• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواجہ احمد عباس: علی گڑھ نے ان کے مزاج کی آبیاری کی اور قلم پر دھار رکھی تھی

Updated: November 23, 2026, 4:36 PM IST | Riffat Suroosh | Mumbai

اِن دنوں خواجہ صاحب کی، جو مولانا حالی کے نواسے تھے، صدی تقریبات منائی جارہی ہیں۔ اسی مناسبت سے رفعت سروش کا یہ مضمون بطور خراج عقیدت۔

Khwaja Ahmad Abbas. Photo: INN
خواجہ احمد عباس۔ تصویر: آئی این این
بمبئی بڑے حرفوں کی بنی ہوئی ہے اور اس کے روپ رنگ کو بنانے میں حرف نگاروں کا بھی بڑا ہاتھ رہا ہے۔ بمبئی کی کشش کی بات ہی اور ہے۔ بڑے بڑے حرف نگار بمبئی آئے اور اسی کی آغوش میں آکر سو گئے۔ ہاں اپنا کچھ نہ کچھ چھوڑ گئے، جو بمبئی کی رنگا رنگی میں کام آیا۔ ایک تھے علامہ شبلی۔ جب بمبئی میں دل کے تقاضوں سے مجبور ہو کر آئے تو عش عش کر اٹھے اور کہا: ’’بمبئی تو کشور ہندوستاں کی ناک ہے = آبروئے مصر تیرے سامنے کیا؟خاک ہے!‘‘ 
شبلی تو دام بمبئی سے نکل کر اعظم گڑھ پہنچ گئے مگر ایسے کتنے ہی حرف نگار ہیں جو بمبئی آئے اور بمبئی کے ہی ہو رہے۔ یوں کہئے کہ بمبئی کی تہذیب و تمدن کا ایک حرف یا ایک ورق بن گئے۔ ایسے ہی ایک حرف نگار تھے خواجہ الطاف حسین حالی کے نواسے خواجہ احمد عباس جو پانی پت سے بمبئی وارد ہوئے۔ زمانہ آزادی سے کئی سال پہلے کا تھا۔ اس وقت بمبئی گریٹ نہیں ہوئی تھی۔ قلابہ سے ماہم تک کی بمبئی، انگریزوں کی حکومت کا زمانہ، اس وقت شمالی ہندوستان سے بمبئی آنا ایسا لگتا تھا جیسے آج لوگ امریکہ جاتے ہیں۔ خواجہ احمد عباس کے دل میں آزادی کی آگ دہک رہی تھی۔ علی گڑھ نے ان کے مزاج کی آبیاری کی تھی اور ان کے قلم پر دھار رکھی تھی۔ ایک بار وہ اور انصار ہروانی علی گڑھ سے دہلی تک پنڈت نہرو کے ساتھ ٹرین میں ان کے ہم سفر ہوئے اور پنڈت جی نے ایسا پاٹھ پڑھایا کہ ان علیگیرینوں نے تہیہ کیا کہ زندگی جدو جہد آزادی میں صرف کر دینگے اور ملازمت نہیں کرینگے۔ دونوں نے اپنے اپنے انداز سے کارنامے انجام دیئے۔ 
خواجہ احمد عباس قلم کے دھنی، بمبئی وارد ہوئے تو بیک وقت دونوں میدانوں میں اپنے جوہر دکھانے شروع کئے، انگریزی صحافت اور فلمی کہانی۔ آخر تک اُن کے بارے میں یہ طے نہ ہوسکا کہ وہ صحافی پہلے ہیں یا افسانہ نگار۔ وہ ہمیشہ دو گھوڑوں کی بگھی کے کوچوان بنے رہے اور سوشلزم ان کا مسلک رہا۔ کمیونسٹ پارٹی کے کبھی ممبر نہیں بنے مگر سب باتیں کمیونسٹوں والی تھیں۔ سرمایہ داروں کی سرمایہ داری سے نفرت، مزدور اور غریب لوگوں کا درد دل میں۔ اسی بنیادی خیال کو لے کر انہوں نے کہانیاں لکھیں۔ اداریئے لکھے اور کالم لکھے۔ ایک زمانہ تھا کہ بلٹز اور خواجہ احمد عباس لازم و ملزوم تھے۔ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں۔ راقم الحروف نے آزادی سے تقریباً دو سال پہلے بمبئی میں قدم رکھا تھا۔ انجمن اسلام (بوری بندر) کے ہال میں ایک جلسہ و مشاعرہ یا مشاعرہ نما جلسہ تھا۔ میں نے اپنی ایک نظم ’’زندگی‘‘ پڑھی۔ نیا نیا بمبئی گیا تھا۔ عمر بھی بیس اکیس سال رہی ہوگی۔ عباس نے اس جلسے پر اپنا کالم انگریزی میں لکھا اور میرے نام اور کلام کو بھی اس رپورٹ میں شامل کیا۔ اس جلسے میں عباس سے تعارف ہوا۔ اس کے بعد ان کی شخصیت کے کئی روپ دیکھے۔ 
فلموں میں وہ نیا سنسار، نئی زندگی اور نئے خوابوں کی کہانی لکھتے تھے۔ ’’ڈاکٹر کوٹنس‘‘ بھی ان کی کہانی تھی۔ 
خواجہ احمد عباس کسی ایک منزل پر رک جانے والے کا نام نہیں تھا۔ انہوں نے فلموں کی کہانیاں لکھیں اور جب دیکھا کہ ڈائریکٹر کہانیوں کا حلیہ بگاڑ دیتے ہیں تو ڈائریکٹر بن گئے۔ اور جب محسوس ہوا کہ ڈائریکٹر بھی پروڈیوسر کے ہاتھوں بے بس ہوتا ہے تو خود پروڈیوسر بھی بن گئے۔ اور فلموں کے علاوہ ’’سات ہندوستانی‘‘ بھی خواجہ احمد عباس ہی کی فلم تھی جس میں آج کے سپر اسٹار اور اس وقت کے بے کار امیتابھ بچن کو پہلا موقع ملا اپنی صلاحیت دکھانے کا۔ عباس اُن دنوں کیڈل روڈ (ماہم) میں رہتے تھے۔ ان کی بیگم موجی آپا (مجتبائی عباس) بہت ذہین مگر خاموش خاموش خاتون تھیں۔ سلطانہ بیگم، جو بعد میں سلطانہ جعفری بنیں، جب بمبئی وارد ہوئیں تو اسی علاقے میں عصمت چغتائی کے ساتھ رہتی تھیں۔ 
کہانیوں سے کہانیاں نکلتی ہیں۔ ایک جملہ جو ہمارے ایک ہندی کے ادیب رمیش سنہا نے کہا تھا بہت دلچسپ اور معنی خیز ہے۔ ان دنوں شاید ہی کسی اردو ادیب کے پاس موٹر گاڑی ہو مگر عباس کے پاس گاڑی تھی۔ رمیش سنہا نے کہا:  اگر عباس کی گاڑی سے کسی غریب کا ایکسیڈنٹ ہو جائے تو وہ اسے سڑک پر ہی چھوڑ کر سیدھا اپنی رائٹنگ ٹیبل پر آ جائیگا اور کالم لکھے گا: ’’ایک سرمایہ دار کی موٹر سے ایک غریب آدمی کچلا گیا۔‘‘
دراصل اس جملے کے پیچھے خواجہ احمد عباس کی ’’غیر کمیونسٹ شخصیت‘‘ پر طنز تھا۔ اور ایک زمانہ وہ بھی آیا کہ انجمن ترقی پسند مصنفین کے ایک جلسے میں، جو دیو دھر اسکول، اوپیرا ہاؤس میں منعقد ہوا تھا، نام نہاد ترقی پسندوں نے خواجہ احمد عباس کو رجعت پسند قرار دیا۔ اور جب جوابی تقریر میں خواجہ احمد عباس نے کہا کہ آپ لوگ جو کچھ میرے بارے میں کہہ رہے ہیں، آپ کا ضمیر کیا اس کی گواہی دے رہا ہے؟ تو گیت کار شیلندر نے کہا تھا: ’’ہم نہیں جانتے ضمیر کس چڑیا کا نام ہے۔‘‘
 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK