• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ولے پارلے کا میونسپل مارکیٹ ہر طرح کی خریداری کا مرکز

Updated: November 05, 2024, 10:58 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں موجود مختلف چھوٹی مگر عمدہ دکانوں میں ہاتھ سے بنےمصنوعی زیورات سے لے کرمیچنگ اوراعلیٰ قسم کے کپڑے بھی خریدے جا سکتے ہیں۔

Shringar Art Jewellery. Photo: INN.
شرنگار آرٹ جویلری۔ تصویر: آئی این این۔

ممبئی میں مقامی بازاروں یا لوکل مارکیٹس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہر گلی محلے میں آپ کو ایسے کئی بازار مل جائیں گے جو نہ صرف مقامی بلکہ دور دراز کے خریداروں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ بازار تو جان بوجھ کر اور عمدہ طریقے سے بنائے اور سجائے جاتے ہیں جبکہ کچھ مارکیٹ ایسے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اپنے آپ اپج آتے ہیں اور اپنے تنوع اور انوکھے پن کی وجہ سے شہرت اختیار کرجاتے ہیں۔ جبکہ اکثر ایسے مارکیٹ بھی ہیں جو میونسپل کارپوریشن نے چھوٹے پیمانے پر بنائے تھے تاکہ مقامی افراد کی خریداری کی ضروریات پوری ہوسکیں لیکن دیکھتے ہی دیکھتے وہ بہت بڑے بازار بن جاتے ہیں اور پورے علاقے پر اثر انداز ہوجاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک بازار ولے پارلےایسٹ میں بھی موجود ہے جو میونسپل مارکیٹ کے نام سے مشہور ہے لیکن یہاں پر عمدہ چیزوں کی خریداری خریدی جاسکتی ہیں۔ یہاں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں اعلیٰ کوالیٹی کی اشیاء کم قیمت میں بھی دستیاب ہوجاتی ہیں۔ آئیے آج ہم اس مارکیٹ کی چند دکانوں کا تعارف پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ آپ یہاں کے بارے میں سمجھ سکیں۔ 
شرنگار آرٹ جویلری
یہاں پر آپ کوہاتھوں سے بنائے ہوئے ایئر رنگ ۱۰۰؍ روپے تک میں خریدنے کا موقع ملتا ہے۔ یہاں فروخت ہونے والے کچھ ایئر رنگ لکڑی سے تو کچھ مٹی سے بنے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں مور کی شکل کے اور پھولوں کی باسکٹ کی شکل کےکندن ایئررنگ کی بات ہی الگ ہے۔ انہیں پہن کر آپ کی شخصیت میں چار چاند لگ سکتے ہیں۔ 
ویبھوی ساڑی سینٹر
اس دکان سے آپ چند نہایت عمدہ کوالیٹی کے بنارسی دوپٹے اور ساڑیاں وغیرہ خرید سکتے ہیں۔ یہاں کا منیجر نہایت خوش مزاج ہے جو اپنے گاہکوں سے خندہ پیشانی سے پیش آتا ہے اوراگر کوئی شخص یہاں موجود ڈھیر سارے متبادلات سے کنفیوژ ہوجاتا ہے تو یہ شخص آپ کو اپنے لئے سامان منتخب کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔ 
مایا کلاتھ اسٹور
یہاں بھی آپ اپنے لئے عمدہ قسم کے دوپٹے خرید سکتی ہیں۔ یہاں ٹائی ڈائی سے لے کر مدھوبنی پینٹنگ والے دوپٹے تک نہایت کفایتی دام میں مل جاتے ہیں جبکہ یہاں بندھنی کے بھی عمدہ دوپٹے اور دیگر قسم کے کپڑے بھی مل جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں دیگر قسم کی پیٹنگ کے کپڑے بھی ملتے ہیں۔ 
پوجا کلیکشن
اگر آپ اپنے لئے عمدہ بیگ خریدنا چاہتی ہیں تو اس دکان کا رخ کرسکتی ہیں۔ یہاں پر آپ کو نہایت ہی عمدہ، ملٹی کلر، لیدر والیٹ پرس، وینیٹی اور سلنگ بیگ عمدہ معیار کے ملتے ہیں۔ 
کوئنس کارنر
سفید رنگ کی کاٹن کرتی پہننا کبھی فیشن سے خارج نہیں ہوتا خاص طور پر ممبئی میں بالکل بھی نہیں ہوتاکیوں کہ یہاں کا موسم ہی ایسا ہوتا ہے جوآپ کبھی بھی ہلکے رنگ کا کاٹن کا لباس پہن سکتی ہیں۔ کوئنز کارنر کے ملبوسات اس معاملے میں مکمل انصاف کرتے ہیں۔ یہاں پر کرتی کے علاوہ پلازو اور لیگنگ جیسا سامان بھی ملتا ہے۔ 
سیلکشن میچنگ سینٹر
خواتین کیلئے میچنگ کپڑا خریدنا اکثر بہت بڑا مسئلہ ہوتا ہے، اس کا حل بھی یہاں موجود ہے۔ یہاں پر مختلف رنگوں کے بلائوز، کرتی، لیگنگ اور پلازو کیلئے کپڑا خریدا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ یہاں کٹ پیس بھی ملتے ہیں جو آپ مختلف تھان میں سے اپنی مرضی کے مطابق کٹوار خریدسکتی ہیں۔ 
ایشا فیشن
یہ بھی یہاں کی ایک عمدہ دکان ہے جہاں سے آپ مدھوبنی، بلاؤز اور دیگر قسم کا کپڑا خرید سکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK