اسرائیل میں حکومت سازی اتنی مشکل نہیں ہے جتنی بنا دی گئی ہے۔ آئزن کوٹ، جو ممکنہ طور پر وزیراعظم ہوں گے، عرب پارٹیوں کی مدد سے بہت آسانی سے حکومت بنا سکتے ہیں اور سچ پوچھئے تو اب تک بنا چکے ہوتے مگر عرب پارٹیوں کی حمایت لینے کے لئے نہ تو وہ پہلے تیار تھے اور نہ ہی اب آمادہ دکھائی دیتے ہیں
اسرائیل میں حکومت سازی اتنی مشکل نہیں ہے جتنی بنا دی گئی ہے۔ آئزن کوٹ، جو ممکنہ طور پر وزیراعظم ہوں گے، عرب پارٹیوں کی مدد سے بہت آسانی سے حکومت بنا سکتے ہیں اور سچ پوچھئے تو اب تک بنا چکے ہوتے مگر عرب پارٹیوں کی حمایت لینے کے لئے نہ تو وہ پہلے تیار تھے اور نہ ہی اب آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی پارٹی کے لوگوں نے نیتن یاہو کی پارٹی کے ذمہ داران سے مذاکرات کئے اور اب کوشش کی جا رہی ہے کہ وہاں ایک ایسی حکومت قائم ہو جس کو نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کی حمایت حاصل رہے۔ کیا یہ اس لئے ہے کہ پانی میں رہ کر مگرمچھ سے بیر نہیں رکھنا چاہئے؟ بیر ہے بھی یا نہیں اس کا فیصلہ بھی مشکل ہے۔ بیر ہوتا تو اتوار کو مذاکرات کا پہلا دور نہ چلتا۔ شاید آئزن کوٹ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ بیر میں اور مخالفت میں فرق ہے۔ بیر نہیں رکھا جاسکتا مخالفت کی جاسکتی ہے۔ اب تک مخالفت ہی جاری تھی۔ اپوزیشن کی حیثیت سے مخالفت کرنی بھی تھی مگر بیر نہیں تھا۔ اب بھی نہیں ہے۔ رہی مخالفت تو اب اس کی ایک نئی شکل سامنے ہے۔ وہ یہ کہ لیکوڈ پارٹی کی حمایت مل جائے مگر نیتن یاہو گڑبڑ نہ کریں ایک بار پھر وزیر اعظم بننے کیلئے۔ کیا یہ ممکن ہے کہ لیکوڈ کی حمایت لی جائے مگر نیتن یاہو کو حاشئے پر رکھا جائے؟
یہ بھی پڑھئے: ۱۰۰؍ سال کا ٹیچر
ہم آپ محسوس ہی کرسکتے ہیں کہ ان دنوں وہ کتنے بے چین ہوں گے۔ ماہیٔ بے آب کی طرح۔ اقتدار ہاتھ سے نکلنے کے بعد کچھ بھی ایسا نہیں ہے جو ان کے ہاتھ آسکے۔ ان کے خلاف عوام میں ناراضگی ہے۔ عالمی رائے بھی ان کے خلاف ہے مگر وہ لوگ جن کے پاس بے پناہ طاقت ہے وہ سب نیتن یاہو کے بندۂ بے دام ہیں۔ ان میں پہلا نام ٹرمپ کا ہے جنہوں نے یاہو کی کامیابی کیلئے کافی پاپڑ بیلے۔ امریکہ کی یہودی لابی بھی، جس کے پاورفل ہونے میں کسی کو شک نہیں ہوسکتا، آج بھی نیتن یاہو کو وزیر اعظم بنانا چاہتی ہے۔ ممکن ہے آئزن کوٹ کے موقف کی تبدیلی میں کہیں نہ کہیں ٹرمپ اور یہودی لابی کا اہم رول ہو مگر اسرائیل کے صدر نے حکومت سازی کی دعوت آئزن کوٹ کو دی ہے۔ جو بھی ہو، ۶؍ دسمبر تک طے ہو جانا چاہئے کہ آئزن کوٹ کس کس کی حمایت سے حکومت بنائیں گے۔ اگر یہ نہیں ہوا تو جو حالات پیدا ہوں گے وہ ملک کو ازسرنو انتخابات ہی کی طرف لے جائینگے۔ جو بھی ہو، ہمیں اسرائیل میں قائم ہونے والی کسی بھی حکومت سے امید نہیں کہ وہ مشرق وسطیٰ کے حالات کو بہتر بنانے کے تعلق سے سنجیدہ ہوگی۔ بالخصوص غزہ کے شہریوں کو انصاف دلانے اور یہودی بستیوں کو روکنے کا ارادہ کریگی۔ یہ بات اس لئے بھی کہی جارہی ہے کہ اسرائیل میں سیاسی حالات غیر یقینیت کا شکار ہیں مگر اسرائیلی فوج غزہ میں وہی کررہی ہے جو الیکشن سے پہلے کررہی تھی۔ تازہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے چار افراد کو شہید کیا جن میں ایک بارہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے جس کی پشت پر گولی ماری گئی۔ وہ چاہے اہل غزہ کو ناکردہ گناہی کی سزا دینا ہو، ان کو بندوق کا نشانہ بنانا ہو، ان تک غذائی رسد کو نہ پہنچنے دینا ہو، ان پر پانی بند کرنا ہو، طبی امداد روکنا ہو، اسرائیلی فوج کسی بھی سطح پر انسانی سلوک کیلئے تیار نہیں ہے۔ اسی لئے ہم کسی غلط فہمی میں نہیں ہیں۔ اسی لئے آئزن کوٹ سے بھی کوئی امید نہیں کررہے ہیں۔ امید تب پیدا ہوگی جب عالمی برادری جاگے گی، جب عرب ممالک ہوش کے ناخن لیں گے۔