ہر دردمند انسان انسانیت کے دُکھی ہونے کا معترف ہے۔ انسانیت کب کب دکھی ہوتی ہے اس کا احساس بھی ہر خاص و عام کو ہے مگر کیا کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جن سے انسانیت دکھی ہے مگر لوگ باگ محسوس نہیں کرتے؟ ملاحظہ کیجئے مولانا سید ابوالحسن علی ندوی کا تجزیہ
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 4:59 PM IST | Maulana Syed Abul Hasan Ali Nadwi | Mumbai
ہر دردمند انسان انسانیت کے دُکھی ہونے کا معترف ہے۔ انسانیت کب کب دکھی ہوتی ہے اس کا احساس بھی ہر خاص و عام کو ہے مگر کیا کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جن سے انسانیت دکھی ہے مگر لوگ باگ محسوس نہیں کرتے؟ ملاحظہ کیجئے مولانا سید ابوالحسن علی ندوی کا تجزیہ
بعض کہانیاں اپنے اندر بڑی بڑی حقیقتیں رکھتی ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ زندگی کے بڑے بڑے فلسفوں کے عام فہم اور دلچسپ ترجمے کردیئے گئے ہیں یا خشک حقیقتوں کو چلتی پھرتی زندگی میں منتقل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم ان چھوٹی چھوٹی کہانیوں کی مدد سے زندگی کے بہت سے حقائق سمجھ سکتے ہیں۔ بچپن میں ہم نے جو کہانیاں سنی تھیں اور دماغ کی سلوٹوں میں کہیں چھپی ہوئی رہ گئیں، ان میں سے کوئی ایسی کہانی بھی تھی جس میں کسی مظلوم عورت کی داستان درد بیان کی گئی تھی۔ اس کے سارے جسم میں سوئیاں چبھی ہوئی تھیں۔ اس کی دشمن سارے دن اس کی سوئیاں نکالتی تھی، لیکن آنکھوں کی سوئیاں قصداً چھوڑ دیتی تھی اور رات ہو جایا کرتی تھی۔ دوسرے دن پھر نئی سوئیاں چبھ جاتی تھیں، رہ پھر سوئیاں نکالتی تھی، لیکن آنکھوں کی سوئیاں چھوڑ دیتی تھی۔ ہم کو کہانی کے صرف اتنے ہی حصے سے غرض ہے۔ مظلوم انسانیت کے ساتھ زمانۂ دراز سے یہی معاملہ درپیش ہے۔ اس کا سارا جسم سوئیوں سے چھلنی ہو رہا ہے۔ کچھ ہمدرد ہاتھ اس کی یہ سوئیاں نکالنے کیلئے بڑھتے ہیں لیکن ہر مرتبہ آنکھوں کی سوئیاں چھوڑ دیتے ہیں اور اس کی نجات کا کام ناتمام رہ جاتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ دوسرے روز وہ اسی طرح زخمی اور مبتلا نظر آتی ہے اور از سرنو محنت کرنی پڑتی ہے۔انسانیت ایک مکمل انسانی جسم اور وجود کی مانند ہے۔ اس کے ساتھ جسم بھی ہے، پیٹ بھی ہے، دل بھی ہے، دماغ بھی ہے، روح بھی ہے۔ ان تمام حصوں کے ساتھ کچھ مصائب اور آلام بھی ہیں۔ یہ اس کے جسم کی سوئیاں ہیں جو اس کو زار و نزار کئے ہوئے ہیں۔
بھوک، فاقہ، اچھی اور صحیح غذا کا نہ ملنا، پیٹ کی سوئیاں ہیں۔ یقیناً ان سے انسانیت کو تکلیف اور دکھ پہنچتا ہے۔ عالم انسانیت کی یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے اور زندگی کا یہ بڑا شرمناک پہلو ہے کہ قدرت کی فیاضیوں اور غذائی سامان کی پوری فراوانی کے باوجود چند انسانوں کے ناجائز تصرف یا کسی نظام سلطنت کے جابرانہ طرز عمل سے انسانوں کی ایک بڑی تعداد کو پیٹ بھر روٹی میسر نہ ہو، اور وہ اپنے فطری حق اور لازمی سامان زندگی سے محروم رہے۔ اس پر برہمی، بے چینی، احتجاج، اس صورت حال کے خلاف جدوجہد ایک قدرتی امر اور صحیح انسانی احساس ہے جس پر تعجب یا ملامت کا کوئی موقع نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دین ِاسلام کی عبادتوں کا فیض اخلاق کی اصلاح ہے
انسان جسم رکھتا ہے، اس جسم کو ٹھنڈک اور گرمی کا احساس دیا گیا ہے اور لباس کی طلب بخشی گئی ہے۔ اس طلب کو پورا کرنے کیلئے زمین پر پورے انصاف اور ضرورت کے مطابق لباس پیدا کرنے والی چیزیں اور لباس تیار کرنے یا بکسوں میں بند کرکے رکھنے، یا بے جان دیواروں کو جان دار انسانوں کے کام آنے والا کپڑا اُڑھانے کی وجہ سے انسان سردی سے ٹھٹھر کر مر جائیں یا ان کو ستر پوشی کیلئے بھی کپڑا نہ ملے۔ انسان دل رکھتا ہے۔ اس کی کچھ جائز خواہشات ہیں۔ ان کا نہ پورا ہونا بڑی زیادتی اور ظلم ہے۔ وہ دماغ رکھتا ہے۔ اس کا علم سے محروم اور دماغی ترقی اور صحیح قوت ِ فکر سے دور رہنا ناانصافی اور نظام زندگی کا نقص ہے۔
اس نقص کو دور کرنا ایک حساس انسان اور اس ایک صحیح الاحساس جماعت کا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے۔ انسانی تہذیب و تمدن کو پھلنے پھولنے اور انسانوں کی روحانی، ذہنی اور جسمانی طاقتوں کو متوازن نشو ونما حاصل کرنے کے بہترین مواقع جب حاصل ہوتے ہیں جب ان کے راستے میں کوئی جابر قوت حائل نہ ہو۔ عموماً دیکھا گیا ہے کہ جب غیر ملکی حکومت وسائل زندگی پر قبضہ کرلیتی ہے اور ان کی تقسیم کا کام ائنے غیر ہمدرد اور نا انصاف ہاتھوں میں لے لیتی ہے تو اس کے اقتدار میں محکوم قوم کے جائز لجذبات بھی افسردہ اور اس کی اہانت کے سوتے خشک ہوجاتے ہیں۔ وہ اپنے وطن میں جیل کے قیدیوں کی طرح زندگی گزارتی ہے اس لئے غلامی بھی۷ انسانیت کیلئے ایک بڑی مصیبت اور بلائے جان ہے اور اس کا دور کرنا زندگی کے حقیقی لطف سے متمتع ہونے کیلئے شرط ہے۔اس لئے بلا شبہ فاقہ کشی، عریانی، مجبوری، جہالت اور محکومی وہ سوئیاں ہیں جو انسانیت کے جسم کو برماتی رہتی ہیں۔ ان کا دور کنا ایک بڑی انسانی خدمت ہے۔
لیکن، کیا اس دکھی انسانیت کے سارے دکھ اور روگ یہی ہیں اور یہی اس کے جسم کی سوئیاں ہیں؟ ان سوئیوں کے نکلتے ہی اس کو دل کا سکون، جسم کا اکرام اور سکھ کی نیند نصیب ہوجائے گی؟ اس کی آنکھ کی کھٹک اور دل کی خلش دور ہوجائے گی؟ ہم دیکھتے ہیں کہ انسانیت کی مصیبت اسی پر ختم نہیں ہوتی کہ ہر شخص کو پیٹ بھر روٹی، ضرورت بھر کا کپڑا، جائز خواہشات کی تکمیل کا سامان اور تعلیم کے مواقع حاصل ہوجائیں۔ اس کے جسم میں کچھ اور بھی زہر کی بجھی ہوئی سوئیاں ہیں جو اس کو اندد اندر گھلاتی رہتی ہیں اور یہی سوسائٹی بھی جس کو زندگی میں اپنی منہ مانی مراد مل چکی ہو، ان زہر کی بجھی ہوئی سوئیوں کی وجہ سے سے ہر وقت کراہتی، تڑپتی اور اندر اندر سے گھلتی رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مشکل کے بعد آسانی ہے، آزمائش کے بعد انعام ہے!
انسان اس پر بس نہیں کرتا کہ اس کو پیٹ بھر کر کھانا اور اپنی اور اپنے بچوں کے ضرورت کا سامان زندگی حاصل ہو گیا ہے۔ اس کے اندر اس فطری پیٹ کے علاوہ ایک اور مصنوعی پیٹ پیدا ہو جاتا ہے۔ وہ حرص و ہوس کا پیٹ ہے جو جہنم کی طرح ہل من مزید (کچھ اور ہے؟) ہی پکارتا رہتا ہے۔ اس کو روپیے سے صرف اس لیے نہیں کہ وہ ضروریات زندگی کے حصول کا ایک ذریعہ ہے بلکہ بغیر کسی مقصد کے ذاتی محبت و عشق ہو جاتا ہے اور کوئی بڑی سے بڑی مقدار اسے تسکین نہیں دے سکتی۔ دولت کے ذاتی عشق کی وجہ سے وہ ہر مجرمانہ فعل کا بے تکلف ارتکاب کرتا ہے۔ رشوت ستانی، چور بازاری، نفع اندوزی اس ذہنیت اور مزاج کے ادنی ٰکرشمے ہیں۔
اگر دنیا کی اخلاقی تاریخ کا گہرا مطالعہ کیا جائے اور تعصبات سے الگ ہو کر بدنظمیوں، بے عنوانیوں اور قومی زندگی کی مشکلات کے حقیقی اسباب تلاش کیے جائیں تو ان کی تہہ میں جائز انسانی خواہشات اور حقیقی ضرورت کا ہاتھ کم ملے گا۔ ان کی تہ میں عموما ناجائز خواہشات اور فرضی ضروریات نکلیں گی۔ انہی ناجائز خواہشات اور فرضی ضروریات نے ہر زمانے میں قومی زندگی میں نئی نئی الجھنیں اور ہر نظام حکومت کے لئے مشکلات پیدا کی ہیں۔ انہی فرضی ضروریات نے لوگوں کو مظالم، بددیانتی، غبن، استحصال بالجبر، رشوت خوری، سٹا بازاری، ذخیرہ اندوزی اور فریب دہی پر آمادہ کیا اور انہی کے اثر سے پورے پورے ملک اور بڑی بڑی حکومتیں اندھیر نگری چوپٹ راج بن کر رہ گئیں۔
آج بھی اگر موجودہ مشکلات اور شکایات کی تحقیق کی جائے تو صاف نظر آئیگا کہ موجودہ پریشانی اور بے اطمینانی کا سبب صرف یہ نہیں کہ ملک کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد یا اکثریت کو ضروریات زندگی میسر نہیں یا جائز آرزوئیں پوری نہیں ہوتیں اور اس ملک میں بھوکوں اور ننگوں کی زیادتی ہے۔ انصاف سے اگر دیکھا جائے تو ان بھوکوں اور ننگوں نے کسی کی عافیت تنگ نہیں کی ہے۔ عافیت ان لوگوں نے تنگ کی ہے جن کے پیٹ بھرے ہوئے ہیں لیکن ان کا دل دولت سے کسی طرح نہیں بھرتا۔ حقیقی ضروریات کا نام بدنام ہے مگر ان کی فہرست کچھ طویل نہیں۔ساری خرابی فرضی ضروریات نے پیدا کی ہے جن کی فہرست ہمیشہ بڑھتی رہتی ہے اور کبھی اتنی بڑھ جاتی ہے کہ پورے محلے اور کبھی پورے شہر کی دولت ایک فرد کیلئے کافی نہیں ہوتی۔