• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افسانہ: اب ایسی چھاؤں کہاں؟

Updated: November 23, 2026, 4:50 PM IST | Saeed Patel | Jalgaon

کچھ لوگوں کیلئے راحت راحت نہیں رہتی، ایک نئی جدوجہد کا حرف آغاز ہوتی ہے۔ اس افسانے کا مرکزی کردار انہی لوگوں میں سے ایک ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اچانک حالات نے کروٹ بدلی اور جاگیردار گھرانے کی بیٹی قمر جہاں پر اپنے تین بیٹوں اور ایک بیٹی کی پرورش کی ذمہ داری آن پڑی۔ سسرال سے میکے آنا، پھر شوہر کی وفات ،ان سب نے اسے مزید غریب اور بے سہارا بنا دیا تھا۔ ذریعۂ معاش کے لئے اس نے کئی جگہ جدوجہد کی۔ ایک مقام سے دوسرے  مقام ہجرت کی۔

کچھ عرصے بعد جب بڑے بیٹے کو ملازمت ملی تو اس کے چہرے پر خوشی کی چمک نمایاں ہوگئی، مگر ابھی زندگی کا ایک طویل سفر باقی تھا۔ یہ اُس دور کی بات ہے جب زیادہ تر لوگ کسان ہوا کرتے تھے۔ گھروں میں اناج تو موجود ہوتا تھا، مگر نقد رقم کی شدید کمی رہتی تھی۔ بڑے بڑے زمیندار بھی اکثر ضرورت کے وقت دولت مندوں سے قرض لینے پر مجبور ہوا کرتے تھے۔ 

جب قمر جہاں اپنے بچوں کو لے کر شہر کی طرف آئی تو اپنی ایک قریبی رشتہ دار خاتون کے پاس پالی ہوئی ایک بکری چھوڑ آئی۔ اس کے دل میں یہ امید تھی کہ اگر کبھی ضرورت پڑی تو بکری فروخت کرکے کچھ مالی مدد حاصل ہو جائے گی۔ شہر کے قریب ایک گاؤں میں رہائش اختیار کرنے کے بعد بھی اس کی غربت ختم نہ ہوئی۔ غربت گویا اس کے ساتھ ساتھ چلتی رہی۔ اُس زمانے میں لوگ لکڑیاں خرید کر چولہے پر کھانا پکاتے تھے، مگر غریب عورتیں دن بھر کھیتوں میں مزدوری کرنے کے بعد شام کو واپسی پر سر پر لکڑیوں کا گٹھا اٹھا کر لاتیں اور انہی سے گھر کا چولہا جلتا۔ قمر جہاں بھی روزانہ مزدوری کے لئے جاتی۔ واپسی پر کبھی لکڑیاں ساتھ لے آتی، اور اگر کام نہ ملتا تو دوسری عورتوں کے ساتھ جنگل جا کر صرف چولہے کے لئے  لکڑیاں جمع کرتی۔ غربت قدم قدم پر اس کی ساتھی تھی۔ مگر اس کی ایک ہی فکر تھی ،کسی طرح اس کی اولاد کامیاب ہو جائے۔

یہ بھی پڑھئے: مولانا محمد صادق ملی ندوی جو چلتا پھرتا انسائیکلوپیڈیا تھے

اسی طرح، محنت و مشقت کے ساتھ دن گزر رہے تھے کہ ایک وقت ایسا آیا جب مجبوری نے اسے گاؤں جا کر بکری فروخت کرنے پر مجبور کر دیا۔ وہ اپنے آٹھویں جماعت میں زیرِ تعلیم چھوٹے بیٹے کو ساتھ لے کر گاؤں روانہ ہوئی۔ بہت کوشش کی کہ بکری وہیں اچھے داموں فروخت ہو جائے، مگر جیسا کہ کہا جاتا ہے: غریب کی مجبوری سے ہر کوئی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

آخر اس نے فیصلہ کیا کہ بکری کو شہر لے جا کر فروخت کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔ گرمی کا موسم شروع ہو چکا تھا۔ نمازِ فجر کے بعد ، آفتاب طلوع ہونے سے پہلے ، صبح کی ٹھنڈی اور خوشگوار ہوا میں ماں اور بیٹے نے بکری کے گلے میں رسی باندھی۔ اُس بکری کے دو ماہ کے میمنے کو گود میں اٹھایا اور بڑی اُمیدوں کے ساتھ شہر کی طرف چل پڑے۔

سفر چالیس کلومیٹر سے زائد تھا۔ صبح کی تازگی میں کچے راستے کا کچھ سفر آسانی سے طے ہوگیا۔ پھر آہستہ آہستہ سورج کی تپش بڑھنے لگی۔ بکری ساتھ ساتھ چلتی رہی۔ اس دوران وہ  راستے کے کنارے اگی ہوئی گھاس بھی چرتی جاتی۔ مگر اس کے بچے کو ماں اور بیٹا باری باری گود میں اٹھاتے اور آگے بڑھتے رہے۔ کبھی دونوں تھک جاتے تو کچھ دیر رُک جاتے، پھر نئی ہمت کے ساتھ چل پڑتے۔ راستے میں کسی گاؤں سے گزرتے تو کسی جھوپڑی نما ہوٹل سے پانی لے کر حلق تر کرلیتے۔ پاس پیسے نہیں تھے کہ کچھ خرید کر ناشتہ ہی کر لیتے۔

راستے میں ایک ندی آئی جہاں بکری کو پانی پلایا گیا۔ میمنے نے ماں کا دودھ پیا۔ پھر سفر دوبارہ شروع ہوا۔اب بھی ان کی وہی ترتیب تھی۔ کبھی بچہ گود میں ہوتا، کبھی زمین پر چلنے دیا جاتا۔ جب وہ ادھر اُدھر بھٹکنے لگتا تو دوبارہ گود میں اٹھا لیا جاتا۔ 

سورج ڈھلنے لگا تھا۔ زرد ہوتی روشنی شام میں بدل رہی تھی۔ سخت تھکا دینے والا سفر تین پڑاؤ پار کرکے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ ماں اور بیٹے کی زبان پر نہ تھکن کی شکایت تھی نہ ہی کسی کا شکوہ۔  اُن کے چہروں پر کچھ تھا وہ تھا  صبر، سکون اور اطمینان۔شام کی سیاہی گہری ہو چکی تھی جب دونوں ماں بیٹے، بکری اور میمنے کے ساتھ خیریت سے گھر پہنچ گئے۔ ابھی پیدل سفر کی تھکن سے تھوڑا آرام ہی ملا تھا کہ بکری اور میمنے کو فروخت کرنے کے لئے بازار جانا پڑا۔ 

بازارپہنچ کر قمر جہاں نے بکری اور اس کے میمنے کو فروخت کرکے اپنی فوری ضرورت پوری کی۔ اور پھر ایک نئی ضرورت کو پورا کرنے کےلئے تازہ دم نئی محنت سے  اپنے آپ کو تیار کرلیتی تھی۔ یہ سفر اس کے دنیا سے کوچ کرجانے تک جاری رہا۔ اس کی زندگی کی ہر قربانی اس کی  اولاد کیلئے صبرو استقامت کی گہری چھاؤں تھی جو ان پر سایہ فگن رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK