• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

SIR: امریکی مذہبی آزادی کمیشن کا ہندوستان پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا الزام

Updated: November 20, 2026, 7:04 PM IST | Washington

ہندوستان میں ووٹر فہرستوں سے تقریباً ۱۳؍ کروڑ نام خارج کیے جانے پر امریکی مذہبی آزادی کمیشن نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اس کارروائی سے مسلمانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔ کمیشن نے ہندوستان کو مذہبی آزادی کے حوالے سے خصوصی تشویش کا حامل ملک قرار دینے کی سفارش بھی کی ہے، تاہم نئی دہلی نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

USCIRF Chairman Dr. Asif Mahmood. Photo: INN
USCIRF کے چیئر مین ڈاکٹر آصف محمود۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کے ایک مذہبی آزادی کمیشن نے الزام لگایا ہے کہ ہندوستان میں ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے دوران مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ملک بھر میں کروڑوں افراد کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ہیں۔ امریکی کمیشن کے مطابق اس کارروائی سے مسلمانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔ کمیشن نے یہ بھی الزام لگایا کہ ہندوستانی حکومت مسلم شہریوں کو ووٹر فہرستوں سے خارج کرکے انہیں ’غیر ملکی‘ قرار دے رہی ہے اور اب انہیں غیر قانونی طور پر ملک سے بے دخل بھی کیا جارہا ہے۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) کے پاکستانی نژاد چیئرمین عاصف محمود نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’’ہندوستانی حکومت مسلم شہریوں کو ووٹر فہرستوں سے نکال کر، انہیں غیر ملکی قرار دے کر اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر کرکے نشانہ بنا رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش

ہندوستان میں ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے دوران تقریباً ۱۳؍ کروڑ نام حذف کیے گئے ہیں، جو میکسیکو کی مجموعی آبادی کے برابر ہیں۔ یہ ملک کی تاریخ میں ووٹرز کے ناموں کو فہرست سے خارج کرنے کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عمل سے ہندوستان کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت مسلمانوں کے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق ۲۰۱۴ء میں وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کو امتیازی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے تعصب کا سامنا ہے۔ تاہم ہندوستان کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں سے دوہرے اندراج، وفات پا جانے والے افراد، دوسری جگہ منتقل ہونے والے ووٹرز اور دیگر نااہل افراد کے نام ہٹائے جارہے ہیں۔ کمیشن کے مطابق جن افراد کے نام غلطی سے خارج ہوئے ہیں، وہ اپیل کے ذریعے اپنا نام دوبارہ شامل کروا سکتے ہیں۔ ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کا معاملہ غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور انہیں ملک سے نکالنے کی ایک الگ مہم سے بھی جڑ گیا ہے، حالانکہ ووٹر فہرست سے کسی شخص کا نام خارج ہوجانے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ غیر ملکی شہری ہے۔

امریکی کمیشن کے رکن جین ملز نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے اپنے ہی شہریوں کو صرف ان کے مسلمان ہونے کی بنیاد پر ملک سے نکالنا مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے طریقوں میں ایک تشویش ناک اضافہ ہے۔ انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ ہندوستان کو ’’خصوصی تشویش کا حامل ملک‘‘ قرار دیا جائے۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) امریکی حکومت کا ایک دو جماعتی ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر نظر رکھتا ہے اور حکومت کو پالیسی سے متعلق سفارشات پیش کرتا ہے۔ تاہم اس کی سفارشات پر عمل کرنا حکومت کیلئے لازمی نہیں ہے۔ واشنگٹن نے ہندوستان کے حوالے سے کمیشن کی حالیہ سفارشات پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش

دوسری جانب ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے امریکی کمیشن کو جانبدار قرار دیتے ہوئے اس کی تنقید کو مسترد کردیا ہے۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تنقید ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ ’’ہم اس ادارے کو ایک جانبدار تنظیم سمجھتے ہیں جس کا سیاسی ایجنڈا واضح ہے۔ میرے خیال میں اس قدر تعصب رکھنے والے ادارے کی بات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے خلاف گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف مقامات پر احتجاج بھی ہوئے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں اور طلبہ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے ایسے ووٹرز زیادہ متاثر ہوئے ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہندو قوم پرست بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انسانی حقوق کے ماہرین نے بھی ان مظاہروں کے خلاف ہندوستانی حکومت کی سخت کارروائیوں پر تنقید کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہم ہندوستانی، جمہوریت کے ڈھانچے کو ختم نہیںکرنا چاہتے، یہ ہمارےلئے مقدس ہے: راہل گاندھی

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ ماہ اس معاملے کو ہندوستان کا ’’داخلی سیاسی مسئلہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے دورِ حکومت میں ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق اس دوران اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ، مذہب کی بنیاد پر شہریت کا قانون، مسلم ملکیت والی جائیدادوں کا انہدام، مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کی خصوصی خودمختاری کا خاتمہ اور مذہب تبدیل کرنے کے خلاف قوانین جیسے اقدامات سامنے آئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے ہندوستان کے شہریت سے متعلق مذہبی بنیادوں پر بنائے گئے قانون کو بنیادی طور پر امتیازی قرار دیا ہے۔ تاہم ہندوستانی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کی پالیسیاں کسی مذہب یا برادری کے خلاف امتیازی نہیں ہیں اور غذائی سبسڈی اور بجلی کی فراہمی جیسی فلاحی اسکیموں سے تمام طبقات کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

دوسری جانب شہری حقوق کے کارکنوں نے امریکہ میں بھی مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تنقید کی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں امریکہ میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہوا ہے اور انتخابی مہمات کے دوران ریپبلکن رہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف بیانات اور بیان بازی میں بھی شدت آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK