• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ پریم مول لیا: سورج بڑجاتیا کی ہدایت کاری والی روایت شکن فلم

Updated: November 28, 2026, 12:45 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

اس فلم میں نہ زیادہ بڑے سیٹ ہیں، نہ بڑے پیمانے پر رسم و رواج کی تقریبات ہیں اور نہ ہی کوئی حیرت انگیز موڑہے، بلکہ کچھ روایات کو ختم کرنے کا پیغام ہے۔

Ayushmann Khurrana and Sharvari can be seen in a scene from the film `Yeh Prem Mol Liya`. Photo: INN
فلم’یہ پریم مول لیا‘کےایک منظر میں آیوشمان کھرانہ اور شروری کودیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

یہ پریم مول لیا (Yeh Prem Mol Liya)
اسٹارکاسٹ: آیوشمان کھرانہ، شروری، انوپم کھیر،سوانند کرکرے، سپریا پاٹھک، سیما پاہوا، سومیہ ٹنڈن، گیتا اگروال شرما،شروتی سیٹھ
ڈائریکٹر اور رائٹر: سورج بڑجاتیا
 پروڈیوسر: سورج بڑجاتیا،اجیت  بڑجاتیا، کمل بڑجاتیا،مہاویر جین
موسیقی: ہمیش ریشمیا
سنیماٹو گرافر: منوج کھٹوئی،راجن کناگی
ایڈیٹر: شویتا وینکٹ 
پروڈکشن ڈیزائن: اروی آشر
کاسٹیوم ڈیزائن : غزل گپتا، شروتی کپور، ٹیرینس لوبو، شیتل شرما
میک اپ : سورج شرما
ریٹنگ: ***

یہ بھی پڑھئے: ننھے دل: معصومیت، دوستی اور یکساں تعلیمی مواقع کا خوبصورت پیغام

سورج بڑجاتیا عام طور پر روایات کی پاسداری اورروایات کو پھر زندہ کرنے کا پیغام دینے والی فلمیں بنانے کیلئے مشہور رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے ایک ایسی فلم بنائی ہے جو روایات سے انحراف اور پرانی رسموں کو ختم کرنے کا پیغام دیتی ہے۔ان کی فلموں کی ایک اور خاص بات ہے کہ ان کی فلموں میں پریم نام کا کردار ہوا کرتا تھا جن میں سے زیادہ تر کردار سلمان خان نے ادا کئے ہیں۔ اس فلم میں بھی پریم نام کا کردار ہے جسے آیوشمان کھرانہ نے ادا کیا ہےجبکہ فلم کے عنوان میں بھی لفظ ’پریم‘ کا استعمال کرتے ہوئےفلم کا نام ’یہ پریم مول لیا‘ رکھا گیا ہے۔ لیکن مجھے اس ٹائٹل پر اعتراض ہے کہ پریم کوئی ایسی چیز نہیں جسے مول لیا جاسکے اور نہ ہی پریم نام کے کسی شخص کو مول لیا جاسکتا ہے۔خیر نام کے معاملے میں ان کامطمح نظرکچھ بھی رہا ہولیکن  ایک معاملے میں انہوں نے اس فلم میں بھی روایت برقرار رکھی ہے اور وہ ہے موسیقی۔ اس فلم کے گیت بھی عمدہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کی کہانی

فلم کی کہانی ظاہر ہے پریم نامی نوجوان(آیوشمان کھرانہ) کے گرد گھومتی ہے جوٹی وی میں بیک گرائونڈ موسیقی ترتیب دیتاہے لیکن وہ فلمی گیتوںکیلئے موسیقی ترتیب دینا چاہتا ہے۔اس کےلئے وہ اپنے دادا(انوپم کھیر) کی مدد سےایک پروڈیوسر کی گھر پر دعوت رکھتا ہے۔ وہ پریم کو مشورہ دیتا ہے کہ پہلے ایک پیار بھرا گیت مکمل کرو اور پیار بھرا گیت لکھنے کیلئے تمہیں کسی حسینہ سے پیار کرنا ہوگا۔پھر ہمارا پریم،پیار کرنے کیلئے پیاری سی لڑکی کی تلاش میں نکل پڑتا ہےجو لوکل ٹرین کی پٹری پر پوری ہوتی ہے۔ خیر کسی نہ کسی طرح اس لڑکی پوروا سولنکی(شروری واگھ)کے رابطہ میں آتا ہےلیکن وہ شادی سے انکار کر دیتی ہےکیوں کہ ایک بڑے سے گھر میں وہ اپنی دادی(سیما پاہوا)، نانی(سپریا پاٹھک)،چاچی (سربھی تیواری)، پھوپھی (سومیہ ٹنڈن)اور ان کی چھوٹی بیٹی ساتھ رہتی ہے اور ان سب کی ذمہ داری اسی کے کاندھوں پر ہے۔ایسے میں وہ ان سب کو چھوڑ کر کہیں جانا نہیں چاہتی اس لئے شادی بھی نہیں کرنا چاہتی۔ایسے میں پریم ایک ترکیب نکالتا ہے اور اپنے پورے خاندان کے ساتھ اس کے گھر میں منتقل ہوجاتا ہے۔اس کے بعد کیا کچھ مسائل درپیش ہوتے ہیں اور انہیں کس طرح حل کیا جاتا ہے،اگر آپ کو یہ جاننا ہے تو آپ کو فلم دیکھنا ہوگی۔

ہدایت کاری

اس فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر سورج بڑجاتیانے اپنی مہارت کا خوب مظاہرہ کیا ہے۔ فلم کی کہانی اور اسکرین پلے کافی عمدگی سے لکھا گیا ہےاور اسی مشاقی سے اسے پردے پر بھی اتارا گیا ہے۔ حالانکہ فلم کا پہلا آدھا حصہ کچھ سست رفتار محسو ہوتا ہے لیکن انٹرول کے بعد کا حصہ کئی ٹوئسٹ کے سبب باندھے رکھنے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس میں بھی بڑے گھر یعنی بڑے سیٹ دکھائے گئے ہیں لیکن فلم’پریم رتن دھن پایو‘ کی طرح نہیں ہیں۔روایت کے مطابق اس میں بھی کچھ رسم و رواج دکھائے گئےہیں لیکن’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی طرح بڑے پیمانے پر رسمیں نہیں ہیں اور نہ ہی فلم’ویواہ‘ کی طرح کوئی ایسا موڑ ہے جوچونکا کر رکھ دے۔ جیسا کہ پہلے کہا گیااس میں روایت شکنی پر بات کی گئی ہےجو حیرت انگیز ضرور ہے۔راج شری کی ایک اور روایت عمدہ موسیقی کو برقرار رکھا گیا ہے جس کی ذمہ داری ہمیش ریشمیا نے بھی عمدگی سےنبھائی ہے۔

اداکاری

اداکاری کی بات کی جائے توآیوشمان کھرانہ نے عمدہ اداکاری کا سلسلہ برقرار رکھا ہے، جبکہ شروری نے بھی مقدور بھر اچھی اداکاری کی کوشش کی ہے۔ انوپم کھیرنے بھی حسب سابق اچھا کام کیا ہے۔  سپریہ پاٹھک بھی اپنی روش سے ہٹ کر مزاحیہ کی جگہ سنجیدہ اداکاری کرتے ہوئی نظر آتی ہیں۔ سیما پاہوانے بھی  اپنے کردار سے پورا انصاف کیا ہے۔سخت گیر اور روایات پر چلنے والے والدوید مشرا کے کردار میںسوانند کرکرے اپنی اداکاری سے حیران کرتےہیںجبکہ شاد رندھاوا،گیتا اگروال شرما،سومیہ ٹنڈن،سربھی تیواری شروتی سیٹھ کرش رائو، اور اشنور کور بھی اپنی اپنی اداکاری سے فلم کو مضبوطی فراہم کرتے ہیں اورجس سے یہ مزید نکھر کر آتی ہے۔

کیوں دیکھیں؟

اگر آپ بھی رسم و رواج اور نئی سوچ پر مبنی روایت شکنی کے ساتھ اچھی موسیقی اور عمدہ اداکاری دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK