پوتن کے مثبت اشارے کے بعد امن کے امکانات روشن،بشکیک میں مودی نے امن پر زور دیا تھا، جے شنکر کیف گئے تھے۔
EPAPER
Updated: September 05, 2026, 1:16 PM IST | Agency | Moscow
پوتن کے مثبت اشارے کے بعد امن کے امکانات روشن،بشکیک میں مودی نے امن پر زور دیا تھا، جے شنکر کیف گئے تھے۔
ساڑھے ۴؍ سال سے زائد عرصے سے جاری یوکرین جنگ کو ختم کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے امن معاہدے کی امید ظاہر کئے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر جلد ہی یوکرین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس دورے کی تصدیق کی ہے لیکن روسی صدر کے دفتر نے اس دورے کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
بشکیک میں وزیراعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ حالیہ ملاقات میں کہا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے اور انہوں نے امن کی اپیل کی تھی۔ اس کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یوکرین کا دورہ کیا تھا اور صدر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:ودھو ونود چوپڑہ نے مختلف زمروں کی فلمیں بنائیں
ذرائع کے مطابق وٹکوف اور کشنر پہلے یوکرین جائیں گے اور اس کے بعد ممکنہ طور پر روس کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ امن کی کوششوں کے سلسلے میں وٹکوف اس سے قبل بھی روسی صدر سے کئی مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں۔ جنوری میں ماسکو میں ان کی پوتن سے تقریباً ۴؍ گھنٹے طویل ملاقات ہوئی تھی۔دریں اثنا کیف کے قریب واقع عالمی ادارۂ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے ایک گودام کو روسی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس گودام میں عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے بھیجا گیا طبی سامان موجود تھاجو حملے میں تباہ ہو گیا۔
جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب روسی حملے میں یوکرین کے شہر اوڈیسا کے بجلی گھرکو بھی شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور۵؍زخمی ہوئے ہیں۔