اورنگ آباد اور ریاست مہاراشٹر کی علمی، تعلیمی اور سماجی فضا آج اس وقت سوگوار ہو گئی جب یہ اندوہناک خبر ملی کہ معروف عالمِ دین، ماہرِ تعلیم، سماجی رہنما اور ڈاکٹر ذاکر حسین کالج کے سابق استاذ مولانا محمد صادق ملی ندوی ( وفات: ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء) اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔
مولانا محمد صادق ملی ندوی۔ تصویر: آئی این این
اورنگ آباد اور ریاست مہاراشٹر کی علمی، تعلیمی اور سماجی فضا آج اس وقت سوگوار ہو گئی جب یہ اندوہناک خبر ملی کہ معروف عالمِ دین، ماہرِ تعلیم، سماجی رہنما اور ڈاکٹر ذاکر حسین کالج کے سابق استاذ مولانا محمد صادق ملی ندوی ( وفات: ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء) اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی رحلت صرف ایک فرد کی موت نہیں، بلکہ علم و آگہی، اخلاص و للہیت اور بے لوث سماجی خدمت کے ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ مولانا ان نابغہ روزگار شخصیات میں سے تھے جنہوں نے دینی علوم کی گہرائی کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کے اعلیٰ مدارج بھی طے کئے تھے۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء سے فراغت کے بعد آپ نے اپنی علمی پیاس بجھانے کیلئے عصری تعلیم کا رخ کیا اور متعدد مضامین میں ایم اے اور ایم ایڈ کی ڈگریاں لیں۔ آپ شہر کے معروف ہائی اسکول اور ڈاکٹر ذاکر حسین کالج میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے، جبکہ سر سید کالج سے بھی آپ کا گہرا رشتہ رہا۔ تعلیمی قوانین، سرکاری ضوابط اور داخلوں کے طریقہ کار پر آپ کی گرفت اتنی مضبوط تھی کہ واقف کار آپ کو ’’چلتا پھرتا انسائیکلوپیڈیا‘‘ کہتے۔ تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ انہیں جب بھی کسی سرکاری جی آر یا تعلیمی ضابطے کی ضرورت پڑتی وہ مولانا سے رابطہ کرتے اور وہ فوراً مطلوبہ دستاویز اور رہنمائی فراہم کر دیتے۔ کسی علمی نکتہ پر آپ سے مشورہ کیا جاتا تو آپ فوری، بااعتماد اور مدلل رہنمائی فرماتے۔
مولانا کا سب سے بڑا اور تاریخی کارنامہ مدارس کے فارغ التحصیل علماء کرام کو عصری تعلیم کے دھارے سے جوڑنا تھا۔ آپ نے مدارس کی اسناد کو سرکاری طور پر منظور کرانے کیلئے انتھک کوشش کی۔ آپ کی کاوشوں کے نتیجے میں عالمیت کی سند کو مہاراشٹر میں بارہویں کے متبادل قرار دیا گیا، جس کی بنیاد پر بے شمار علماء کرام نے بی اے اور ایم اے میں داخلہ لیا، اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور باعزت روزگار سے وابستہ ہوئے۔ اسی طرح آپ نے طالبات کے مدارس اور اداروں، بشمول جامعۃ الصالحات وغیرہ کے الحاق اور تعلیمی منظوری کیلئے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔
آپ نے علماء کرام کو ڈی ایڈ اور بی ایڈ میں داخلوں کیلئے نہایت متحرک ہو کر رہنمائی کی۔ ملک بھر سے علماء کرام اور طلبہ کے فون آپ کو آتے اور آپ ان کی دلجوئی اور سرپرستی فرماتے، اپنے ہاں انہیں ٹھہرانے کا انتظام کرتے، اور ضرورت پڑنے پر خود فارم بھرتے اور بے شمار طلبہ کی فیس تک ادا کرتے۔ جنازے میں شریک کئی لوگ اس بات کا تذکرہ کر رہے تھے کہ جب بھی حکومت کی کوئی اسکالرشپ آتی تھی تو مولانا غیر معمولی دلچسپی لے کر ایک دو نہیں بلکہ سیکڑوں بچوں کے اسکالرشپ فارم خود بھرواتے تھے۔
فارغینِ جامعۃ کی جو تنظیم قائم کی گئی تھی، جس کے صدر مولانا عبدالرشید ندوی صاحب تھے، اس میں مولانا محمد صادق ندوی کا کردار ایک فعال ذمہ دار کا رہا۔ دین اور دنیا کے اس حسین امتزاج کا روشن نمونہ خود مولانا کا اپنا گھرانہ ہے۔ آپ نے اپنی اولاد کی تربیت اس نہج پر کی کہ وہ دوسروں کیلئے مشعلِ راہ بن گئے۔