کرن جوہر کے پروڈکشن ہائوس سے ایک اورفلم جس کے ذریعہ رواجوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، کارتک آرین کی اداکاری اچھی ہے۔
EPAPER
Updated: December 27, 2025, 11:32 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
کرن جوہر کے پروڈکشن ہائوس سے ایک اورفلم جس کے ذریعہ رواجوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، کارتک آرین کی اداکاری اچھی ہے۔
تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری
(Tu Meri Main Tera Main Tera Tu Meri)
اسٹارکاسٹ: کارتک آرین، اننیا پانڈے، نینا گپتا، جیکی شراف، ٹیکو تلسانیا، لوکیش متل، گروشا کپور، گورو پانڈے
ڈائریکٹر :سمیر ودوانس
رائٹر: کرن شریکانت شرما
پروڈیوسر: کرن جوہر، کشور اروڑا، شرین منتری، اپوروا مہتا
موسیقار: وشال دادلانی، شیکھر رائوجیانی
سنیماٹوگرافر: انل مہتا
ایڈیٹر: منن مہتا
کاسٹنگ ڈائریکٹر: کرن سنگھ لامبا
میک اپ: اسجا نوواکووک، صاحب دیپ سنگھ
ریٹنگ:***
کسی کہانی یا خاص طور پر فلم میں عوام رومانس دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن کبھی کبھی ذائقہ کی تبدیلی کیلئے کامیڈی بھی عوام کو پسند آتی ہے۔ اور جب یہ دونوں مل جائیں تو وہ اور بھی زیادہ پسند کی جاتی ہے۔ اس پر کچھ عمدہ پیغام دے دیا جائے تو وہ عوام کو مزید راغب کرتی ہے۔ اس ہفتہ یعنی ۲۵؍دسمبر یعنی کرسمس کے موقع پر کارتک آرین کی ایک فلم ’تو میری، میں تیرا، میں تیرا، تو میری‘ ریلیز ہوئی ہے جوایسی ہی رومانٹک کامیڈی ہے اورمسکراہٹوں کے درمیان ایک ضروری بات کہتی ہے۔ اب چونکہ دنیا بدل چکی ہے اور ہر چیز کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ایسےمیں یہ فلم ایک اور پیغام لے کر آئی ہے کہ محبت پانے کیلئےہمیشہ لڑکی ہی کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑے، یہ کوئی لازمی اصول نہیں۔ یہ فلم رشتوں میں برابری اور سمجھ داری کی وکالت کرتی ہے، اوریہی پیغام اس فلم میں تفریح کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی
کہانی کی شروعات ریحان عرف رے اور رومی سے ہوتی ہے۔ رے (کارتک آریان) ایک زندہ دل، بے پروا نوجوان ہے جو زندگی کو بھرپور انداز میں جینے پر یقین رکھتا ہے اور اپنی سنگل پیرنٹ ماں پنکی(نینا گپتا) کے ساتھ ویڈنگ پلاننگ کا کاروبار سنبھالتاہے۔ دوسری طرف رومی (اننیا پانڈے) ایک حساس دل مصنف ہے، جو زندگی کے بارے میں بالغ اور عملی نقطۂ نظر رکھتی ہے۔ اگرچہ ۲۰۲۵ءکےہُک اپ کلچر کے دور میں بھی وہ ۹۰ءکی دہائی جیسے سچے اور پائیدار پیار کی تلاش میں ہے۔ اس کا خاندان آگرہ میں رہتا ہے یعنی ایک ریٹائرڈ فوجی والد کرنل امر وردھن سنگھ (جیکی شراف) اور ایک بہن، جن سے اس کا گہرا جذباتی رشتہ ہے۔
کروشیاکے ایک کروز سفر کے دوران رے اور رومی کی ملاقات ہوتی ہے۔ ابتدائی نوک جھونک آہستہ آہستہ دوستی میں بدلتی ہے اور پھر یہ رشتہ محبت کا روپ لے لیتا ہے۔ سب کچھ فطری اور خوبصورت لگ رہاہوتا ہے کہ کہانی ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے، جب رے رومی کو شادی کی پیشکش کرتاہے۔ رے اپنی ماں کے ساتھ امریکہ میں سیٹل ہے، جبکہ رومی کے سامنے ہندوستان میں اپنے والد اور بہن کی ذمہ داریاں ہیں۔ حالات اس وقت اور مشکل ہو جاتے ہیں جب اچانک اس کے والد کی طبیعت بگڑتی ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑتا ہے۔ ایسے میں رومی کے سامنے ایک کڑا فیصلہ آ کھڑا ہوتا ہے کہ اسے محبت یا خاندان میں سے ایک چیز منتخب کرنا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا رے اور رومی کی محبت کی کہانی یہیں ادھوری رہ جائے گی؟ اس کا جواب جاننے کے لیے فلم دیکھنی ہوگی۔
ہدایت کاری
فلم کا پہلا حصہ خاصا سست ہے۔ ہدایت کار ہیرو اور ہیروئن کے درمیان نوک جھونک اور محبت کے پروان چڑھنےمیں کافی وقت لگا دیتےہیں۔ البتہ کروشیا کی چمکدار لوکیشنز آنکھوں کو سکون دیتی ہیں اور کروز ٹرپ کا احساس دلاتی ہیں، مگر کہانی میں اس مرحلے پر کچھ خاص پیش رفت نہیں ہوتی۔ دوسرا حصہ اس وقت رفتار پکڑتا ہے جب تمام کردار ایک جگہ جمع ہوتےہیں، مگر یہاں بھی زیادہ تر پلاٹس جانے پہچانےمحسوس ہوتے ہیں، چاہے وہ ہیرو کا ہیروئن کے سسرال آ کر گھر والوں اورہیروئن کو متاثر کرنے والا معاملہ ہی کیوں نہ ہو۔ تاہم اختتام ایک مضبوط پیغام اور فیل گڈ احساس کے ساتھ ہوتا ہے۔
اداکاری
اداکاری کے معاملے میں کارتک آرین نے رے کے کردار میں رومان، مزاح اور جذبات کے سب رنگ بھرے ہیں۔ ان کا مانوس چارم کردار کو قابلِ یقین بناتا ہے۔ اننیا پانڈے رومی کے کردار کو انہوں نے مؤثر انداز میں نبھایا ہے اور دونوں کی کیمسٹری پردے پر کھلتی ہے۔ چلبلی اور زندہ دل ماں کے کردار میں نیناگپتا ہمیشہ کی طرح شاندار ہیں، جبکہ جیکی شراف اپنے کردار کے ذریعے فلم میں جذباتی گہرائی لاتے ہیں، ان کے برسوں کے تجربے کی جھلک صاف دکھائی دیتی ہے۔ معاون اداکار کہانی کے مزاج کو برقرار رکھتے ہیں۔
کیوں دیکھیں ؟
اگر کرسمس اور نئے سال کے جشن کے ماحول میں آپ رومانوی کامیڈی پر مبنی فلم دیکھنا چاہتے ہیں تویہ فلم بھی دیکھ سکتے ہیں۔