیریا مال میں اس کے اسٹور موجود ہیں جہاں سے آپ شاپنگ کرسکتے ہیں۔