بنیادی طور پر ہندوستان ہی میں یعنی بنگلور میں قائم ہونے والا یہ برانڈ دھیرے دھیرے ترقی کی منزل طے کررہا ہے، آن لائن کے بعد آف لائن بھی موجود۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 11:25 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
بنیادی طور پر ہندوستان ہی میں یعنی بنگلور میں قائم ہونے والا یہ برانڈ دھیرے دھیرے ترقی کی منزل طے کررہا ہے، آن لائن کے بعد آف لائن بھی موجود۔
فیشن کی دنیا میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ایک نئی اصطلاح نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے، جسے سسٹین ایبل فیشن یا پائیدار فیشن کہا جاتا ہے۔ اس تصور کا مقصد ایسے ملبوسات تیار کرنا ہے جو نہ صرف جدید فیشن کے تقاضے پورے کریں بلکہ ماحول پر بھی کم سے کم منفی اثرات مرتب کریں۔ ہندوستان میں اس سوچ کو فروغ دینے والے نمایاں برانڈز میں ورجیو (Virgio) کا نام خاص اہمیت رکھتاہے۔ مختصر عرصے میں اس برانڈ نے جدید ڈیزائن، ماحول دوست پیداوار اور مناسب قیمتوں کی بدولت نوجوان خریداروں کے درمیان اپنی الگ پہچان بنا لی ہے۔
آغاز کی کہانی
ورجیو کا آغاز۲۰۲۳ءمیںبنگلورسے ہوا۔ اس برانڈ کی بنیاد معروف کاروباری شخصیت امرجیت سنگھ نے رکھی، جن کا مقصد ایسا فیشن برانڈ متعارف کرانا تھا جو تیزی سے بدلتے رجحانات کے ساتھ ماحول دوست اصولوں کو بھی مقدم رکھے۔ کمپنی نے ابتدا ہی سے خود کو ایک ڈیجیٹل فرسٹ فیشن برانڈ کے طور پر متعارف کرایا، یعنی اس کی زیادہ تر فروخت آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیلون کلائن:عالمی سطح کے فیشن کا برانڈجو اپنے نام سے ہی مشہور ہے
برانڈ کی خصوصیات
ورجیو کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا آن ڈیمانڈ پروڈکشن ماڈل ہے۔ روایتی فیشن برانڈز بڑی تعداد میں کپڑے تیار کرکے اسٹاک جمع کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں فروخت نہ ہونے والا مال ضائع ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس ورجیو جدید ڈیٹا اینالیٹکس اورمصنوعی ذہانت(اے آئی)کی مدد سے صارفین کی پسند اور طلب کا اندازہ لگاتا ہے، جس کے مطابق محدود مقدار میں ملبوسات تیار کیے جاتے ہیں۔ اس طریقۂ کار سے کپڑے کے ضیاع اور غیر ضروری پیداوار میں نمایاں کمی آتی ہے۔
ماحول دوست کپڑوں پر توجہ
ورجیو ماحول دوست کپڑوں کے استعمال پر بھی خصوصی توجہ دیتا ہے۔کمپنی مختلف کلیکشنز میں آرگینک کاٹن، لینن، ویسکوز، ری سائیکلڈ فیبرکس اور دیگر کم ماحولیاتی اثر رکھنے والے مواد کا استعمال بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی کی بچت، کم کاربن اخراج اور ذمہ دار سپلائی چین کو بھی اپنی کاروباری حکمت عملی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گینٹ میں امریکی روایت اور یورپی نفاست کا حسین امتزاج موجود ہے
نوجوان اہم ہدف
یہ برانڈ خاص طور پر جنریشن زی(جین زی)اور نوجوان خواتین کو ہدف بناتا ہے، جو فیشن کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی اہمیت دیتےہیں۔اسی لیے ورجیو کی تشہیری مہمات میں جدید طرزِ زندگی، بااختیار خواتین، انفرادی اظہار اور پائیدار فیشن جیسے موضوعات نمایاں نظر آتے ہیں۔
برانڈ کی مصنوعات
برانڈ کی مصنوعات میں خواتین کے لیے روزمرہ استعمال کے ملبوسات، ویسٹرن ڈریسز، میکسی ڈریس، کوآرڈ سیٹس، ٹاپس، شرٹس، اسکرٹس،جمپ سوٹس، ٹراؤزرز، جینز، جیکٹس اور مختلف سیزن کے مطابق کلیکشن شامل ہیں۔ ان کے ڈیزائن عالمی فیشن رجحانات سے متاثر ہوتے ہیں، لیکن انہیں ہندوستانی صارفین کی پسند اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جاتا ہے۔
ممبئی میں موجودگی
ورجیو کی فروخت بنیادی طور پر اس کی سرکاری ویب سائٹ اور معروف ای کامرس پلیٹ فارمز جیسے منترا اور آجیوکے ذریعے ہوتی ہے۔ اگرچہ کمپنی کا بنیادی کاروبار آن لائن ہے، تاہم حالیہ عرصے میں اس نے بڑے شہروں میں منتخب تجرباتی اسٹورز اور پاپ اپ آؤٹ لیٹس کے ذریعے آف لائن موجودگی بھی بڑھانا شروع کی ہے تاکہ صارفین خریداری سے قبل مصنوعات کو دیکھ اور آزما سکیں۔اس کے تحت اس برانڈ کے مختلف شہروں میں کئی برانڈ قائم ہوچکے ہیںجن میں سے ممبئی میں اس کے آئوٹ لیٹ موجود ہیں۔اس کا ایک آئوٹ لیٹ ملاڈ کے انفنیٹی مال میں ہے جبکہ اس کا دوسرا اسٹور نوی ممبئی کے واشی علاقے میں واقع ان آربٹ مال میں ان کا دوسرا اسٹور موجود ہے جہاںسے خریداری کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے: یہ محض رہنمائی کا کالم ہے، آپ جس کسی بازار کا رُخ کریں، وہاں کی حتمی تفصیل خود حاصل کرکے اطمینان کرلیں۔ اس کیلئے اخبار ذمہ دار نہیں۔