• Wed, 06 December, 2023
  • EPAPER

ایم وائی ۳؍:ایک انسان کو روبوٹ بناکر پیش کرنے کی کہانی

Updated: September 17, 2023, 12:22 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

ایک سائنٹسٹ جس نے اپنا روبوٹ فروخت کیا لیکن عین وقت پراس میں خرابی ہوگئی تو اس نے ایک انسان کوروبوٹ بناکربھیج دیا۔

Hansika Motwani and Mogin Rao can be seen in a scene from `MY 3`. Photo: INN
ہنسیکا موٹوانی اورموگین رائو کو ’ایم وائی ۳؍‘ کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:آئی این این

ایم وائی ۳ (MY3)
اسٹریمنگ ایپ :ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار (۹؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:ہنسیکا موٹوانی،جننی ایئر،شانتنو بھاگیہ راج، اشنا زویری، ٹائیگر تھنگادورائی، ارتھنگی نشا، سبو پنچو،موگین راؤ، وی جے پاروتی، رامار،ابھیشیک، شکتی۔
ہدایت کار:ایم راجیش
پروڈکشن ڈیزائن:آر کشور
سنیماٹوگرافی:کارتک متوکمار 
یڈیٹنگ: اشیش
ریٹنگ: ** 
سائنس فکشن ایک ایسی صنف ہےجس میں کئی فلمیں اور خاص طورپرویب سیریز بنائی جاتی ہیں ۔ خاص طور پر بیرون ملک کئی اچھی چیزیں بنائی جاچکی ہیں جو ہندوستان سمیت پوری دنیا میں پسندکی جاتی ہیں ۔حالانکہ ہالی ووڈ اس طرز کی فلمیں بنانے کیلئے مشہور ہے لیکن دیگر مقامات پر بھی ایسی ہی کئی چیزیں تخلیق کی جاچکی ہیں ۔ ان میں کوریا بھی پیچھے نہیں ہے۔کوریا میں ایسی ہی ایک ویب سیریز ’آئی ایم ناٹ اے روبوٹ‘ بنائی گئی تھی۔ اس ویب سیریز پر اپنے یہاں بھی ایک ویب سیریز بنائی گئی ہے جس کانام ’ایم وائی ۳‘ ہے۔ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹارپر ریلیز ہونے والی ویب سیریزانسان نما روبوٹ کے منصوبے پر مبنی ہے۔
کہانی: اس ویب سیریز کی کہانی آدتیہ چندرشیکھر رائو(موگین رائو) کی کہانی کے ساتھ شروع ہوتی ہے۔اوٹی کا یہ کئی کمپنیوں کا مالک ایک کروڑ پتی شخص ہےجو ایک شاندار زندگی جیتا ہے اور ہر وہ چیز حاصل کرسکتا ہے جسے وہ چاہتا ہے لیکن وہ تنہا زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔اس کی وجہ اس کی ایک عجیب و غریب بیماری ہےجس کی وجہ سےجب بھی کوئی شخص اسے چھوتا ہے تو اس کے جسم میں بڑے بڑےسرخ دانے آجاتے ہیں اور اس کی حالت غیر ہوجاتی ہےیہاں تک کہ وہ بے سدھ ہوجاتا ہے۔اس الرجی کی وجہ سے وہ کسی سے ملاقات نہیں کرسکتا ہے اس لئے وہ بڑے پیمانے پر گیجٹس کا استعمال کرتاہے۔ اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں اس کا سی او او اور اس کا بیٹا کروڑوں روپے کا گھوٹالا کررہے ہیں تو وہ انہیں فوراً ملازمت سے نکال دیتا ہے تو وہ اس کے دشمن بن جاتے ہیں ۔
 دوسری جانب روبوٹک سائنسداں الیاس(شانتنو) دکھایا گیا ہےجس نےہو بہو انسان نما روبوٹ بنایا ہے اور اسے فروخت کرنا چاہتا ہے ۔کسی نہ کسی طرح وہ آدتیہ تک پہنچ جاتا ہے اورآدتیہ کو بھی وہ روبوٹ پسند آجاتا ہے اور وہ اسے خریدنےپر رضامندی ظاہر کردیتا ہے۔اس فروخت کی خوشی میں الیاس اور اس کے ملازم پارٹی کرتے ہیں اور شراب اچھل کر روبوٹ میں چلی جاتی ہے جس سے اس کا سرکٹ خراب ہوجاتا ہے۔ایسے میں الیاس اپنی سابقہ گرل فرینڈ میتھری(ہنسیکا موٹوانی) کو روبوٹ بناکر آدتیہ کے پاس بھیج دیتا ہے۔وہ روبوٹ کے طور پر اس کے یہاں سب کام کرتی ہےاور آدتیہ جو تنہائی کی زندگی سے پریشان ہوچکا ہوتا ہے اسے ایک ساتھی کے طورپرمحسوس کرتاہے اورزیادہ سے زیادہ وقت اس کے ساتھ گزارنا چاہتاہے۔اس کے ساتھ رہنے سے اس کی بیماری بھی ختم ہوجاتی ہے لیکن ڈاکٹر انتباہ دیتے ہیں کہ اگر اسے حقیقت معلوم ہوئی کہ یہ روبوٹ نہیں انسان ہے تو وہ اسے ایک فریب سمجھے گا اور اس کی بیماری مزیدبڑھ جائے گی۔اب اسے معلوم ہوتا ہے یا نہیں اور آگے کیا کچھ ہوتا ہے یہ آپ کو ویب سیریز میں دیکھنا ہوگا۔
ہدایتکاری: ایم راجیش نےکورین ڈرامے کو ہندوستانی قالب میں ڈھالنے کی کوشش کی ہے لیکن اس میں وہ پوری طرح کامیاب نہیں ہوسکے۔اس کے زیادہ تر مناظر لمبے اور بوریت سے پر محسوس ہوتے ہیں ۔ اسے صحیح ڈھنگ سے ہندوستانی قالب میں ڈھالا نہیں جاسکا ہے اور کئی جگہ دیگر خامیاں بھی نظر آتی ہیں ۔
اداکاری: ہنسیکا موٹوانی نے ہی اس سیریز میں ٹھیک ٹھاک اداکاری کی ہے، ان کے ذریعہ فلمائے گئے جذباتی مناظر بھی ٹھیک ہیں لیکن باقی اداکاروں کی اداکاری کچھ قابل ذکر نہیں ۔
نتیجہ: ایم وائی ۳؍کی صورت میں ایک اچھی تفریحی ویب سیریز بنانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن کامیابی ہاتھ نہیں لگی۔ اگر آپ نے اوریجنل کورین ویب سیریز’آئی ایم ناٹ اے روبوٹ‘ نہیں دیکھی ہے تو اسے ایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں ۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK