اسکرین ۶ء۷۴؍ انچ بڑا، ۸ء۱۹؍ملی میٹر پتلا اور وزن بھی ۱۸۲؍گرام یعنی کافی کم ہے، بیٹری ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے جوبہت چلتی ہے۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 11:46 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اسکرین ۶ء۷۴؍ انچ بڑا، ۸ء۱۹؍ملی میٹر پتلا اور وزن بھی ۱۸۲؍گرام یعنی کافی کم ہے، بیٹری ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے جوبہت چلتی ہے۔
آج کےدور میں اسمارٹ فون محض ایک آلہ نہیں رہ گیا ہے، بلکہ انسان کی روزمرہ زندگی کا ایسا حصہ بن چکاہے جیسے جسم کا کوئی عضو ہو۔ جو چیز کبھی عیش و عشرت کی علامت سمجھی جاتی تھی، وہ اب ضرورت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ہر فرد کے لیے اس کا موبائل فون اس کی ذاتی دنیاکا عکس بن گیا ہے۔ مگر پچھلے ایک سال کے دوران فونز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس کی بڑی وجہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)کےبڑھتے ہوئے استعمال کو قرار دیا جا رہا ہے، جس نے میموری اور اسٹوریج بنانے والی کمپنیوں کو اپنی سپلائی کا رخ بدلنے پر مجبور کیا۔ یوں اسمارٹ فون صنعت ایک عبوری دور سے گزر رہی ہے، جہاں قیمتوں کی درجہ بندی نئی شکل اختیار کر رہی ہے اور بجٹ فون کی تعریف بھی بدلتی جا رہی ہے۔
قیمت
اسی بدلتے منظرنامے میں ٹیکنو اسپارک گو۳؍جیسے بجٹ اسمارٹ فونز سامنے آ رہے ہیں۔ اس فون کی قیمت ۸؍ ہزار ۹۹۹؍ روپےہے، اس میں ۴؍جی بی ریم اور۶۴؍جی بی اسٹوریج ہے۔
ڈیزائن
جیسے ہی آپ ٹیکنو اسپارک گو۳؍کوہاتھ میں لیتے ہیں، سب سے پہلی چیز جو محسوس ہوتی ہے وہ اس کا ہلکا وزن ہے، جو تقریباً ۱۸۲؍ گرام سے کچھ زیادہ ہے۔ موجودہ رجحان کے مطابق اسے باریک اورہلکا رکھا گیا ہے، اس کی موٹائی محض۸ء۱۹؍ملی میٹر ہے، جو اس قیمت کے زمرے میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ تاہم، اس کا بڑا سائز اسے ایک ہاتھ سے استعمال کیلئے کچھ مشکل بنا دیتا ہے، خاص طور پر اسکرین کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچنا آسان نہیں رہتا۔ پاور بٹن اور والیوم بٹن دائیں جانب موجود ہیں، مگر ان کی ترتیب مکمل طور پر موزوں نہیں لگتی۔ پاور بٹن تو انگوٹھے کی دسترس میں آ جاتا ہے، لیکن والیوم بٹن تک پہنچناقدرے مشکل ہوتا ہے۔ اس کے باوجود، اس کی ہلکی اور باریک ساخت کے باعث لمبے وقت تک اسے ہاتھ میں تھامے رکھنا یا ویڈیوز دیکھنا اور گیمز کھیلنا کسی دقت کا باعث نہیں بنتا۔
ڈسپلے
اس فون میں ۶ء۷۴؍انچ کا بڑا ڈسپلے دیا گیا ہے، جو یوٹیوب ویڈیوزدیکھنے، فلمیں چلانے یا گیم کھیلنے کے لیے موزوں ہے۔ تاہم، استعمال کے دوران اس کی کارکردگی یکساں نہیں رہتی۔
یہ بھی پڑھئے: آئی کیو ۱۵؍آر: عمدہ کارکردگی پیش کرنے والا اسمارٹ فون
ہارڈ ویئر
جہاں تک کارکردگی کا تعلق ہے، یہ اپنی قیمت کے لحاظ سے ایک قابلِ اعتماد فون ثابت ہوتا ہے۔ روزمرہ استعمال میں اس میں شاذ و نادر ہی کوئی کمی محسوس ہوتی ہے۔ اس میں دیا گیاچپ سیٹ یونیسیک ٹی۷۲۵۰؍عام کاموں جیسے انٹرنیٹ براؤزنگ، سوشل میڈیااسکرولنگ یا ویڈیوز دیکھنے کے لیے کافی ہے۔
کیمرہ
کیمرہ کے شعبے میں یہ فون کچھ خاص متاثر نہیں کر پاتا۔ اس میں ۱۳؍میگا پکسل کا سنگل کیمرہ دیا گیا ہے، جو توقعات پر پورا نہیں اترتا۔ تصاویر میں رنگ کچھ حد تک پھیکےمحسوس ہوتے ہیں اور وضاحت کی کمی نمایاں ہے۔ کمپنی کی امیج پروسیسنگ بھی اس کمی کو پورا نہیں کر پاتی۔ جب۲؍گناڈیجیٹل زوم استعمال کیا جائے تو تصویر کی کوالیٹی مزید گر جاتی ہے اور پکسلز ٹوٹتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔
بیٹری
اگر کوئی شعبہ ہے جہاں یہ فون خود کو سنبھالتا ہے تو وہ بیٹری ہے۔ اس میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہےجوعام استعمال میں ڈیڑھ دن تک آرام سے چل جاتی ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۶ء۷۴؍انچ امولیڈ
وزن
۱۸۲ء۶؍گرام
ریفریش ریٹ
۱۲۰؍ہرٹز
پروسیسر
یونیسوک ٹی ۷۲۵۰
ریم
۴؍ جی بی
اسٹوریج
۶۴؍ جی بی
مین کیمرہ
۱۳؍میگا پکسل
سیلفی کیمرہ
۸؍میگا پکسل
بیٹری
۵؍ہزارایم اے ایچ
فاسٹ چارجنگ
۱۵؍واٹ
چارجر
بکس میں موجود ہے