• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرتاپ گڑھ قلعہ: تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے خاص

Updated: November 16, 2023, 3:20 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

مہاراشٹر کے اس پہاڑی قلعہ میں واقع پرکشش تالاب، بڑے حجرے اور لمبی تاریک راہداری سیاحوں کو مسحور کر دیتی ہے

Photo: INN
تصویر: آئی این این

پرتاپ گڑھ قلعہ مہاراشٹر کا ایک پہاڑی قلعہ ہے جو ستارا ضلع میں مہابلیشور کے مشہور ہل اسٹیشن کے قریب واقع ہے۔ یہ قلعہ زمین سے تقریباً۳؍ ہزار۵؍سوفٹ کی بلندی پر ہے۔پرتاپ گڑھ قلعہ مہاراشٹر کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے اور اس کی زیادہ ترحصار بندی اب تک برقرار ہے۔اس قلعے کے اندر ۴؍جھیلیں ہیں جو اکثر مانسون کے دوران چھلک جاتی ہیں۔ 
شیواجی کا ۱۷؍ فٹ بلند تانبے کا مجسمہ 
پرتاپ گڑھ قلعہ شیواجی نے۱۶۵۶ء میں تعمیرکروایا تھا۔ ان کا ایک مجسمہ پرتاپ گڑھ قلعہ میں بھی موجود ہے جو۶۰؍ سال قبل نصب کیا گیا تھا۔ ۳۰؍نومبر۱۹۵۷ء کو سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے یہاں شیواجی کے ۱۷؍ فٹ بلند تانبے کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تھی، اس مجسمے میں شیواجی کو گھوڑے پر دکھایا گیا ہے۔ اسی سال پبلک ورکز ڈپارٹمنٹ ( پی ڈبلیو ڈی)نے کمبھ روسی گاؤں سے قلعہ تک پکی سڑک تعمیر کی۔۱۹۶۰ء میں قلعہ کے اندر ایک مہمان خانہ اور نیشنل پارک بنایا گیا۔ ان دنوں یہ قلعہ ادے راجے بھوسلے کی ملکیت میں ہے جو سابقہ ستارا ریاست کے وارث ہیں۔
پرکشش تالاب، بڑے حجرے اور لمبی تاریک راہداری 
قلعہ میں واقع پرکشش تالاب، بڑے حجرے اور لمبی تاریک راہداری سیاحوں کو مسحور کر دیتی ہے۔ پرتاپ گڑھ قلعہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر شخص آسانی کے ساتھ پہنچ سکتا ہے۔ تاریخ سے دلچسپی رکھنے اور فطرت سے لگاؤ رکھنے والوں کیلئے یہ خاص مقام ہے۔ اگر آپ فطرت کی آغوش میں اپناقیمتی وقت گزارنا چاہتے ہیں تو ایک بار اس قلعے کی سیرضرور کیجئے۔ قلعہ کی چوٹی پر بھوانی مندر ہے اور ایک ثقافتی لائبریری ہے جو قلعہ کے ورثے کو ظاہر کرتی ہے۔ 
پرتاپ گڑھ قلعہ کی تاریخی اہمیت
 مؤرخین کے مطابق۱۰؍ نومبر۱۶۵۹ء کو شیواجی اور افضل خان کے درمیان اس قلعہ کی فصیل کے نیچے معرکہ پرتاپ گڑھ ہوا۔ یہ مراٹھا سلطنت کی نو آموز فوج کی یہ پہلی بڑی آزمائش تھی جس میں کامیابی کے بعد مراٹھاسلطنت قائم ہوئی تھی۔ طویل عرصے تک مقامی سیاست میں پرتاپ گڑھ قلعہ کومرکزی اہمیت حاصل تھی۔ بتاتے ہیں  کہ ۱۷۷۸ء میں نانا فرنویس نے اپنے سیاسی حریف اور پونے کے وزیر سکھارام باپو کو یہیں قید کیا تھا۔ سکھارام کو وقفے وقفے سے کئی قلعوں میں رکھا گیا،بالآخر وہ قلعہ رائے گڑھ میں ا نتقال کرگئے۔ اسی طرح۱۷۹۶ء میں نانا فرنویس نے دولت راؤ شندے اور ان کے وزیر بالوبا کی سازشوں سے بچنے کیلئے مہاڈ جانے سے قبل پرتاپ گڑھ ہی میں مضبوط فوجی اڈہ بنایا تھا۔۱۸۱۸ء میں تیسری اینگلو مراٹھا جنگ میں مراٹھوں کی شکست کے بعد اس قلعہ پر انگریزوں کاقبضہ ہو گیا۔ یہ ایک ناقابل تسخیر قلعہ تھا، اس لئے اسے کھو دینا مراٹھوں کا بہت بڑا نقصان تھا۔اسی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اب یہ مہاراشٹر کا ایک اہم سیاحتی مقام بن گیا ہے، تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے سیاح یہاں کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔ اس کےطرز تعمیر کی داد دیتےہیں۔ قلعہ پرتاپ گڑھ مہابلیشور سے ۲۳؍ کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ اس خطے کی مقبول ترین پہاڑی تفریح گاہ ہے۔ قلعہ سطح سمندر سے ایک ہزار ۸۰ ؍ میٹر بلند ی پر ہے۔ فطرت کے حسین مناظر سے گھر اہو ا ہے۔ چاروں طرف شادابی ہے۔ 
اس قلعے تک پہنچے کے کئی راستے ہیں، ٹرین سے بھی پہنچ سکتے ہیں، سڑک سے بھی پہنچ سکتے ہیں۔ اس سے قریب ترین ہوائی اڈہ پونے کا ہوائی اڈہ ہے جو قلعے سے ۱۵۰؍ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK