• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشکل کے بعد آسانی ہے، آزمائش کے بعد انعام ہے!

Updated: November 21, 2026, 4:54 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai

موجودہ دور کے مسلمانوں نے اس راز کو سمجھا اور درست سمت میں قدم اُٹھائے۔ اس رو ش کو برقرار رکھنا ضروری ہے کہ ابھی اجتماعی فلاح کیلئے مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اعلان نبوت کے بعد ۱۳؍ سال مکہ میں رہے۔ اس پوری مدت میں آپ کو بھی اور آپ کے جاںنثاروں کو بھی سخت اذیتیں پہنچائی گئیں، بعض صحابہ کرام ؓ تو شہید کر دئیے گئے، بعض کو ایسی تکلیفیں دی گئیں جو موت سے کم نہیں تھیں۔ خود آپؐ کے قتل کی کوشش کی گئی۔ جب لوگوں کی جان کے لالے پڑ گئے تو اللہ کے حکم سے مردانِ حق کے اس مختصر قافلہ نے مدینہ منورہ ہجرت کی۔ اہل مدینہ نے کچھ اس طرح محبت کے پھول نچھاور کئے کہ نفرت کے جو کانٹے مشرکین مکہ کی طرف سے چبھوئے گئے تھے، ان کا درد کم ہونے لگا اور صحابہؓ نے سکون کا سانس لیا؛ اگرچہ خطروں کے بادل یہاں بھی منڈلاتے تھے اور اہل مکہ کی طرف سے بار بار حملے بھی ہوتے تھے؛ لیکن ویسے تکلیف دہ حالات نہیں تھے، جن سے وہ مکی زندگی کے ۱۳؍ سالہ عرصہ میں چکے تھے۔

مدینہ میں جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے جہاد کے فرض ہونے کا اعلان ہوا تو فطری طور پر صحابہؓ کے دل میں یہ بات پیدا ہوئی ہوگی کہ ابھی تو سکون کی سانس لینے کا موقع ملا ہے، کاش ابھی فوراََ جہاد کا حکم نہیں ہوتا، اس پس منظر میں حکم ِجہاد کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے ایک اصولی ہدایت ارشاد فرمائی اور دشوار حالات میں مسلمانوں کیلئے صبرواستقامت کا سامان مہیا فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا، ترجمہ: ’’ہو سکتا ہے کہ تم ایک بات کو ناپسند کرو اور اسی میں تمہاری بھلائی ہو، اور ممکن ہے کہ تم ایک بات کو پسند کرو؛ لیکن وہ تمہارے لئے بہتر نہ ہو۔‘‘ (سورہ بقرہ: ۲۱۶)

یہ بھی پڑھئے: رزق حلال نہ ہو تو دعائیں قبول نہیں ہوتیں، یہی امت کی ترقی میں رکاوٹ ہے

یہ ارشاد ربانی ٹوٹے ہوئے دلوں کیلئے سہارا، ناامیدی کی شب تاریک میں امید کا چراغ اور ناکامیوں و محرومیوں کے ماحول میں حوصلہ مندی کا پیغام ہے۔ قرآن مجید میں بہت سے انبیاء کی دعوتی جدوجہد کا ذکر فرمایا گیا ہے اور اس کے ضمن میں اسلام میں آنے والے نشیب وفراز کا بھی خاص طور پر ذکر آیا ہے، وہ کیسے مشکل حالات سے گزرے، کیسی کیسی سخت آزمائشوں میں مبتلا کئے گئے اور آزمائش کی بھٹیوں میں تپنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے ان کو کیسی عزت اور سرفرازی عطا فرمائی، یہ پوری داستانِ عبرت قرآن مجید میں موجود ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام دعوتِ حق کی پاداش میں اپنے وطن سے نکلنے پر مجبور ہوئے، عراق سے روانہ ہوتے ہوئے سوائے ان کی زوجہ مطہرہ حضرت سارہ علیہا السلام کے کوئی اور ان کے ساتھ نہیں تھا، پھر مصر میں ایک بڑی ابتلاء سے گزرے، جب عزت و آبرو بھی خطرہ میں تھی؛ لیکن آزمائش کی اس گھاٹی کو بھی اس شان سے عبور کیا کہ مصر کے بادشاہ نے اپنی شہزادی کو حضرت ابراہیمؑ کے نکاح میں دے دیا، جن کیلئے عراق کی وسیع اور سر سبز وشاداب سرزمین میں رہنے کی جگہ نہیں نکل سکی، ان کی اولاد پوری دنیا پر حکومت کر رہی ہے اور دنیا کے تین بڑے مذاہب کے پیروکار (مسلمان، عیسائی اور یہودی) حضرت ابراہیمؑ ہی کے نام لیوا ہیں اور مسلمان تو شب و روز کی کم سے کم پانچوں فرض نمازوں میں اپنے پیغمبر کے ساتھ ساتھ حضرت ابراہیمؑ پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔ حضرت یوسف علیہ السلام جن کو حضور پاکؐ نے ’’کریم ابن کریم ابن کریم‘‘ کہا ہے، یعنی وہ خود نبی ان کے والد نبی اور ان کے دادا نبی؛ لیکن انہیں مصر کے ایک ویران کنویں میں پھینک دیا گیا اور جب کسی طرح وہاں سے نکالے گئے اور مصر پہنچے تو پھر مصر کے قید خانہ میں مدتوں رہنا پڑا؛ مگر بالآخر بادشاہِ مصر کے اس زر خرید غلام اور جیل کے قیدی کو اللہ تعالیٰ نے ایسی عزت دی کہ پورا مصر اُن کے اقتدار میں آگیا۔

حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے پہلے ہی صرف موسیٰ ہونے کے شبہ میں ان کے خاندان کے سیکڑوں نومولود تہہ تیغ کر دئیے گئے، پھر حضرت موسیٰ کی پرورش بھی اس طرح ہوئی کہ انہیں دریا میں پھینک دیا گیا، مگر اللہ کی قدرت دیکھئے کہ دریا برد کئے جانے والے اس نومولود کی قصر شاہی میں پرورش ہوئی، پھر جب نبوت سے سرفراز کئے گئے اور دعوت حق پیش کرنے کیلئے وقت کے سب سے طاقتور اور ظالم وجابر حکمراں کا سامنا کیا اور بالآخر انہیں مصر چھوڑنا پڑا تو اللہ تعالیٰ کے فیصلے کے تحت مصر میں آباد سرکش قوم اپنے قائد کے ساتھ دریا برد کر دی گئی۔ چراغِ دعوتِ حق لے کر موسیٰؑ فلسطین پہنچے اور ان کے متبعین نے بیت المقدس کو فتح کیا۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام عیسائیوں کے عقیدہ کے مطابق پھانسی پر چڑھا دئیے گئے؛ لیکن آج دنیا پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نام لیواؤں کا تسلط ہے، اگرچہ انہوں نے حضرت عیسیٰؑ کی حقیقی تعلیمات کو فراموش کر دیا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں کوئی قوم حضرت آدم ؑ سے لے کر حضرت موسیٰ وعیسیٰ علیہما السلام تک کی حقیقی تعلیمات پر کاربند ہے تو وہ حضور پُرنورؐ پر ایمان رکھنے والی امت ہے۔ یہی اللہ تعالیٰ کا نظام ہے کہ راہ حق پر قائم رہنے والوں کو آزمائشوں سے گزارا ضرور جاتا ہے؛ لیکن پھر انہیں دنیا میں بھی عزت، طاقت، نیک نامی اور کامیابی سے نوازا جاتا ہے۔ 

اللہ کے رسول ؐ کی حیات طیبہ اس کی بہترین مثال ہے۔ سیرت میں کئی واقعات ایسے ملتے ہیں، جو بظاہر مسلمانوں کیلئے بہت حوصلہ شکن تھے۔ جب آپؐ نے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرمائی تو یہ کوئی کم تکلیف دہ واقعہ نہیں تھا۔ آپؐ نے گھر بار چھوڑا، زمین جائداد چھوڑی، رشتہ داروں کو چھوڑا، بیت اللہ شریف کی قربت چھوڑی، اس فضا کو چھوڑا جس میں آپؐ نے بچپن سے ادھیڑ عمر تک زندگی گزاری تھی، آپؐ پر اس کا بڑا اثر تھا، جب آپؐ مکہ مکرمہ سے نکلے تو اپنے اس مانوس اور مبارک شہر پر حسرت کی نگاہ ڈالی اور فرمایا: ’’ اے مکہ! تو مجھے بہت عزیز ہے؛ لیکن تیرے باشندوں نے مجھے یہاں رہنے نہیں دیا۔‘‘ (سنن الترمذی، حدیث نمبر: ۳۹۲۶)۔ جب آپؐ مدینہ کے قریب پہنچے، جہاں سے ایک راستہ مکہ کی طرف جاتا تھا تو پھر وطن کی جدائی اور محرومی کا غم تازہ ہوگیا، اور اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو اطمینان دلایا کہ گھبرائیں نہیں، ہم آپؐ کو پھر مکہ کی طرف واپس لائیں گے (قصص:۸۵)۔

یہ بھی پڑھئے: حیا منکرات کیلئے حفاظتی حصار ہے

مدینہ پہنچنے کے بعد صحابہ کو وہاں کی آب وہوا راس نہیں آتی تھی، ان پر مدہوشی کی کیفیت طاری ہوتی تھی، اللہ کے رسولؐ نے اللہ تعالیٰ سے دعاء فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مدینہ کو رحمت وبرکت کا شہر بنا دے اور اُن کا دل یہاں لگ جائے (بخاری، حدیث نمبر: ۳۹۶۲) لیکن اپنے وطن کو خیرآباد کہنے کے پیچھے اللہ تعالیٰ نے کتنی بڑی کامیابی رکھی تھی! بدر واُحد اور خندق کا معرکہ ہو یا فتح مکہ اور پورے جزیرۃ العرب کا اسلام کے دامن میں آنا، یہ ساری کامیابیاں ہجرت کے واقعہ میں پوشیدہ تھیں۔

اس میں مسلمانوں کیلئے ایک اہم سبق ہے، اور وہ سبق ہے مشکل اور ناپسندیدہ حالات میں حوصلوں کو قائم رکھنا، اپنے آپ کو ثابت قدم رکھنا، مایوسی اور ناامیدی سے بچنا، ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ جب رات کی تاریکی اپنی انتہا کو پہنچ جاتی ہے تو پھر صبح کا سورج طلوع ہوتا ہے۔ انسان کا کمال یہ ہے کہ وہ مشکلات میں خیر کے پہلو کو تلاش کرے؛ کیونکہ ہر شر کے اندر کہیں نہ کہیں خیر بھی چھپا ہوتا ہے۔

۱۸۵۷ء میں وطن عزیز پر انگریزوں کا قبضہ ہوا، یہ اس ملک کیلئے اور بالخصوص مسلمانوں کیلئے بہت بڑا حادثہ تھا؛ لیکن اسی کے بعد ملک کے طول وعرض میں قیام ِ مدارس کا عمل شروع ہوا اور آج ملک بھر میں دینی مدارس، مکاتب اور جامعات کی جو کثرت ہے، ا سکی مثال ملنا مشکل ہے۔ 

۱۹۹۲ء میں بابری مسجد شہید کی گئی، ظاہر ہے کہ یہ ایک بہت ہی تکلیف دوہ واقعہ تھا؛ لیکن اس کے بعد مسلمانوں میں تعلیمی بیداری پیدا ہوئی اور لوگوں نے محسوس کیا کہ تعلیم کے بغیر اس ملک میں ایک باعزت قوم کی حیثیت سے زندگی گزارنا ممکن نہ ہوگا ۔ اسی کے ساتھ گاؤں گاؤں مسجدیں تعمیر کرنے کا جذبہ پروان چڑھا۔ اگر ان مسجدوں کو شمار کیا جائے جو ۱۹۴۷ء سے ۱۹۹۲ء کے درمیان تعمیر ہوئی ہیں اور ان مسجدوں کو جو ۱۹۹۲ء کے بعد تعمیر ہوئی ہیں تو واضح فرق محسوس ہوگا۔ یہ حقیر ذاتی طور پر اس بات سے واقف ہے کہ سیکڑوں دیہات جہاں مسلمان اذان کی آواز سننے کو ترستے تھے، آج وہاں مسجدیں تعمیر ہو گئی ہیں، اور مسجدوں کی برکت سے نوجوانوں میں نماز ادا کرنے کا جذبہ بھی بڑھا ہے۔

ہندوستان کے کئی شہروں میں بھیانک فساد ہوئے، مسلمانوں کو جانی نقصانات بھی پہنچائے گئے اور مالی نقصانات بھی۔ مرادآباد، جمشید پور، بھاگلپور، سورت، احمد آباد جیسے شہروں کی طویل فہرست ہے مگر الحمدللہ وہاں مسلمان حوصلہ و شعور کے ساتھ اٹھے، اب وہاں کاروبار میں مسلم حصہ داری پہلے سے زیادہ ہے۔ ان کی اپنی کالونیاں ہیں، تعلیمی ادارے ہیں اور وہ پہلے سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔

حیدرآباد میں ۱۹۴۸ء میں پولیس ایکشن ہوا، حیدرآباد اسٹیٹ کے بہت سے شہروں اور قصبوں میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، ان کے مکانات اور دکانیں لوٹ لی گئیں، عورتیں اپنی آبرو بچانے کیلئے کنوؤں میں کود کر جان دینے پر مجبور ہوئیں، ایسا لگتا تھا کہ اب یہاں کا مسلمان اس خطہ میں عزت و وقار کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکے گا؛ لیکن حیدرآباد اور حیدرآباد سے ملحق سابق مسلم علاقوں نے ایک نئی کروٹ لی، عصری تعلیم کے ادارے، دینی مدارس، مساجد ، اسپتال، خدمت خلق کے کام ہر پہلو سے انہوں نے ترقی کا تیز رفتار سفر کیا ہے اور آج وہ ان چند شہروں میں ہے، جن کی مثال پیش کی جاتی ہے۔ 

صاحبو، تاریخ یہی ہے کہ مسلمان آزمائش سے گزرے مگر اللہ پر بھروسہ کیا، حالات کا تجزیہ کیا، اپنی صلاحیت کو پہچانا ، ایک منصوبہ بند قدم اٹھایا اور آگے بڑھے، آئندہ بھی ان شاء اللہ بڑھتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK