نماز بُرائی سے روکتی ہے، روزہ انسان میں تقویٰ اور شکر کی کیفیت پیدا کرتا ہے اور زکوٰۃ کے ذریعہ انسانیت کی ہمدردی و مدد کا داعیہ پیدا ہوتاہے۔ اس لحاظ سے ہر عبادت کانتیجہ اخلاق کی پاکیزگی ہے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 4:46 PM IST | Muhammad Musab Ansari | Mumbai
نماز بُرائی سے روکتی ہے، روزہ انسان میں تقویٰ اور شکر کی کیفیت پیدا کرتا ہے اور زکوٰۃ کے ذریعہ انسانیت کی ہمدردی و مدد کا داعیہ پیدا ہوتاہے۔ اس لحاظ سے ہر عبادت کانتیجہ اخلاق کی پاکیزگی ہے۔
اس کرہ ارض پربنی نوع انسان ممتاز مخلوق ہے۔ رب العالمین نے انسان کیلئے کائنات کو مسخر کیا ،اس کو رہنے سہنے اور زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا، اس کو وہ کچھ سکھایا جو نہیں جانتا تھا۔ ’’اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام نام سکھا کر ان چیزوںکو فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور فرمایا،اگر تم سچے ہو تو ان چیزوں کے نام بتاؤ۔‘‘
اس کرہ ارض پر جب تک انسانی اقدار کی حفاظت نہ ہو معاشرہ کی اصلا ح ممکن نہیں۔صالح معاشرہ کا قیام تبھی ممکن ہے جب انسانی اقدار کی رعایت کی جائے۔ انسانی اقدار کے بنا ہمارامعاشرہ ادھورا ہے۔ انسانی اقدار کی پاسداری کا نتیجہ ایک پر امن ماحول اور خوشحال معاشرہ کا قیام ہے۔ انسانی اقدار میں امن و سچائی، عدل و انصاف ،مساوات ا و ربردباری شامل ہیں۔ ضروری ہے کہ تعلیم و تبلیغ کا محور اچھا اور بہت اچھا انسان بننا ہو۔ اللہ کے رسولؐ فرمایا : ’’بیشک سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے۔ ‘‘ انسان کیلئے اہم چیزصدق و پاکدامنی ہے۔ اگر وہ سچائی کی راہ پر گامزن ہوتو نیکی کی طرف رہنمائی ہوتی ہے، اور نیکی انسان کو جنت کی طرف راغب کرتی ہے، اس طرح انسان کو آخرت و دنیا دونوں میں کامیابی و کامرانی حاصل ہوتی ہے۔ انسان وہ واحد مخلوق ہے جوانسانی اقدار کی پابند ہے، اللہ تعالیٰ نے فطری طور پر ضمیر عطا کیا ہے۔
انسانی حقو ق و فرائض
جو انسانی حقوق مشروع کئے گئے ان کے تحفظ کیلئے بہت سے اقدامات کئے گئے۔ ان اقدامات کے تحت معاشرہ کو ڈھالا گیا،نبی کریمؐ نے حجۃ الوداع کے خطبے میں فرمایا: ’’اے لوگو بیشک تمہارا رب ایک ہے، اور بیشک تمہارا باپ بھی ایک ہے، ہاں عربی کو عجمی، عجمی کو عربی پر، سرخ کو سیاہ پر اور سیاہ کو سرخ پر کوئی فضیلت نہیں، مگر تقویٰ کے سبب سے۔‘‘ اس خطبہ میں سرکار دو عالمؐ نے انسانی حقوق کے متعلق اسلام کا موقف بیان فرمایا۔ لوگ انسانی قدر و قیمت میں برابر ہیں۔ اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ان تعلیمات کے ذریعے اسلام نے لوگوں میں حسب و نسب کی اونچ نیچ کا قلع قمع کر دیا، اورانسانیت کا پیغام تمام انسانیت کو دیا۔ عربی عجمی گورے کالے کے درمیان کوئی فرق نہیں، مسلمان دنیا میں جہاں بستے ہیں، خواہ رنگ و نسل جدا جدا ہی کیوں نہ ہو، دین میں بھائی بھائی ہیں۔
اسلام میں انسان کا مقام و مرتبہ بلند ہے۔ انسان خواہ کسی نسل یا قوم یا رنگ یا نسب کا ہو، اس کی معاشرتی و معاشی حیثیت کچھ بھی ہو وہ قابل احترام مخلوق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو عزت اور شرف سے نوازا ، اسے بہت سی مخلوقات پر فضیلت بخشی،اور اس کو بہتر زندگی عطاکی ۔ قرآن کریم میں ارشادہے: ’’ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر بنایا۔‘‘ انسانی حقوق کے بارے میں اسلام کے تصور کی بنیادبنی نوع انسان کے احترا م،عزت، وقار اور لزوم عدل و مساوات پر ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ربانی ہے:
’’ہم نے بنی آدم کو بزرگی دی اور انہیں خشکی اور تری میں سواریاں عطا کیں اور ا ن کو پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا اور اپنی بہت سی مخلوقات پر نمایاںفوقیت بخشی ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رزق حلال نہ ہو تو دعائیں قبول نہیں ہوتیں، یہی امت کی ترقی میں رکاوٹ ہے
اللہ تعالیٰ نے انسان کو شرف و تکریم سے نوازا، اس کو اعلیٰ درجہ پر فائز کیا، انسانی مساوات کو اللہ تعالیٰ نے اہمیت دی، انسانی اقدار واضح انداز میں دین اسلام میں موجود ہیں، اسلام کے تفویض کردہ حقوق اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہیں، اللہ تعالیٰ نے انسان کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی شعبوں میں ہدایات دیں۔ اسلام میں حقوق کے ساتھ فرائض اور ذمہ داریوں پر بھی یکساں زور دیا گیا۔قرآن میں ارشاد ربانی ہے: ’’ اور تم اللہ کی عبادت کرو، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو ، اور رشتہ داروں اور یتیموں اور محتاجوں اور نزدیکی ہمسائے اور اجنبی پڑوسی اور ہم مجلس اور مسافر، اور جن کے تم مالک ہو چکے ہو، ان کے ساتھ بھی، بے شک اللہ اس شخص کو پسند نہیں کرتا جو تکبر کرنے والا فخر کرنے والا ہوـ۔‘‘ نبی ؐ اکرم کی درج ذیل حدیث مبارکہ میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تاکید کی گئی ہے:
اللہ کا بندے پر اور بندے کا اللہ پر حق
’’حضرت معاذؓ سے روایت ہے کہ آپؐ نے فرمایا : اے معاذ کیا تو جانتا ہے کہ اللہ کا بندے پر کیا حق ہے؟ حضرت معاذ نے کہا اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یقیناً اللہ کا حق بندوں پریہ ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں، پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تو جانتا ہے کہ اللہ پر بندے کا کیا حق ہے؟حضرت معاذ نے کہا اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔آپؐ نے فرمایا: بندوں کا حق اللہ پر یہ ہے کہ وہ بندوں کو عذاب نہ دے۔‘‘
ارشاد ربانی ہے: ’’بے شک مومن آ پس میں بھائی بھائی ہیں‘‘۔ حدیث مبارکہ میں ہے:ــ ’’مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، وہ نہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے بے یار و مددگار چھوڑتا ہے۔‘‘
اسلا م کی بنیاد ی تعلیم یہ ہے کہ ہر شخص اپنے اوپر عائد دوسرے افراد کے حقوق کی ادائی کیلئے کمر بستہ رہے اور صرف حق کی ادائیگی تک محدودنہ رہے بلکہ احسان کی روش اپنائے۔اس آیت (’’بے شک اللہ تمیں عدل و احسان کا حکم دیتا ہے‘‘) عدل و انصاف کو بیان کیا گیا ہے۔ عدل کا مفہوم تو یہ ہے کہ وہ حقوق جو شریعت اور قانون کی رو سے کسی فرد پر لازم ہیں وہ ان کی ادائیگی کرے جبکہ احسان یہ ہے کہ فرض و عائد حقوق سے بڑھ کر بھی و ہ دوسرے افرادِ معاشرہ سے حسن سلوک کرے۔
احسان انسانی معاشرہ کو سراپا امن و آشتی بنانے کی ضمانت فراہم کرتاہے،کیونکہ ایک فرد کا جو فرض ہے، وہ دوسرے فرد کا حق ہے جب ہر فرد اپنے فرض کو صحیح طریقے سے ادا کریگا تو دوسرے فرد کا حق اُسے مِل جائے گا اس طرح پورے معاشرہ کے حقوق و فرائض کا نظام درست ہوجائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے حقوق انسانی کا ایسا نظام قائم کیا جہاں حقوق و فرائض میں باہمی تعلق و تناسب پایا جاتا ہے، اور انسانی اقدار انہی حقوق و فرائض سے متعلق ہیں۔
اسلام ارتقائی اُصولوں کا امین
اسلام انسانیت کی بقاء ،فلاح و بہبود اور ارتقا کے اصولوں کا امین ہے۔ حقوق کی پاسداری ، انسانی معاشرہ میں حقوق کا احترام اور اعلیٰ انسانی اقدار کا قیام اسلامی تعلیمات کی بنیادی روح ہے۔ انسانی اقدار دور جدید کا اہم موضوع ہیں، انسانی تہذیب و ثقافت کا پیمانہ انسانی حقوق کا احترام ہے، کسی بھی معاشرہ کی اعلیٰ قومی تہذیب و ثقافت کا معیار ان کو قرار دیا جاسکتا ہے۔ اسلام میں فرائض کی ادائیگی بہر صورت لازم ہے۔
کامل ایمان اس کا، جس کے اخلاق اچھے
انسانی اقدار اخلا قی اصول اپنانے پر آمادہ کرتے ہیں۔ بلاشک و شبہ مذہب انسانی اقدار و اخلاقیا ت اور اچھی صفات کو اپنانے کی دعوت دیتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں بلند اخلاق کی تکمیل کے لئے بھیجا گیا ہوں۔‘‘ اخلاق کی تکمیل ضروری ہے، اخلاقی اقدار میں رحمت کو فوقیت حاصل ہے۔ اسلام نے اسے اہمیت دی ہے۔ انسان سے اعلیٰ اخلاقی زندگی مطلوب ہے جس کے دائرے ہر جگہ محیط ہیں، سب سے پہلا دائرہ انسان کی اپنی ذات ہے، پھر اس کا خاندان و قبیلہ ہے، پھر ملک و ملت، ان سب دائروں میں ایک انسان کو حقوق کو ادا کرنے کا حکم ہے۔ حقوق و فرائض کے اخلاقی ضابطے متعین ہیں اس لئے آپؐ نے فرمایا : ’’مسلمانوں میں کا مل ایمان اس کا ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں۔‘‘
ہر عبادت کانتیجہ اخلاق کی پاکیزگی
اسلام نے جو عبادتیں فرض کی ہیں ان کافیض اخلاق کی اصلاح ہے، جیسا کہ نمازکے بارے میں قرآ ن کریم میں ارشاد ربانی ہے: ’’یقینانماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے۔‘‘ جس طرح نماز برائیوں اور بے حیائیواں سے روکتی ہے، اسی طرح روزہ انسان میں تقویٰ اور شکر کی کیفیت پیدا کرتا ہے اور زکوۃ کے ذریعہ انسانیت کی ہمدردی و مدد کا داعیہ پیدا ہوتاہے۔ اس لحاظ سے ہر عبادت کانتیجہ اخلاق کی پاکیزگی ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ کے رسولؐ نے ایمان کے بعد اخلاق حسنہ کو سب سے زیادہ مقدم قرار دیا ہے ۔اسلام میں اخلاق کو جو اہمیت حاصل ہے وہ اس سے ظاہر ہے۔ آپؐ نماز میں جو دعا مانگتے تھے اس کا ایک فقرہ یہ بھی ہوتا تھا : ’’ اور اے میرے خدا تو مجھ کو بہتر سے بہتر اخلاق کی رہنمائی کر تیرے سوا کوئی بہتر سے بہتر اخلاق کی راہ نہیں دکھا سکتا اور برے اخلاق کو مجھ سے پھیر دے اور ان کو نہیں پھیر سکتا لیکن تو۔‘‘
اسلام نے انسانی اقدار کو نافذ کیا ہے
یاد رہے کہ تاریخ کے ہر دور میں معاشرہ اورقوم و ملت کو ایسے صالح افراد کی ضرورت رہی ہے جو اس کی قیادت کرسکیں اور مسائل و مشکلات کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر اُن کا مقابلہ کر سکیں اور موزوںاقدامات کر سکیں۔ ایسے افراد سے امت کو توانائی و خود اعتمادی حاصل ہوتی ہے اور جب ایسے مخلص افراد کی قدردانی و حوصلہ افزائی ہوتی ہے توقوم فیض پاتی ہے، جب ان کی ناقدری اور مخالفت ہوتی ہے تو قوم زوال و انحطاط میںپھنستی ہے۔ اسلام نے انسانی اقدار کونافذ کیا اور ان کی حفاظت کیلئے بہت سی ضمانتوں کا حصار قائم کیا۔ اس نے معاشرہ کو ایسے اصول دیے جو حقوق و فرائض کو اد ا کرنے کے مواقع فراہم کریں۔ کتابُ اللہ اور سنت ِ رسول میں بیان کردہ انسانی اقدار ابدی ہیں اور ان انسانی اقدار کے تحت حقوق و فرائض کو تسلیم کرنا صالح معاشرے کے قیام کا راستہ ہے۔