کیا ایک شخص کیلئے وزیر، قانون ساز اور پروفیسر تینوں حیثیتوں کو بیک وقت اپنے پاس رکھنا ضروری ہے؟ یہ معاملہ بہار میں پیش آیا ہے۔ یہ سراسر اصول اور ضابطے کی خامی ہے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 4:28 PM IST | Professor Mushtaq Ahmed | Mumbai
کیا ایک شخص کیلئے وزیر، قانون ساز اور پروفیسر تینوں حیثیتوں کو بیک وقت اپنے پاس رکھنا ضروری ہے؟ یہ معاملہ بہار میں پیش آیا ہے۔ یہ سراسر اصول اور ضابطے کی خامی ہے۔
بہار کی سیاست میں اِن دنوں ایک ایسا معاملہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے جس نے ریاست کے جامعاتی نظام، سرکاری ملازمتوں کے ضوابط اور آئینی اخلاقیات کو ایک بار پھر بحث کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔ یہ معاملہ بہار کے کابینہ وزیر اور قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر اشوک چودھری کا ہے، جن کے سر پر اب ’آفس آف پرافٹ‘ کی تلوار لٹکتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک طرف وہ بہار حکومت میں وزیر ہیں، دوسری طرف قانون ساز کونسل کے رکن ہیں اور تیسری طرف پٹنہ کے اے این کالج میں شعبۂ سیاسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تقرری حاصل کرکے ملازمت بھی جوائن کر چکے ہیں۔ واضح ہو کہ انہوں نے ۱۷؍ فروری ۲۰۲۶ء کو اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا اور اگلے ہی دن چھٹی پر چلے گئے تاکہ اپنی سیاسی اور وزارتی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا ایک شخص بیک وقت ان تینوں حیثیتوں میں رہ سکتا ہے؟ کیا کسی منتخب عوامی نمائندے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پہلے سے قانون ساز کونسل کا رکن اور وزیر ہوتے ہوئے کسی سرکاری یونیورسٹی کے تحت تدریسی عہدے پر تقرری حاصل کرے اور پھر ملازمت جوائن کرنے کے اگلے ہی دن چھٹی لے کر اپنی سیاسی ذمہ داریوں میں مصروف ہو جائے؟ کیا اس طرح کی تقرری محض ایک انتظامی کارروائی ہے یا اس کے پس منظر میں آئینی اور قانونی پیچیدگیاں بھی موجود ہیں؟ یہی وہ سوالات ہیں جنہوں نے اس پورے معاملے کو ایک سنجیدہ سیاسی اور قانونی تنازع میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس معاملے کی اہمیت اس لئے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ کسی عام سرکاری ملازم یا کسی معمولی انتظامی غلطی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ ایک ایسے شخص سے متعلق ہے جو ریاستی کابینہ کا حصہ ہے اور عوامی نمائندگی کے ایک اہم ادارے، بہار قانون ساز کونسل، کا رکن بھی ہے۔ ایسے میں ان کے ہر اقدام کو عام شہری کے مقابلے میں زیادہ شفاف، قانونی اور اخلاقی معیار پر پرکھا جانا فطری ہے۔ انہوں نے ۱۷؍ فروری کو ملازمت جوائن کی اور ۱۸؍ فروری کو چھٹی کیلئے درخواست دیدی۔ اس درخواست میں ملازمت سے متعلق رعایت اور لیئن (Lien) کا معاملہ بھی شامل تھا۔ لیکن جب ۱۹؍ اگست کو یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے سامنے یہ معاملہ آیا تو اس نے متعلقہ قانونی دفعات کی روشنی میں اس پر اعتراض کیا اور رہنمائی کیلئے معاملہ لوک بھون بھیج دیا۔ لوک بھون، جو بہار کی یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے بھی اہم آئینی و انتظامی کردار ادا کرتا ہے، نے اس معاملے کا جائزہ لیا۔ ۳۱؍ اکتوبر کے ایک تفصیلی نوٹ میں گورنر کے اس وقت کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری دیپک کمار سنگھ نے یہ موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر اشوک چودھری چونکہ ملازمت کے ابتدائی دور یعنی پروبیشن میں تھے، اس لئے انہیں لیئن کی سہولت حاصل نہیں ہوسکتی۔ اس نوٹ میں بہار اسٹیٹ یونیورسٹیز ایکٹ ۱۹۷۶ء کی دفعہ ۸۶ (۲) کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس دفعہ کا تعلق ایسے یونیورسٹی ملازمین سے ہے جو پہلے سے ملازمت میں ہوں اور بعد میں قانون ساز ادارے کے رکن منتخب ہو جائیں۔ اس کے برعکس ڈاکٹر اشوک چودھری کا معاملہ یہ ہے کہ وہ پہلے سے قانون ساز کونسل کے رکن تھے اور بعد میں یونیورسٹی کے تدریسی عہدے پر فائز ہوئے۔ چنانچہ دونوں صورتوں کو ایک جیسا نہیں سمجھا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی کتاب،شائقین اور معترضین
یہاں ایک بنیادی قانونی نکتہ بھی قابلِ غور ہے۔ کسی سرکاری عہدے پر تقرری کے بعد اس سے متعلق تنخواہ اور دیگر مالی مراعات حاصل کرنے کا حق پیدا ہوتا ہے۔ اسلئے محض یہ کہنا کافی نہیں کہ متعلقہ شخص نے تنخواہ وصول نہیں کی یا چھٹی لے رکھی ہے۔ قانونی سوال یہ ہے کہ کیا اس عہدے کیساتھ مالی منفعت حاصل کرنے کا حق وابستہ ہے؟ اگر ایسا ہے تو محض تنخواہ نہ لینے سے اس عہدے کی نوعیت تبدیل نہیں ہو جاتی۔ اسی بنیاد پر لوک بھون کے نوٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کو آفس آف پرافٹ کے دائرے میں شمار کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ تاہم، یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ لوک بھون کا یہ نوٹ بذاتِ خود ڈاکٹر اشوک چودھری کی قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہے۔ معاملے میں بہار کے ایڈوکیٹ جنرل سے قانونی رائے طلب کئے جانے کی اطلاعات ہیں اور حتمی آئینی کارروائی متعلقہ مجاز اتھاریٹی کے ذریعے ہی انجام دی جاسکتی ہے۔
ہندوستانی جمہوریت میں آفس آف پرافٹ کا تصور محض قانونی اصطلاح نہیں بلکہ عوامی نمائندگی کے وقار اور جمہوری اداروں کی خودمختاری سے وابستہ ایک بنیادی اصول ہے۔ آئین ہند کے آرٹیکل ۱۹۱ (۱) (a) کے تحت کسی ریاست کی قانون ساز اسمبلی یا قانون ساز کونسل کا رکن اس صورت میں نااہل قرار دیا جاسکتا ہے جب وہ حکومت ِ ہند یا کسی ریاستی حکومت کے تحت کوئی ایسا عہدہ برائے منفعت رکھتا ہو جسے متعلقہ قانون کے ذریعے نااہلی سے مستثنیٰ قرار نہ دیا گیا ہو۔ اس اصول کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام کا منتخب نمائندہ حکومت کے مالی یا انتظامی مفادات کا ایسا تابع نہ بن جائے کہ اس کی آزادانہ سیاسی حیثیت اور عوام کے تئیں جوابدہی متاثر ہو۔ قانون ساز کا کام حکومت کی پالیسیوں پر نظر رکھنا، سوال اُٹھانا، بجٹ پر بحث کرنا اور عوامی مفادات کی حفاظت کرنا ہے۔ اگر وہ خود حکومت کے تحت کسی ایسے عہدے پر فائز ہو جس سے اسے مالی فائدہ حاصل ہوسکتا ہو تو مفادات کے ٹکراؤ کا سوال پیدا ہوتا ہے۔ اس ضمن میں سپریم کورٹ کا ۲۰۰۶ء کا مشہور فیصلہ جیا بچن بنام یونین آف انڈیا خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقدمے میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ کسی عہدے کے آفس آف پرافٹ ہونے کا تعین صرف اس بات سے نہیں ہوگا کہ متعلقہ شخص نے حقیقتاً تنخواہ یا مالی فائدہ حاصل کیا ہے یا نہیں بلکہ یہ دیکھا جائے گا کہ اس عہدے کے ساتھ مالی منفعت حاصل کرنے کا حق موجود ہے یا نہیں۔ یعنی اگر کسی عہدے پر فائز شخص اپنی مرضی سے تنخواہ وصول نہ کرے، تب بھی عہدے کی قانونی نوعیت تبدیل نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر اشوک چودھری کے سر پر لٹکتی ہوئی آفس آف پرافٹ کی تلوار کا فیصلہ جو بھی ہو، اس واقعے نے بہار کے سیاسی اور تعلیمی نظام کے سامنے ایک بنیادی سوال ضرور کھڑا کر دیا ہے۔ کیا عوامی زندگی میں عہدوں کی اہمیت زیادہ ہے یا ان عہدوں سے وابستہ ذمہ داریوں کی؟ میرے خیال میں اس سوال کا جواب صرف بہار ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے جمہوری اور تعلیمی نظام کے مستقبل کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ کیونکہ جب عہدے ذمہ داری کے بجائے مراعات کی علامت بننے لگتے ہیں تو جمہوری اداروں کی اخلاقی بنیادیں کمزور ہونے لگتی ہیںاور کسی بھی جمہوریت کیلئے اس سے زیادہ تشویشناک صورتحال اور کیا ہو سکتی ہے؟