Inquilab Logo

عید کا پیغا م

Updated: May 25, 2020, 8:14 AM IST | Salman Waseem Khan

عید ایک اہم اسلامی تہوار ہے جو پوری دنیا میںرمضان کے اختتام پر یکم شوال کو بڑے جوش وخروش سے منایا جاتا ہے۔عید الفطر اس خوشی میںمناتے ہیں کہ رمضان کے جو روزے ہم پر فرض کئے گئے تھے، اللہ تعالی نے اس کوپورا کرنے کی توفیق بخشی اور اس کی برکتوں سے مالا مال کیا۔

Jama Masjid - Pic : PTI
جامع مسجد ۔ تصویر : پی ٹی آئی

عید ایک اہم اسلامی تہوار ہے جو پوری دنیا میںرمضان کے اختتام پر یکم شوال کو بڑے جوش وخروش سے منایا جاتا ہے۔عید الفطر اس خوشی میںمناتے ہیں کہ رمضان کے جو روزے ہم پر فرض کئے گئے تھے، اللہ تعالی نے اس کوپورا کرنے کی توفیق بخشی اور اس کی برکتوں سے مالا مال کیا۔عید کے دن اللہ تعالی اپنے انعامات کی بارش کرتا ہےاور صدقہ فطر کی بدولت رمضان میں ہونے والی کوتا ہیوں کو معاف کردیتا ہے۔
خوشی اور غمی میں اعتدال
 اسلام ایک معتدل دین ہے،دین اسلام نے خوشی اور غمی کے موقعوں پر کچھ حدود وقیود قائم کردئیے ہیں،جن کا ہر حال میں ہمیں پاس ولحاظ رکھنا ضروری ہے۔مذہب اسلام اپنے پیرو کاروں سے ایک منظم زندگی جینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ہمارے اندر عیش میں یاد خدااور طیش میں خوف خدا نظر آنا چاہئے۔اسلام نے خوشی کی اجازت دی ہے مگر اس حد تک کہ غفلت کا رنگ نہ دکھائی دےاور اسی طرح غم کو اس قدر نہ طاری کیا جائے کہ زندگی عذاب لگنے لگے۔آج کل ہمارے سماج سے میانہ روی کی یہ صفت دور ہوتی چلی جارہی ہےاور دین سے بیزاری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ لوگ خوشی کے موقع پر سب کچھ بھول جاتے ہیں۔دولت مندحضرات اپنی دولت کے نشے میںوہ سارے خرافات کر جاتے ہیں جو ایک مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔عید کے موقع پر ایسی محفلیں سجاتے ہیں اور ایسی چیزوں کاانتظام واہتمام ضروری سمجھتے ہیں جس سے معاشرے میں ان کا قد بڑا محسوس ہواور دوسروں پر ان کی دولت کا رعب اور اثر دکھائی دے۔رمضان المبارک کا جو فلسفہ اسلام نے دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، ایک ہی دن میں اس کی دھجیاں بکھیر دی جاتی ہیں۔اسی شہر ممبئی میں کچھ جگہوں پر ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ عیدکے روز صبح صبح ڈی جے لگا دیا جاتا ہے ،شروعات قرآن کی تلاوت سے ہوتی ہے،پھر حمدو نعت کی باری آتی ہے ،پھر قوّالی کادور شروع ہوتا ہے،اس کے بعد فلمی گانوں کا نمبر آتا ہےاور پھر شام ہوتے ہوتے ماحول بالکل بدل جاتا ہے،محلے کے منچلے  انگریزی گانے اور موسیقی کی دھن پراس قدر شور شرابہ اور رقص کرتے ہیں کہ جسے دیکھ کر شیطان بھی شرماجائے۔
عید کا سبق ، عید کا پیغام
 رمضان کا مقصد اپنے اندر تقویٰ کی صفت پیدا کرنا ہےاور ایک مہینے میں ایسی تربیت حاصل کرنا ہے جس کا اثر سال کے باقی دنوں میں بھی نظر آئے۔عید کا مقصد بے جا خوشی اور خرافات نہیں بلکہ یہ دن خدا کے شکر اور عبادت کا ہے۔اپنے خالق سے اپنا تعلق مضبوط بنانے کادن ہے۔خدائے تعالی سے روحانی رشتہ استوار کرنے کا دن ہے۔عید الفطر در حقیقت ذاتی احتساب کا دن ہے۔عید کا دن اپنے اندر خاص مقصد رکھتا ہے۔اس دن خاص روحانی رنگ ہونا چاہئے۔عید کے دن صرف نئے نئے ملبوسات زیب تن کرنا کافی نہیںبلکہ دل ودماغ بھی صاف رکھنا ضروری ہے۔عید دسترخوان سجانے کا نہیں بلکہ کردار سنوارنے کا نام ہے۔ہمیں اس دن بے جا دولت لٹانے کے بجائے کسی خاندان کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کی فکر کرنا چاہئے۔عید کا دن فقط ایک دن ہنسنے کا نہیں بلکہ زندگی مسکراہٹ میں بدل دینے کا نام ہے۔ صرف عید ہی کے دن نہیں بلکہ پورے سال ہمیں غریبوں کی فکر کرنے کی ضرورت ہے۔جب تک ہم عید کا تہوار غریبوں کے ساتھ مل کر نہیں منائیں گے،  اس وقت تک ہم عید کی حقیقی خوشیوں سے محروم رہیں گے۔عید ہمیں خوشی کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ اخوت اور اجتماعیت کی تربیت دیتی ہے۔خود احتسابی اور شکر گزاری کی دعوت دیتی ہے،قربانی اوربندگی کے بلند مقام تک پہنچاتی ہے،پاکیزگی اور تجدید عہد کا سبق دیتی ہے،تبدیلی اور انقلاب کا پیغام سناتی ہے۔
سچی عید کیا ہے؟
 خطبہ عید کے وہ الفاظ جو عام طور پر عید کے خطبے میں پڑھے جاتے  ہیں، وہ سنہرے ورق پر لکھے جائیں تو بھی شاید ان کا حق ادا نہ ہو،جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ’’عید ان کی نہیں جنھوں نے عمدہ لباس زیب تن کرلیا بلکہ عید تو ان کی ہے جو اللہ کی وعید اور پکڑ سے ڈر گئے۔عید ان کی نہیںجنھوںنے آج عمدہ خوشبوئوں کا استعمال کیا بلکہ عید تو ان کی ہے جنھوں نے اپنے گناہوں سے توبہ کی اور پھر اس پر قائم رہے۔عید ان کی نہیں جنھوں نے عمدہ کھانوں کی ڈشیں تیار کیں بلکہ عید تو ان کی ہے جنھوں نے حتی الامکان سعادت حاصل کی اور نیک بننے کی کوشش کی۔عید ان کی نہیں جنھوں نے دنیاوی زیب وزینت اختیار کی بلکہ عید تو ان کی ہے جنھوں نے تقوی اور پر ہیز گاری کو اختیار کیااور اسے اپنا توشہ بنایا۔عید ان کی نہیں جنھوں نے عمدہ عمدہ سواریوں ،گاڑیوں پر سواری کی بلکہ عید تو ان کی ہے جنھوں نے گناہوں کو چھوڑدیا ۔عید ان کی نہیں جنھوں نے اعلیٰ درجہ فرش سے اپنے مکانوں کوآراستہ کیا بلکہ عید تو ان کی ہے جو پل صراط سے گزر گئے۔اللہ تعالیٰ ہمیں عید کی حقیقی خوشی نصیب فرمائے۔

eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK