وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی ریلیف فنڈ سے ہر مہلوکین کے خاندانوں کیلئے ۲ لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ۵۰ ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: September 13, 2025, 7:04 PM IST | Bangalore
وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی ریلیف فنڈ سے ہر مہلوکین کے خاندانوں کیلئے ۲ لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ۵۰ ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
کرناٹک کے ہاسن ضلع کے موسلے ہوساہلی گاؤں میں جمعرات کی شام کو گنیش وسرجن کے جلوس پر ایک بے قابو لاری چڑھ جانے سے ۹؍ افراد ہلاک اور ۲۲ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ رات ۸ بجے سے ۸:۴۵ بجے کے درمیان نیشنل ہائی وے ۳۷۳ پر پیش آیا جہاں ٹرک نے ڈیوائیڈر کو عبور کیا اور بھیڑ کو روند دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ لاری مبینہ طور پر ایک بائیکر سے بچنے کی کوشش کر رہی تھی تو وہ جلوس میں داخل ہوگئی اور یہ واقعہ پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق، زخمیوں کو ہاسن انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیز اور قریبی نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تمام مہلوکین کا پوسٹ مارٹم رات میں مکمل کرلیا گیا اور ان کی لاشیں سنیچر کی صبح خاندانوں کے حوالے کر دی گئیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) بورلینگایا کے مطابق، مہلوکین میں گاؤں کے ۶ افراد اور انجینرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ۳ طلبہ شامل ہیں۔
پولیس نے لاری کے ڈرائیور بھوونیش کو گرفتار کر لیا ہے جو کٹے بلاگلی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس کا فی الحال آئی سی یو میں علاج چل رہا ہے۔ اس کے خون کے نمونے جانچ کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی وجہ اور آیا اس میں لاپرواہی یا تکنیکی خرابی شامل تھی، اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دہشت گردی کے الزام میں گرفتار محمد کامل کی عرضی پر جلد سماعت کی ہدایت
سیاسی ردعمل
ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی نے اسے ”انتہائی بدقسمت واقعہ“ قرار دیا اور زخمیوں کے ہر ممکن بہترین علاج کا مطالبہ کیا۔ جے ڈی (ایس) کے ایم ایل اے ایچ ڈی ریونا اور ایم ایل سی سورج ریونا نے جلوس کے دوران ٹریفک کو مناسب طور پر سنبھالنے میں ناکامی پر پولیس پر تنقید کی۔ ضلع کے ڈپٹی کمشنر، ایس پی اور مقامی ایم پیز اور دیگر عہدیداران نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔
ضلعی انچارج وزیر کرشنا بائرے گوڑا نے امدادی اقدامات کی نگرانی کی اور کہا کہ یہ ریاست میں پہلی بار ہوا ہے کہ مہلوکین کی لاشوں کو خاندانوں کے حوالے کرنے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کیلئے رات میں پوسٹ مارٹم انجام دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، وہ سنیچر کو متاثرین کے خاندانوں اور زخمیوں سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی ٹرین دھماکوں کے مقدمے میں بری شخص کا ۹؍ کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ
وزیراعظم اور ریاستی حکومت کا معاوضے کا اعلان
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو ”دلخراش“ قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے خاندانوں کیلئے ۲ لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ۵۰ ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے خاندانوں کیلئے ۵ لاکھ روپے کے معاوضے اور زخمیوں کیلئے مفت طبی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس واقعے کو ”انتہائی تکلیف دہ لمحہ“ قرار دیا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔