Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوتا:فیشن برانڈ ہی نہیں سماجی تحریک کا حصہ بھی ہے

Updated: July 29, 2025, 1:03 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سوجیتا اور تانیہ نامی بہنوں کے ذریعہ شروع کئے گئے اسٹور کا اہم مقصد مختلف ریاستوں کے روایتی کھادی،ہینڈلوم سے تیار کپڑوں کو فروغ دینا ہے۔

Bandra showroom. Photo: INN
باندرہ والا شوروم۔ تصویر: آئی این این

لباس صرف بدن ڈھانپنے کا ذریعہ نہیں بلکہ تہذیب، شناخت اور روایت کا ترجمان ہوتا ہے۔ ہندوستان کی سرزمین جہاں ہر خطے کا الگ رنگ، الگ روپ ہے، وہاں’سوتا‘ایک ایسا برانڈ بن کر ابھرا ہے جو نہ صرف کپڑے بُننے والوں کی کہانی سناتا ہے بلکہ ہندوستانی خواتین کی سادگی، نسوانیت اور خود اعتمادی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
برانڈ کا آغاز
 سوتا کا نام پڑھ کر آپ کو محسوس ہوا ہوگا کہ اس کا نام کپڑوں میں استعمال ہونے والےسوت کی مناسبت سے سوتا رکھا گیا ہے لیکن حقیقت میں اس کے نام کے پیچھے ایک اور راز ہے۔دراصل ’سوتا‘ نامی اس برانڈکی بنیاد۲۰۱۶ءمیںدو بہنوں، سوجیتااور تانیہ بسونے رکھی  اورانہی دونوں کے ناموں کے ابتدائی حروف یعنی سوجیتاکا سو اور تانیہ کا تاملاکربرانڈ کا نام’سوتا‘ رکھا گیا ہے۔
 ممبئی میں مقیم یہ دونوں بہنیں کارپوریٹ دنیا سے تعلق رکھتی تھیں، لیکن دل میں ایک نرم گوشہ ہمیشہ ہندوستانی ہنر، خاص کر ہاتھ سے بُنے کپڑوں، اور دیہی فنکاروں کے لیے دھڑکتا رہا۔ وہ چاہتی تھیں کہ ایسے کپڑوں کو بازار تک لایا جائے جو نہایت آرام دہ، ہلکے پھلکے ہوں، اور جن میں ہندوستانی روایت اور جدیدیت کا خوبصورت امتزاج بھی نظر آئے۔اپنے دل کی اسی پکارپر انہوں نے یہ برانڈ شروع کیا ہے۔
برانڈ کی روح 
 سوتا صرف ایک فیشن برانڈ نہیں، بلکہ ایک سماجی تحریک ہے۔ یہ برانڈ اُن کاریگروں کے ساتھ براہِ راست کام کرتا ہے جو بنگال، بہار، اڑیسہ، مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں روایتی کھادی، ہینڈلوم، کپاس اور ریشم کے کپڑے تیار کرتے ہیں۔ سوتا کے ذریعے ان کاریگروں کو نہ صرف روزگار ملتا ہے بلکہ ان کے فن کو عالمی پیمانے پر شناخت بھی حاصل ہوتی ہے۔
شوروم کہاں ہے؟
 سوتا نے اپنے سفر کا آغاز آن لائن پلیٹ فارم سے کیا تھا، لیکن آج ملک بھر میں ۱۵؍شہروں میں ان کے اسٹور موجود ہیں جبکہ صرف ممبئی ہی میں ان کے۵؍اسٹورکھل چکے ہیں۔ان کا ایک اسٹور سانتا کروز میں ممبئی یونیورسٹی کے قریب،دوسرا اسٹور باندرہ  ویسٹ میں، تیسرا جوہو کے قریب واقع شاپراسٹاپ میں،چوتھا اسٹورتھانے کے ویویانا مال میں اور پانچوا ں اسٹور تھانے کے نوپاڑہ علاقے میںہے۔
آن لائن موجودگی
 جیسا کہ پہلے ہی کہا گیاکہ سوتا کو آن لائن اسٹور کے طور پر شروع کیا گیا تھا جو اب بھی موجود ہے۔سوتا کی مصنوعات بنیادی طور پر ان کی ویب سائٹ www.suta.in اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت کی جاتی ہیں۔ ان کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی خاص بات یہ ہے کہ وہ پیشہ ور ماڈلز کی جگہ عام خواتین کو اپنی مہمات کاچہرہ بناتے ہیں  ماں، بیٹی، دادی، طالبہ، خانگی خواتین، ہر عمر کی خواتین کو ان کی فیشن مہمات میں شامل کیا جاتا ہے۔
 معاشرتی ذمے داری
 سوتاماحول دوست (sustainable) برانڈز کی فہرست میں شامل ہے۔ وہ اپنے ملبوسات بنانے کیلئےقدرتی دھاگوں سے بنائے گئے کپڑوں کا استعمال کرتے ہیں۔اس کے علاوہ غیر ضروری پیکجنگ سے گریز کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ پانی اور توانائی کا کم سےکم استعمال ہو۔ اس کے علاوہ، ان کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور دیہی دستکاروں کو شہروں سے جوڑنا ہے۔
مصنوعات 
 سوتامیں ویسے تو ہر طرح کے ملبوسات ملتے ہیں پھر چاہے وہ کرتی ہو،ڈریس مٹیریل ہو،لہنگا،کو آرڈ سیٹ یا شرٹ ہو۔ مردوں کیلئے کرتا،شرٹ،ٹرائوزر،شارٹس،گمچا کے علاوہ بچوں اور دیگر مصارف کے کپڑے بھی یہاں ملتےہیں لیکن یہاں کی سب سے نمایاں پہچان اس کی نرم، ہلکی پھلکی ساڑیاں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK