دھرما پروڈکشن کی ’اسٹونڈنٹ آف دی ایئر‘ سلسلے کی تیسری پیشکش کو ایک مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے جس میں طلبہ کے ساتھ قتل اور سنسنی خیزواقعات ہیں۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 2:19 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
دھرما پروڈکشن کی ’اسٹونڈنٹ آف دی ایئر‘ سلسلے کی تیسری پیشکش کو ایک مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے جس میں طلبہ کے ساتھ قتل اور سنسنی خیزواقعات ہیں۔
اسٹوڈنٹ آف دی ایئر: آفٹر ڈارک
(Student of the Year: After Dark)
اسٹریمنگ ایپ :جیو ہاٹ اسٹار(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:شنایا کپور، ابھیشیک خان، انوشری شکلا
ڈائریکٹر:ریما مایاlرائٹر:ریما مایا، سہیل نیئر،گریما پٹیالوی
پروڈیوسر:کرن جوہر، ریما مایا، اپوروا مہتا، شتیج پرساد
موسیقار:اچنت ٹھکر lسنیماٹوگرافی:ارپت بھردے
ایڈیٹر:ویراج گدوڑیا، تانیا چھابریا
کاسٹیوم ڈیزائن:لو دیپ گلیانی، سلونی مہیندرو
پروڈکشن منیجر:صائم شیخ
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: ویب سیریز اکّا میں خواتین کی حکمرانی لیکن کمزور کہانی دیکھنے کو ملتی ہے
جب اسکول اور کالج کی آپسی دشمنی جان لیوا بن جائے تو کیا ہوتا ہے؟ ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر: آفٹر ڈارک‘ میں ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘فرنچائز کے نوجوانوں کے رومانس اور کیمپس کی چمک دمک کی جگہ قتل،پراسرار واقعات اور نفسیاتی سنسنی نے لے لی ہے۔ ریما مایا کی ہدایت کاری میں بننے والی ۶؍اقساط پر مشتمل یہ ویب سیریز بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم فرنچائز کو ایک تاریک اور سنسنی خیز رنگ دیتی ہے۔
کہانی
معروف سینٹ ٹریسا ہیریٹیج اسکول کی سب سے مقبول طالبہ عائشہ ملک (شنایا کپور) ایک جمی ہوئی جھیل میں مردہ پائی جاتی ہے۔ اس کی پراسرار موت سے پورے کیمپس میں ہلچل مچ جاتی ہے۔ عائشہ کی جڑواں بہن ادیتی (شنایا کپور) یہ ماننے کو تیار نہیں کہ اس کی بہن کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آیا ہے۔ وہ خود اس کی موت کا راز جاننے کے لیے اپنی بہن کی الجھی ہوئی دنیا میں قدم رکھتی ہے۔ یہ ایسی دنیا ہے جہاں بظاہر ہر چیز بہترین دکھائی دیتی ہے، لیکن اندرونی طور پر حالات بالکل مختلف ہیں۔ ادیتی اپنی بہن کی موت کا سچ جاننے کے لیے سینٹ ٹریسا میں داخلہ لیتی ہے۔ وہاں اسے اپنی بہن کی دوستیوں کے پیچھے چھپی تلخ دشمنیوں، دوسرے طلبہ کے حسد، عدم تحفظ اور کئی گہرے رازوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جیسے جیسے وہ عائشہ کے قریبی لوگوں سے سوالات کرتی ہے، اسے اپنی بہن کی زندگی کے ایسے پہلوؤں کا علم ہوتا ہے جن سے وہ بالکل ناواقف تھی۔ آہستہ آہستہ اس کی تفتیش شکوک و شبہات کے ایک ایسے جال میں تبدیل ہو جاتی ہے جہاں کئی انکشافات ہوتے ہیں اور بالآخر کہانی ایک چونکا دینے والے انجام تک پہنچتی ہے۔
ہدایت کاری
ریما مایا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ٹین ڈراما سیریز بڑی حد تک ہسپانوی تھرلر ’ایلیٹ‘ (Elite) سے متاثر محسوس ہوتی ہے۔ خاص طورپر امیر اور بااثر طلبہ، کیمپس کی دشمنیوں اور قتل کے واقعات کو جس انداز میں پیش کیاگیا ہے، اس میں اس سیریز کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریائی تھرلر سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کی بھی کچھ مماثلت نظر آتی ہے، بالخصوص طلبہ کے درمیان مقابلے اور ان کےبلند عزائم کی عکاسی میں۔ تاہم یہ موازنہ پوری طرح درست نہیں کہا جا سکتا، کیونکہ کیمپس کی زندگی کے حوالے سے سیریز ایک دلچسپ زاویہ تو پیش کرتی ہے، لیکن اپنے راز کو اتنی گہرائی سے آگے نہیں بڑھا پاتی جس کی توقع کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چار یار: دوستی، لالچ اور جرائم کی دنیا کی کہانی جو بھرپور تفریح فراہم کرتی ہے
کہانی میں بتدریج سامنے آنے والے انکشافات ناظرین کی سوچ کو چیلنج کرتےہیں۔ کرداروں کے درمیان بدلتے ہوئے رشتے سسپنس میں اضافہ کرتے ہیں، جب کہ ادیتی کا غم اور اس کی ذہنی کیفیت تفتیش میں ایک جذباتی پہلو بھی شامل کرتی ہے۔ اس کے باوجود یہ پراسرار کہانی پوری سیریزکے دوران ناظرین کو مسلسل اپنے ساتھ باندھے رکھنے میں ناکام رہتی ہے۔ اس کی بڑی وجہ سست رفتار، کہانی کا اصل موضوع سے بھٹکنا اور کرداروں کی نامکمل تشکیل ہے۔ ان خامیوں کے باعث اہم واقعات بھی وہ اثر پیدا نہیں کر پاتے جو ان سے متوقع ہوتا ہے۔ بعض واقعات کو مزید وضاحت کے ساتھ پیش کرنے کی ضرورت تھی، جب کہ کئی کردار مکمل طور پر نکھرنے کے بجائے محض خاکے بن کر رہ جاتے ہیں۔ نتیجتاً آخری موڑ خاصا مؤثر ہونے کے باوجود ناظرین پر گہرا اثر نہیں چھوڑ پاتا۔
اداکاری
شنایا کپور کو دوہرا کردار ادا کرنے کے ذریعے بطور اداکارہ ایک مختلف تجربہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے عائشہ کی پراعتماد اور مقبول شخصیت کو ادیتی کےکمزور اور جذباتی طور پر پریشان مزاج سے الگ دکھانے کی کوشش کی ہے۔ ادیتی کے کردار میں ان کی اداکاری، خصوصاً غم، تنہائی اور شکوک و شبہات سے بھرے مناظر میں، خاصی قابلِ یقین محسوس ہوتی ہے۔
سیریز کے معاون فنکاروں میں دیویک شرما، ابھینو سنگھ، مانیا گروور، دیا دامنی اور آدی ملک شامل ہیں، جو کیمپس کے ماحول کو حقیقت سے قریب تر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ دوسری جانب شیبا چڈھا، خالد صدیقی، نیرج کبی اور وویک گومبر کی موجودگی کہانی کو مزید قابلِ اعتبار بناتی ہے۔ تاہم اسکرین پلے میں ہر کردار کو اپنی الگ شناخت قائم کرنے کا مناسب موقع نہیں مل سکا۔
یہ بھی پڑھئے: دوپہیہ۲: گائوں کی سیدھی سادی زندگی سے بڑے مسائل تک پیش کرتی ہے
نتیجہ
مجموعی طور پر ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر: آفٹر ڈارک‘ ایک معروف فلمی فرنچائز کو قتل، پراسرار واقعات اور نوجوانوں کے بلند عزائم کے امتزاج سے ایک نیا اور جرأت مندانہ رنگ دینے کی کوشش ہے۔