Inquilab Logo

قیصر ِ روم کا ایلچی، امیرالمومنین کو دیکھ کر ہیبت زدہ رہ گیا

Updated: April 28, 2023, 12:24 PM IST | Mumbai

قیصر روم نے اپنا خاص ایلچی حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں بھیجا، وہ ایلچی دور دراز کا سفر طے کرنے کے بعد جب مدینہ منورہ میں پہنچا تولوگوں سے دریافت کرنے لگا کہ مسلمانوں کے خلیفہ حضرت عمرؓ کا محل کہاں ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

قیصر روم نے اپنا خاص ایلچی حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمت میں بھیجا، وہ ایلچی دور دراز کا سفر طے کرنے کے بعد جب مدینہ منورہ میں پہنچا تولوگوں سے دریافت کرنے لگا کہ مسلمانوں کے خلیفہ حضرت عمرؓ کا محل کہاں ہے؟ لوگوں نے اس کی یہ بات سنی تو ہنس دیئے اور کہا، ان کا تو کوئی محل نہیں ہے، اگرچہ ان کے نام کی ہیبت سے بڑے بڑے حکمراں تھر تھرا اٹھتے ہیں، مگر ان کی فقیروں جیسی جھونپڑی ہے، وہ اپنے لیے کوئی محل نہیں رکھتے۔ روم کے ایلچی نے جب یہ سب کچھ سنا تو بڑا حیران ہوا اور اس کا اشتیاق بڑھ گیا کہ مسلمانوں کے خلیفہ کو دیکھنا چاہئے۔اس نے اپنا سامان اور گھوڑے کو بغیر حفاظت کے چھوڑا اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو تلاش کرنا شروع کردیا، وہ ہر ایک سے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا پتہ پوچھتا پھرتا تھا، آخر ایک بدو عورت نے اس شخص کو اجنبی دیکھ کر بتایا کہ میں نے حضرت عمرؓ کو فلاں کھجور کے درخت کے نیچے دیکھا ہے کہ آپ وہاں پر تنہا سو رہے ہیں۔ 
چنانچہ وہ ایلچی اس بتائی ہوئی جگہ پر پہنچا تو  دیکھا کہ حضرت عمر فاروقؓ کھجور کے درخت کے نیچے تنہا سو رہے ہیں، ایلچی آپ کو سوتا دیکھ کر دور کھڑا ہوگیا۔ اس پر کپکپی طاری ہوگئی۔ اس کے دل میں ایک عجیب خوش کن کیفیت اور حضرت عمر فاروقؓ کی محبت پیدا ہوئی۔ محبت اور ہیبت کی عجیب کیفیت اس کے دل میں موجزن تھی۔ایلچی اپنی حالت کو دیکھ کر بڑا حیران ہوا اور سوچنے لگا کہ میں نے بہت سے معرکوں اور جنگوں میں حصہ لیا ہے، بہت بے جگری سے لڑاہوں، بہت سے زخم بھی کھائے ہیں، لیکن دشمنوں سے کبھی بھی خوف نہیں کھایا، میں بہت سے بادشاہوں کے درباروں میں گیا، مگر ان بادشاہوں کی ہیبت مجھ پر طاری نہیں ہوئی اور بادشاہوں کے سامنے ہمیشہ مطمئن رہا، بے شمار شیروں کا میں نے شکار کیا ہے اور اس شکار کے دوران شیر کا سامنا کرتے ہوئے مجھے کبھی خوف نہیں آیا اور میرے چہرے کی رنگت نہیں اڑی۔ 
آج جب کہ یہ مسلمانوں کا خلیفہ سویا ہوا ہے، اس کی ہیبت نے میرے حواس گم کردیئے ہیں، حالانکہ یہ ہستی بغیر ہتھیاروں کے زمین پر سوئی ہوئی ہے اور میں کانپ رہا ہوں! ایلچی کافی دیر تک حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جاگنے کا انتظار کرتا رہا، اس کی جرأت نہ ہوئی کہ آگے بڑھ کر فاروق اعظمؓ کو جگادے، آخر ایک گھنٹے کے بعد جب جناب فاروق اعظمؓ بیدار ہوئے تو اپنے سامنے ایک اجنبی شخص کو دیکھ کر حیران ہوئے۔  ایلچی نے آگے بڑھ کر اپنا تعارف کراتے ہوئے تعظیم اور سلام پیش کیا۔ اس کے بعد گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا۔ حضرت عمرؓ سے ملاقات کے بعد رومی سفیر نے اسلام قبول کرلیا اور مدینہ میں ہی ٹھہر گیا۔
حضرت عمرؓ کی وسیع سلطنت اور آپؓ کی شان و عظمت، سادگی ایسی تھی ۔ آپؓ  نہایت سادگی اور غربت سے زندگی گزار رہے تھے اور قیصر و کسریٰ ، بادشاہ و شہنشاہ ان سے کانپتے تھے۔ آج ہمارے معاشرے میں کوئی ذرا سا بڑا عہدہ بھی پا لے تو اس کے پاؤں زمین پر نہیں ٹھہرتے۔ اس کے تکبر کا اندازہ ہم سب کو بخوبی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK