Inquilab Logo

ایک ہوٹل کا’دی نائٹ منیجر‘ پورے ملک کا رکھوالا بن گیا

Updated: July 02, 2023, 4:29 PM IST | Muhammad Habib | Mumbai

انل کپور اور آدتیہ رائے کپور جیسے بڑے فنکاروں کی اداکاری سےسجی ایکشن اور سنسنی سے بھرپور ویب سیریز، کہانی میں کئی موڑ دکھائے گئے ہیں

Anil Kapoor and Aditya Roy Kapur together in a scene from the web series The Night Manager. Photo. INN
ویب سیریز ’دی نائٹ منیجر‘کے ایک منظر میں انل کپور اور آدتیہ رائے کپور ایک ساتھ ۔ تصویر:آئی این این

دی نائٹ منیجر (پارٹ ۔۲)
 اسٹریمنگ ایپ : ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار (۳؍ ایپی سوڈز،مجموعی: ۷؍)
اسٹار کاسٹ:انل کپور،آدتیہ رائے کپور،ٹلوتما شوم،سوبھیتا دھولیپالا، روی بہل، ساسوت چٹرجی، آنند وکاس پوٹ دُکھے،جوائے سین گپتا، رخسار رحمان،بھوپندر سنگھ نیگی،ارستا مہتا

ہدایتکار:پرینکا گھوش، سندیپ مودی 

مصنف: سندیپ مودی،سری دھرراگھون

پروڈیوسر: امرتا سین، پریتی زنٹا، سہیل عباس، گورو بنرجی، راجیش چڈھا اور دیگر

میوزک ڈائریکٹر:  سیم سی ایس

سنیماٹوگرافر:بینجامن جیسپر، انیک رام ورما 
ایڈیٹر:پریکشت جھا،پریتم کلور

ریٹنگ: ***

زندگی میں کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم ایک پرسکون زندگی جی رہے ہوتے ہیں لیکن ہمارے سامنے ایسے حالات پیش آجاتے ہیں جب ہمیں فیصلہ کرنا ہوتا ہےکہ آیاہم  جو کچھ کررہے ہیں وہی کافی ہے یا ایک بڑے مقصد کو ہماری ضرورت ہے اور ہم کچھ ایسا کرجائیں کہ ہماری ذات سے دوسروں کا بھی فائدہ ہوسکے۔ ایسے ہی ایک نوجوان کی کہانی مشہور ویب سیریز ’دی نائٹ منیجر‘ میں پیش کی گئی ہے۔اس سیریز کےپہلے حصے کے طور پر ۴؍ ایپی سوڈ فروری میں ہی ریلیزکردیئے گئے تھے اوراس وقت سے ہی اس کے دوسرے حصے کا بے صبری سے انتظار کیا جارہاتھا۔ جمعرات ۲۹؍جون ۲۰۲۳ء کو اس کا دوسرا حصہ بھی ریلیزکردیا گیا ہے جس میں ۳؍ایپی سوڈ شامل ہیں۔ اس طرح اس سیریز کےپہلے سیزن میں مجموعی طور پر ۷؍ایپی سوڈ ہیں۔  دوسرے حصہ کو سمجھنے کیلئے اس کا پہلا حصہ لازمی ہے کیوں کہ اس کی کہانی ابتدائی ۴؍ایپی سوڈ سے آگے کی کہانی ہے اور اسی سے مربوط ہے۔
موضوع: اس ویب سیریزکا  موضوع ایک ایسا سابق فوجی ہے جو بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منیجر کے عہدے پرفائز ہے لیکن اس کی ڈیوٹی رات کے وقت ہوتی ہے۔ اس دوران آنےوالے افراد کا خیال رکھنااس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ لیکن اس کاسامنے کچھ ایسے لوگوں سے ہوجاتا ہے جوکاروبار کے نام پر ہتھیاروں کاغیر قانونی کاروبار کرتے ہیں۔ سماج میں ان کی گنتی سفید پوش افراد میں ہوتی ہے لیکن  وہ دراصل معاشرے کیلئے سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ستم بالائے ستم یہ کہ انہیں اعلیٰ ترین عہدے داروں اور با اثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے۔جنہیں ان کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے وہ ہی انہیں تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
کہانی:جیسا کہ مندرجہ بالا سطور میں بتایا گیا ہے کہ ویب سیریزکاہیروشان سین گپتا(آدتیہ رائے کپور) فائیو اسٹار ہوٹل کا نائٹ منیجر ہے۔ میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں کی وجہ سے بنگلہ دیش میں افراتفری کا ماحول ہے ۔ایسے میں طیاروں کی پرواز متاثر ہے اور بہت سارے افراد ہوٹل میں آرہے ہیں۔ ایسے میں اسے ایک ۱۴؍ سالہ بچی سفینہ قدوائی(ارستہ مہتا)نظر آتی ہے۔اس کے تعلق سے معلوم ہوتا ہےکہ وہ مشہور بزنس مین فریڈی رحمان(ریش لامبا) کی بیوی ہے۔ فریڈی کے چنگل سے آزاد ہونے کیلئےسفینہ، شان سے مدد مانگتی ہے اور اس کے بدلے میں اس کے کالے کارناموں کا ثبوت فراہم کرتی ہے۔شان وہ ثبوت ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں تک پہنچا دیتا ہے لیکن یہ خبر فریڈی تک پہنچ جاتی ہے اور وہ سفینہ کو ہوٹل  سے نیچے پھینک کر قتل کردیتا ہے۔شان کو معلوم پڑتا ہے کہ فریڈی محض ایک مہرہ ہے جبکہ اصل توشیلندر رنگٹا(انیل کپور) ہے جو ہتھیاروں کا بہت بڑا کاروباری ہے اور پوری دنیا میں ہتھیار فروخت کرتا ہے۔ ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی رکن  لپیکا سائیکیا رائو(ٹلوتما شوم)  سفینہ کوبحفاظت نکالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکامی کے بعد شان کو اپنی مدد کرنےپررضامند کرلیتی ہے اور اسے رنگٹا کے گینگ میں شامل کروادیتی ہے۔یہاں آکر شان کو دھیرے دھیرےمعلوم ہوتا ہےکہ رنگٹا کس قدر خطرناک ہتھیاروں کی تجارت کرتا ہے کہ اگر یہ ملک کے کسی دشمن کو مل جائیں تو ملک کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔ پھر شان کو معلوم ہوتا ہے کہ رنگٹا واقعی ان ہتھیاروں کو ملک کے ایک دشمن کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ ایسا نہیں ہونے دے گا اور اس کیلئے اپنی جان کی بازی بھی لگانے کیلئے تیار ہوجاتا ہے۔کیا وہ  اس سودے کو روک پاتا ہے یہ جاننے کیلئے آپ کو ویب سیریز ’دی نائٹ منیجر‘ شروع سے آخر تک دیکھنا ہوگا۔
ہدایت کاری: مجموعی طور پر۷؍ایپی سوڈ پر مشتمل ویب سیریز  کے۲؍ ڈائریکٹر اورمتعدد پروڈیوسر ہیں۔دونوں ڈائریکٹروں پرینکا گھوش اورسندیپ مودی نےبہت ہی عمدہ کام کیا ہے۔ ہر کردار کو اپنی جگہ بہترین طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
اداکاری: انیل کپورجیسےمنجھے ہوئے اداکار سے بہترین اداکاری کی امید کی جاسکتی ہے اور وہ اس امید پر کھرے اترے ہیں۔ آدتیہ رائےکپور نے بھی اچھی اداکاری کامظاہرہ کیا ہے۔غیر مشہورفلموں کا غیر معروف چہرہ ہونے کے باوجودٹلوتما شوم  نے ایک ایماندار ’را‘ایجنٹ کے طور پر مناسب ترین اداکاری پیش کی ہے۔یہاں تک کہ برجپال کے کردار میں ساسوت چٹرجی نے بھی بہترین رول نبھایا ہے۔
ایڈیٹنگ: پریکشت جھااورپریتم کلورنےاس کی ایڈیٹنگ کیلئےبھی کافی محنت کی ہے اور کوئی فضول منظر نہیں رہنے دیا۔
نتیجہ: حالانکہ آج کل بے شمار فلمیں اور ویب سیریز بنائی جارہی ہیں لیکن ان میں سے کچھ  ہی شہرت حاصل کرپاتی ہیں، انہیں میں ’دی نائٹ منیجر‘شامل ہے۔ شاید اس کی ایک وجہ یہ رہی ہو کہ یہ اسی نام کی ۶؍ایپی سوڈ والی برطانوی ویب سیریزپر بنائی گئی ہے۔اگر آپ نےبرطانوی ویب سیریزنہیں دیکھی ہے تو اس کا ہندوستانی ورژن دیکھ کر بھی اس کمی کو پورا کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK