نبیؐ کا ارشادہے کہ اگر کوئی بندہ اپنے پیٹ میں حرام لقمہ ڈالتاہے تو اللہ تعالیٰ چالیس دن تک اس کا کوئی عمل قبول نہیں کرتاہے۔جس بندے کی پرورش حرام اورسود سے ہوئی ہو جہنم ہی اس کیلئے مناسب ہے۔ (معجم الاوسط:۶۴۹۵)
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 4:42 PM IST | Muhammad Fayyaz Alam Qasmi | Mumbai
نبیؐ کا ارشادہے کہ اگر کوئی بندہ اپنے پیٹ میں حرام لقمہ ڈالتاہے تو اللہ تعالیٰ چالیس دن تک اس کا کوئی عمل قبول نہیں کرتاہے۔جس بندے کی پرورش حرام اورسود سے ہوئی ہو جہنم ہی اس کیلئے مناسب ہے۔ (معجم الاوسط:۶۴۹۵)
انسان روح اور جسم کا مجموعہ ہے، جس طرح روح کے بغیر انسان کا وجود ممکن نہیں، اسی طرح انسانی جسم کی بقاء پانی اور خوراک کے بغیرممکن نہیں۔ خوراک ہی انسانی جسم کو ہر وقت متحرک رکھتی ہے۔ اس لئے اسلام نے حصول رزق کے معاملے میں بھی مکمل رہنمائی کی ہے اور انسان کو اچھے اور پاکیزہ رزق کے حصول کی تعلیم دی اور اس کیلئے اسباب پیدا فرمائے۔ اﷲ تعالیٰ نے اپنے رسولوں کو مخاطب کرتے ہوئے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:’’اے پیغمبرو! حلال چیزیں کھاؤ اور نیک عمل کرو، تم جو کچھ کرتے ہومیں انھیں جانتاہوں۔(المؤمنون، ۵۱)
چنانچہ سارے انبیاء علیہم السلام محنت کرکے حلال روزی کمانے اور کھانے کا اہتمام کرتے تھے۔ حضرت داؤدؑکے بارے میں آتا ہے کہ ’’وہ اپنے ہاتھ کی کمائی سےکھاتے تھے ۔‘‘(صحیح بخاری: ۲۰۷۲)
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبیؐ نے فرمایا: ’’ ہر نبی نے بکریاں چَرائی ہیں،صحابہ نے پوچھا، کیا آپ نے بھی؟ آپؐنے جواب دیا، ہاں! ایک زمانہ تک اہل مکہ کی بکریاں چراتا رہا تھا۔(صحیح بخاری: ۲۲۶۲)
پھر ایسا ہی حکم تمام مسلمانوں کودیاہے:’’ اے مسلمانو! جو پاکیزہ چیزیں ہم نے تمہیں دی ہیں انہیں کھاؤ اور اﷲ کا شکر ادا کرو، اگر تم اسی کی عبادت کرتے ہو‘‘(البقرۃ:۱۷۲)
خلاصہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبروں کو اور تمام اہل ایمان کو بھی پاکیزہ اورچیزوں کے کھانے کا حکم دیا ہے۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اﷲ کی حلال کردہ چیزیں ہی پاک اور طیب ہیں، حرام اشیاء پاک نہیں ہیں۔ رزق حلال کے ساتھ عمل صالح کی تاکید سے معلوم ہوتا ہے کہ رزقِ حلال سےنیک کام کرنا آسان ہوجاتاہے۔
حضور ؐ نے فرمایا کہ حلال کمائی دیگرافرائض کے بعدایک اہم فریضہ جو تمام مسلمانوں پر لازم ہے اورآپ ؐ نے فرمایا کہ اپنے ہاتھ کی محنت کی کمائی کھانے سے بہتر کوئی کھانا نہیں۔(مسندلامام احمد: ۱۷۸۱)
اسلام رزقِ حرام سے منع کرتا ہے؛ کیوں کہ جو چیزیں حرام اور ناپاک ہوتی ہیں، وہ انسانی اخلاق پر برے اثرات مرتب کرتی ہیں، جسمانی اور روحانی دونوں اعتبار سے انسان کیلئےوہ مضر ہوتی ہیں۔ ان چیزوں کے استعمال سے انسان اخلاقی انحطاط اور ذہنی پراگندگی کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس لئے ان سے بچنے کا حکم دیا گیا۔ ہمارے معاشرے میں جو اخلاقی برائیاں پائی جاتی ہیں ان کا زیادہ تر تعلق ہمارے ذرائع آمدنی کے مشکوک ہونے سے ہے۔ یاد رکھیں کہ جس طرح مردار اور ناپاک چیزیں حرام ہیں، اسی طرح ایسے مال و دولت کا استعمال بھی درست نہیں جو ناجائز ذرائع سے حاصل کیا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھئے: ہماری خاموشی کسی کی تکلیف کی وجہ بن سکتی ہے
ارشاد ربانی ہے :’’اے ایمان والو! آپس میں ناحق ایک دوسرے کا مال نہ کھایاکرو۔‘‘(سورۃالنساء: ۲۹)
ناحق دوسرے کا مال کھانے کا مطلب یہ ہے کہ حاصل شدہ مال، چوری ، ڈکیتی، غصب اور دھونس کے ذریعے سے حاصل کیاگیاہو،یا ناپ تول میں کمی یا طے شدہ معاہدے کے خلاف گھٹیا چیز دے کر حاصل کیاگیاہو، دیانتداری اور فرض شناسی کے بجائے کام چوری سے حاصل کیاگیاہو،اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی، چور بازاری، سود اور ملاوٹ کے ذریعے سے جو مال حاصل کیاجائے وہ بھی حرام ہے۔
رسولؐ نے ایک ایسے آدمی کاذکر کیاجولمبےسفر میں ہو،پراگندہ بال ہو،تھکاوٹ اورماندگی کاحال ہو۔ اپنے دونوں ہاتھوں کو آسمان کی طرف اٹھاکرپکاررہاہو، اے میرے رب! مجھے فلاں فلاں نعمت عطافرما، میرےفلاں فلاں گناہوں کو معاف فرما،میری فلاں فلاں مصیبت کو دورفرما؛لیکن اس کی دعا قبول نہیں ہورہی ہے کیونکہ اس کاکھاناحرام، اس کاپینا حرام، اس کالباس بھی حرام ہے، اس کی پرورش اورپرداخت بھی حرام غذاسے ہوئی ہوتو اس کی دعا کیسے قبول ہوگی۔ (صحیح مسلم: ۱۰۱۰)
کسب حلال اور رزق طیب کی بے شمار برکات ہیں۔ جب لقمۂ حلال انسان کے پیٹ میں جاتاہے توا س سے خیر کے کام ہوتے ہیں،بھلائیاں پھیلتی ہیں،وہ نیکیوں کی اشاعت کا سبب بنتاہے۔ اس کے برعکس حرام غذا انسان کو روحانی لحاظ سےاپاہج کردیتی ہے۔ نورِ ایمانی بجھ جاتا ہے، دل کی دنیا ویران و بنجر ہوجاتی ہے۔شیطان اس کے قلب پر قابض ہوجاتاہے۔ جس آدمی کو حرام کی لت لگ جاتی ہے، اس سے بھلا امورِ خیر کیسے اور کیوں کر انجام پاسکتے ہیں؟ حلال وحرام کایہ کھلا فرق اس حد تک اثر انداز ہوتاہے کہ طیب وپاکیزہ کمائی کھانے والا عند اللہ مقبول ومستجاب بن جاتاہے، جبکہ حرام کواپنے بدن کاجز بنانے والا ،اللہ تعالیٰ کے ہاں مردود ٹھہرتا ہے۔ اس کی دعائیں قبول نہیں ہوتی ہیں۔جب دعا قبول نہیں ہوگی تو مسلمانوں کے مسائل کیسے حل ہوسکتے ہیں۔ یہی امت کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
نبیؐ کا ارشادہے کہ اگر کوئی بندہ اپنے پیٹ میں حرام لقمہ ڈالتاہے تو اللہ تعالیٰ چالیس دن تک اس کا کوئی عمل قبول نہیں کرتاہے۔جس بندے کی پرورش حرام اورسود سے ہوئی ہو جہنم ہی اس کیلئے مناسب ہے۔ (معجم الاوسط:۶۴۹۵)۔ اس لئے حرام غذاسے پلنے والے کی عبادتیں رائیگاں جاتی ہیں، جو دعائیں مانگی جاتی ہیں وہ قبول نہیں ہوتیں،خیر وبھلائی کے جوکام کئے جاتے ہیں ان میں اخلاص نہیں رہتاہے، ہمارے اخلاق وکردارمیں وہ کشش نہیں ہےجو غیروں کو مائل کرسکے۔ہماری باتوں میں وہ وزن نہیں جو اسلامی تعلیمات کوقبول کرنے پر مجبورکردے، یاہم اپنی بات کسی سے منواسکیں۔اس لئے ہم سب کو اپنی خوراک اورلباس پر غور کرنا چاہئے، کہیں ہماری غذااورلباس حرام تونہیں ہیں۔