ٹاٹا کے ذریعہ قائم کئے گئے اس برانڈ کے ملک بھر میں ۲۳۰؍ سے زیادہ اسٹور موجود ہیں جبکہ ممبئی میں بھی اس کے متعدد اسٹورز ہیں۔
EPAPER
Updated: July 22, 2025, 12:39 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ٹاٹا کے ذریعہ قائم کئے گئے اس برانڈ کے ملک بھر میں ۲۳۰؍ سے زیادہ اسٹور موجود ہیں جبکہ ممبئی میں بھی اس کے متعدد اسٹورز ہیں۔
ممبئی کی چکاچوند روشنیوں میں جب بازاروں کی رونق اپنے عروج پر ہو، تو فیشن کے دلدادہ لوگوں کی نظریں ایک ایسے نام کی طرف ضرور اٹھتی ہیں جو نہ صرف سلیقہ مند لباس بلکہ زندگی کے مکمل اسلوب کو سنوارتا ہے—جی ہاں، بات ہو رہی ہے ویسٹ سائڈکی، جو نہ صرف ٹاٹا گروپ کی زیر نگرانی ایک شاندار ریٹیل برانڈ ہے بلکہ ہندوستانی لائف اسٹائل ریٹیلنگ کی ایک کامیاب داستان بھی ہے۔
برانڈ کا آغاز
۱۹۹۸ء میں ٹاٹا گروپ نے ایک نئے وژن کے ساتھ ٹرینٹ لمیٹڈ کا آغاز کیا۔ یہ وژن تھا ایک ایسے ریٹیل برانڈ کا جو صرف کپڑے نہ بیچے بلکہ طرزِ زندگی کو نیا انداز دے۔ ویسٹ سائڈ کو پرانے اسٹور خرید کرانہیں نئے سرے سے برانڈنگ کرکے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اسی کے تحت کمپنی نے بنگلور میں واقع لٹل ووڈز نامی اسٹور کو خرید لیا اوراس کا نام ویسٹ سائڈ میں تبدیل کرکے ایک نیا برانڈ بنادیا گیا۔ اور پھر جو سفر شروع ہوا، اس نےملک کے تقریباً ہر بڑے شہرمیں اپنے پرچم گاڑ دیے۔ آج ملک بھر میں ویسٹ سائیڈ کے ۲۳۰؍سے زائد اسٹورز کامیابی سے کام کر رہے ہیں، اور ان کی موجودگی نہ صرف فیشن بلکہ بھروسے کی بھی علامت بن چکی ہے۔
شوروم کہاں ہے؟
ممبئی جہاں ہر دن ایک نیا ٹرینڈ جنم لیتا ہے، وہاں ویسٹ سائیڈ نےکئی اہم مقامات پر اپنی شاخیں قائم کی ہیں، جن میں چند خاص اسٹورمیں ایک اندھیری کے ڈی این نگر علاقے میں واقع کاسموس پلازا میں، جبکہ ڈی این نگر میں ہی دوسرا اسٹور اسکائی وسٹا میں ہے۔ اس کے علاوہ فورٹ کے کالا گھوڑا علاقے میں، دادر میں ویسٹ سائڈ اسٹور، بھائندر کے لینا امپیریل میں ، چمبورکے میراتی پلاٹینا میں ، گھاٹکوپر کے امرت نگر میں، پوئی کے ہیرانندانی گارڈن میں، گولڈ کریسٹ بلڈنگ میں، ملاڈ اور اندھیری کے انفنیٹی مال میں، کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں، چکالا میں، چمبور کے امر محل علاقے میں اوربوریولی یوٹوپیا میں بھی ویسٹ سائڈ کے بڑے بڑے شوروم موجود ہیں۔ ان تمام اسٹورز میں نہ صرف اعلیٰ معیار کی مصنوعات دستیاب ہیں بلکہ ہر شاخ میں کشادہ اور جدید ماحول، نفیس ڈسپلے، اور خوش اخلاق عملہ بھی موجود ہوتا ہے۔ شاپنگ یہاں صرف خریداری نہیں بلکہ ایک تجربہ بن جاتا ہے۔
برانڈ کا نظریہ
ویسٹ سائیڈ کا سب سے بڑا وصف یہ ہے کہ یہاں ہر عمر، ہر طبقے اور ہر مزاج کے خریداروں کیلئے کچھ نہ کچھ موجود ہے۔ ان کے کئی خصوصی ان-ہاؤس برانڈز جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔ خواتین کیلئے یہاں گیا، زوبا، ایل او وی اور بامبے پیسلے جیسے برانڈس موجود ہیں۔ مردوں کیلئے ای ٹی اے، ایسکوٹ اور ویسٹ اسپورٹ جیسے برانڈ، بچوں کے لیےکڈس ویئرکی مکمل رینج۔ بیوٹی پروڈکٹس کیلئے اسٹوڈیو ویسٹ کا خصوصی شعبہ موجود ہے جس میں آپ کاسمیٹکس اورپرفیومز جیسی چیزیں خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھرکی آرائش کیلئےچادر، پردے، گدے، ٹیبل ویئر اور دیگر ہوم ڈیکور آئٹمزیہاں ملتے ہیں۔ کچھ منتخب اسٹورزپر گورمیٹ ویسٹ کے نام سے فوڈ آئٹمز بھی دستیاب ہیں۔ یہ تمام اشیاء ویسٹ سائڈخود تیار کرتاہےیعنی یہ برانڈ بیرونی مصنوعات پر نہیں بلکہ اپنی شناخت پر یقین رکھتا ہے۔
دام و درم: معیار کے ساتھ معقولیت
یہ کہنا بے جا نہ ہوگاکہ ویسٹ سائیڈ ایک’ویلیو فار منی‘برانڈ ہے۔ یہاں لباس کی قیمتیں نہ تو آسمان چھوتی ہیں اور نہ ہی معیار میں کوئی سمجھوتہ کیاجاتاہے۔ خواتین کے سوٹ سیٹ ۱۵۰۰؍ سے ۳؍ہزار روپےمیں اورمردوں کی شرٹس ۸۰۰؍ سے ۲۵۰۰؍روپےمیں مل جاتے ہیں جبکہ بچوں کے ملبوسات بھی بجٹ میں دستیاب ہیں۔ ایسے میں درمیانی طبقے کے افراد کیلئے یہ ایک شاندار آپشن بن جاتا ہے۔
ویسٹ سائیڈکا کلب ویسٹ لائلٹی پروگرام ۲۵؍ لاکھ سے زائد خریداروں کو جوڑ چکا ہے، جہاں خصوصی آفرز، اضافی ڈسکاؤنٹس، اور شاپنگ پوائنٹس جیسی سہولتیں دی جاتی ہیں۔