Inquilab Logo Happiest Places to Work

ان دیکھی ۳:جرائم کی دنیا کے ایک خاندان کی سنسنی خیز کہانی

Updated: May 19, 2024, 10:19 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۲۰۲۰ء میں اس سیریز کے پہلے اور ۲۰۲۲ء میں دوسرے سیزن نے تہلکہ مچایا تھا ۲۰۲۴ء میں اسی روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

Suriya Sharma can be seen in a scene from the web series Undehi 3. Photo: INN
سوریہ شرما کو ویب سیریز’ان دیکھی۳‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

ان دیکھی ۳(Undekhi-3)
 اسٹریمنگ ایپ :سونی لیو(۸؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ہرش چھایا، سوریہ شرما آنچل سنگھ، دبیندو بھٹاچاریہ، انکور راٹھی، شیوانی سنگھ، ورون بڈولا، وارون بھگت، اپیکشا پوروال، میناکشی سیٹھی
ہدایت کار:اشیش شکلا
رائٹر:سدھارتھ سین گپتا، موہندر پرتاپ سنگھ، ابھیشیک گرگ، اوپین چوہان، سومیت کمار گوڈرا، ویویک ملک، چراغ سالین
پروڈیوسر:راجیش چڈھا
 موسیقی:اشیش نرولا، لیزر ایکس
سنیماٹوگرافی: مرضی پگڑی والا
اسپیشل افیکٹ:ریشبھ تیاگی، ستیندر تیاگی
ریٹنگ: ***

سونی لیو۲۰۲۰ءاور۲۰۲۲ءمیں ’ان دیکھی‘کے نام سے ایک زبردست سیریزلایاتھا۔ اس کا پہلا سیزن۲۰۲۰ءمیں اور دوسرا ۲۰۲۲ءمیں ریلیزہواتھاجسے ناظرین نے بے حد پسند کیا تھا اور اب ۲؍سال کے بعد ’ان دیکھی سیزن۳‘ آگیاہے۔ اس سیزن کو پہلے ۲؍ سیزن کی کہانی کو آگے بڑھاتے ہوئے آگے پیش کیاگیا ہے۔ 
 ’ان دیکھی ۳؍‘میں اس بار اندازپہلےسے زیادہ سخت ہے۔ اٹوال خاندان بدلہ چاہتاہے۔ کہانی مزید گہرائی میں اترتی ہے، خاص طورپرجب پاپا جی کی افراتفری نےبہت سے نئے اور دبے ہوئے رازوں سےپردہ اٹھادیا ہے۔ اٹوال خاندان کے ایسے گہرے راز منالی میں چھپے ہوئےہیں، جس نے جرائم کی سلطنت کو چھپانے کا کام کیاہے۔ پچھلے سیزن کی طرح ’ان دیکھی۳‘ میں بھی کردار اپنی خود غرضانہ خواہشات کی تکمیل کیلئے خونی کھیل کھیلتے نظر آتے ہیں۔ 
کہانی:تیسرا سیزن رنکو (سوریہ شرما) سے شروع ہوتا ہے، جو سمرتھ (نندیش سنگھ سندھو) کو بدلہ لینے اور منشیات کے اپنے غیر قانونی کاروبار کودوبارہ شروع کرنےکیلئےتلاش کررہاہے۔ اس سب کے درمیان شادی کی تقریب میں ڈانسر کا قتل کرنے والے پاپا جی (ہرش چھایا) کا ویڈیومنظرعام پر آگیا ہے۔ یہ واحد ثبوت ہے، جس کے بعد کیس دوبارہ کھولاگیاہے۔ ڈی سی پی گھوش (دبیندو بھٹاچاریہ) کو اس سے نئی امید ملتی ہے۔ وہ مردہ لڑکی کے لیے انصاف چاہتا ہے اور اس اٹوال خاندان کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ لیکن جب تمام ثبوت سامنے آ رہے ہیں تو کیا رنکو اپنےپاپا جی کو بچا سکے گا؟ وہ کسی پر بھروسہ نہیں کر سکتا، کیونکہ ہر کسی کے اپنے مفادات ہوتے ہیں۔ 
 پاپا جی کا بیٹا دمن (انکور راٹھی)اور بہو تیجی (آنچل جی سنگھ) ریزورٹ کے لیے ایک سرمایہ کار کی تلاش میں ہیں۔ دونوں بہتر زندگی کیلئےبیرون ملک شفٹ ہونا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا، ویڈیو گرافی ٹیم سےتیجی کی دوست سلونی (این زویا)، جو واحد زندہ بچ جانے والی گواہ ہے، بھی بدلہ لینا چاہتی ہے۔ لیکن کیا وہ کامیاب ہوگی؟ یہ اور اس طرح کے بہت سے سوالوں کے جواب کیلئے آپ کو یہ۸؍ ایپی سوڈپرمشتمل سیریز دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایت کاری:سیریز میں جہاں چوہے اوربلی کاکھیل جاری ہے، وہیں ڈائریکٹر آشیش کچھ نئےکرداروں کو متعارف کروا رہے ہیں۔ شکلا نےاسے ایک دلکش ڈرامےمیں بدل دیا ہے۔ راجیو ملہوترا (ورون بدولا) کا کردار ہماچل پردیش میں غیر قانونی کاروبار کو بڑھانا چاہتا ہے۔ لیکن یہ نئے چیلنجز بھی لاتا ہے۔ دپیکا (شروتی مینن) راجیو کا دایاں ہاتھ ہے۔ وہ اس کی منیجرہے اور بہت ظالم ہے۔ 
 سیریز کو دیکھتے ہوئے بعض اوقات اس کے کرداروں، ان کے حالات اور ان کی خود غرضی سے باخبر رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ قتل کے کیس کی تفتیش میں ہمیشہ وقت لگتا ہے جس کی وجہ سے کچھ عرصے بعد لگتاہےکہ انصاف نہیں ہو رہا۔ تاہم، منالی کی قدرتی خوبصورتی اس کرائم تھرلر کو خوبصورت بناتی ہے۔ 
ادا کاری:ہرش چھایا ’ان دیکھی۳‘میں انتہائی بدتمیز اور شرابی پاپاجی کے طور پر دل جیت لیتےہیں۔ وہ سیریزکی جان ہیں۔ اگرچہ ان کی حرکتیں دہرائی جاتی ہیں لیکن پھر بھی وہ ہر منظر میں اپنے رویے سے چمکتے ہوئے سے محسوس ہوتےہیں۔ سوریہ شرما رنکو کے کردار میں ہیں اور وہ متاثرکن نظر آرہے ہیں۔ اس بار ناظرین اس کا جذباتی پہلو بھی دیکھیں گے، خاص طور پر جب وہ اپنی بیوی مسکان(شیوانگی سنگھ) کے ساتھ ہوں گے۔ 
 دبیندو بھٹاچاریہ نےاس کیس کو حل کرنے کی کوشش کرنے والے سخت محنتی افسرکےطور پر اچھا کام کیا ہے۔ ستیندر (راہل بگا) اور راشی (لوینا ٹنڈن) بھی گھوش کی ٹیم میں دیگر تفتیشی افسران کی طرح بہترین تعاون فراہم کرتی ہیں۔ ورون بڈولہ کی زبردست کارکردگی اس کرائم تھریلر کو دلچسپ بناتی ہے۔ ہدایت کار نے دمن اور تیجی کے کرداروں میں انکور راٹھی اور آنچل سنگھ کو غیر ضروری طور پر استعمال کیا ہے۔ سیریز کو دیکھتے ہوئےاحساس ہوتا ہے کہ کچھ کرداروں کو اسکرین ٹائم تھوڑا کم مل سکتا تھا۔ تاہم، کہانی اور خاص طور پر پاپا جی کا پراسرار ماضی آپ کو اسکرین پر چپکا کر رکھتا ہے۔ 
نتیجہ: ’ان د یکھی سیزن۳‘ایڈونچر، سسپنس اور تھرلر سے بھرپور ایک اچھی کہانی ہے۔ اگر آپ پر اسرارقتل اور ڈرامے کے شوقین ہیں تو آپ کو یہ سیریز ضرور پسندآئےگی۔ ہر سیزن میں سیریز ایک ایسے موڑ پرختم کی جاتی ہے جو اگلے سیزن سے جڑ جاتی ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہواہے۔ سیریزمیں پنجابی زبان استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہم اسے ایک کوشش کہیں گے کیونکہ یہ پنجابی اور ہندی کا مرکب ہے جسے سننا اور سمجھنا کچھ عجیب سا لگتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK