Inquilab Logo Happiest Places to Work

قربانی کا عمل محض ایک وقتی عبادت نہیں بلکہ یہ ایک تربیتی درس ہے

Updated: June 06, 2025, 4:53 PM IST | Mudassir Ahmad Qasmi | Mumbai

قربانی انسان کو ایثار، تسلیم و رضا اور روحانی بلندی کے سفر پر گامزن کرتی ہے، جہاں وہ ہر تعلق اور ہر وابستگی کو اللہ کی محبت پر قربان کرنے کے لئے تیار ہوتا ہے۔

Putting a smile on the face of someone in need is also a kind of sacrifice. Photo: INN
کسی ضرورت مند کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دینا بھی ایک طرح کی قربانی ہے۔ تصویر: آئی این این

قربانی انسان کو ایثار، تسلیم و رضا اور روحانی بلندی کے سفر پر گامزن کرتی ہے، جہاں وہ ہر تعلق اور ہر وابستگی کو اللہ کی محبت پر قربان کرنے کے لئے تیار ہوتا ہے۔ اس لئےاسلام میں قربانی کا تصور محض جانور کے ذبح تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک عمیق روحانی اور فلسفیانہ مفہوم رکھتا ہے۔ اس اعتبار سے یہ انسان کے اندر موجود خود غرضی، دنیا پرستی اور نفسانی خواہشات کی نفی کا علامتی اظہار بھی ہے۔ قربانی کی اسی حقیقی روح کو واضح کرتے ہوئے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے: ’’اللہ تک نہ ان (قربانی کے جانوروں ) کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون، بلکہ تمہارا تقویٰ اس تک پہنچتا ہے۔ ‘‘ (سورۃ الحج:۳۷) 
  اس آیت میں بڑی لطافت اور گہرائی کے ساتھ قربانی کے ظاہری اور باطنی پہلو میں فرق کو واضح کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک قربانی کا ظاہری عمل محض ایک ذریعہ ہے اصل مطلوب نہیں، اصل مطلوب وہ دل ہے جو خلوص، وفا اور اللہ کی رضا کے جذبے سے لبریز ہو۔ 
اسلامی فلسفے کے مطابق سال میں صرف ایک مرتبہ قربانی کا عمل محض ایک وقتی عبادت نہیں بلکہ یہ ایک تربیتی درس ہے، جو مومن کے دل و دماغ میں قربانی کے دائمی جذبے کو بیدار کرتا ہے۔ اس لئے ہمیں سنجیدگی سے یہ غور کرنا چاہئے کہ کیا ہم صرف جانور کی قربانی کرکے اپنے فریضے سے سبکدوش ہو جاتے ہیں، یا واقعی اس عمل سے سبق حاصل کرتے ہیں اور سال کے باقی دنوں میں بھی اپنے وقت، مال، خواہشات اور مفادات کو اللہ کے دین، بندوں کی خدمت اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کیلئے قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ؟
ہمیں یہ ضرور یاد رکھنا چاہئے کہ قربانی کا مذکورہ مطلوبہ نتیجہ ہمیں اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب ہماری نیت خالص اور درست ہو کیونکہ بصورت دیگر دل میں وہ تبدیلی پیدا نہیں ہوتی ہے جو اس عبادت کا اصل ہدف ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ آج بہت سے لوگ قربانی کا عمل تو انجام دیتے ہیں، لیکن اس کے پیچھے موجود اصل روح اور مقصد کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔ ان کے دل میں نیت خالص اللہ کی رضا حاصل کرنے کی نہیں ہوتی بلکہ وہ اس عظیم عبادت کو ایک رسمی روایت یا معاشرتی مقابلے کی شکل دے دیتے ہیں۔ بعض لوگ جانور کی قیمت، جسامت یا تعداد دکھا کر اپنے آپ کو دوسروں سے برتر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ بعض کا مقصد محض گوشت حاصل کرنا اور لذت اندوزی ہوتا ہے۔ یہ رویہ اس عبادت کو اس کے حقیقی مقام سے گرا دیتا ہے اور اسے ایک دنیاوی عمل بنا دیتا ہے جس میں یقینی طور پر روحانیت کا فقدان ہوتا ہے۔ 
قربانی کے بعد اصل قربانی تو تب شروع ہوتی ہے جب گوشت کی خوشبو پھیلتی ہے، دیگیں چڑھتی ہیں اور دل چاہتا ہے کہ سارا گوشت خود ہی رکھ لیں ! لیکن اسلام ہمیں یہاں بھی ایک حسین اور خوبصورت توازن سکھاتا ہے: قربانی کے جانور کا گوشت تین حصوں میں تقسیم کیا جائے۔ — ایک حصہ اپنے لئے، ایک عزیز و اقارب کے لئے، اور ایک حصہ ان غریبوں کے لئے جو اکثرگوشت کے ذائقے کے لئے ترستے ہیں۔ یہ تقسیم صرف ایک سماجی فریضہ نہیں بلکہ قربانی کے جذبے کو معاشرتی سطح پر پھیلانے کا ذریعہ ہے جہاں ہر فرد خوشی، شکرگزاری اور محبت میں شریک ہوتا ہے۔ ایسا نہ ہو کہ ہم قربانی کا جانور تو بڑے شوق سے لائیں، بڑے جوش سے ذبح کریں، مگر جب گوشت تقسیم کرنے کی باری آئے تو ہمارا دل تنگ ہو جائے، اور سارے ’’حصے‘‘ بریانی، کباب اور قورمے کی نذر ہو جائیں ! یہ رویہ نہ صرف اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے بلکہ قربانی کے جذبے کو خود غرضی میں بدل دیتا ہے۔ اصل مزہ تو تب ہے جب آپ کسی ضرورت مند کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیں اور اس کا دل خوش ہوجائے اور آپ کے دیئے ہوئے گوشت سے اُس کا چولہا جل جائے۔ یہی وہ قربانی ہے جو نہ صرف دلوں کو جوڑتی ہے بلکہ اللہ کے ہاں بھی مقبولیت کا درجہ پاتی ہے۔ 
خلاصہ یہ ہے کہ قربانی کے وقت ہماری اصل توجہ اس بات پر مرکوز ہونی چاہئے کہ ہماری نیت خالص، بے ریا اور صرف اللہ کی رضا کے لئے ہو؛ کیونکہ جب نیت پاک ہوگی تو قربانی کا اثر محض ایک دن کی عبادت تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے روحانی اور اخلاقی ثمرات پورے سال ہماری زندگی میں جھلکیں گے۔ اس طرح قربانی محض ایک رسم نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی بن جائے گی، جو ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی کی طرف گامزن کرے گی، ان شاء اللہ۔ n

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK