دھولیہ ، ناندیڑ اور جلگائوں میں پُرجوش مگر پُرامن طریقے سے جلوس نکالا گیا، عقیدت مندوں نے نعت وسلام کا اہتمام کیا ، پولیس نے پھول پیش کرکے شرکاء کا استقبال کیا
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 11:29 PM IST | Jalgaon
دھولیہ ، ناندیڑ اور جلگائوں میں پُرجوش مگر پُرامن طریقے سے جلوس نکالا گیا، عقیدت مندوں نے نعت وسلام کا اہتمام کیا ، پولیس نے پھول پیش کرکے شرکاء کا استقبال کیا
حسب اعلان مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں جلوس عید میلاد النبیؐ ۵؍ ستمبر کے بجائے ۸؍ ستمبر کو نکالا گیا۔ عید میلاد کے ۱۵۰۰؍ ویں جشن کی مناسبت سے عقیدتمندوں کا جوش دوبالا نظر آیا۔ روایتی انداز میں جلوس نکالا گیا لیکن کئی علاقوں میں کار خیر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
دھولیہ میں بعد نماز ظہر مچھلی بازار چوک سے سیرت کمیٹی کی قیادت میں تزک و احتشام کے ساتھ عید میلاد کا جلوس نکالا گیا۔جلوس کا افتتاح سابق رکن اسمبلی فاروق شاہ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔اس وقت ضلع سپر نٹنڈنٹ آف پولیس شری کانت دھیورے اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ حسب روایت یہ جلوس مچھلی بازار مادھوپورہ، مولوی گنج، بارہ پتھر، اکبر چوک، آگرہ روڈ، پانچ قندیل، گاندھی مجسمہ سے گشت کرتا ہوا پانجرہ ندی کے قریب حضرت انجاہ داتاؒ کے آستانے پہنچا۔ اس دوران فلک شگاف نعروں، نعت رسولؐ کی آواز سے شہر کا چپہ چپہ گونج اٹھا ۔ شہر پولیس چھاونی میں تبدیل نظر آرہا تھا۔سیرت کمیٹی اور ضلع پولیس کی جانب سے جلوس میں شریک ہونے والے نوجوانوں کو تین فٹ سے زیادہ لمبائی کا جھنڈے، چہرے پر برادہ چمک لگانے، ڈی جے، چار پہیہ سواریوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ڈی جے اور چار پہیہ گاڑیوں سے سے لوگوں نے اجتناب برتا لیکن بڑے بڑے جھنڈے نوجوانوں کے ہاتھوں میں دیکھے گئے۔مجموعی طور پر جلوس پُرامن رہا جس کے سبب پولیس انتظامیہ نے راحت کا سانس لیا۔
ناندیڑ شہر میں عید میلادالنبیؐ کے جلوس کا آغاز صبح ۱۰؍ بجے نظام کالونی مسجد خواجگان سے درود وسلام کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد آئی ٹی آئی، شیواجی نگر، کلامندر، وزیرآباد، تارہ سنگھ مارکیٹ، اور قدیم مونڈھا علاقوں سے ہوتا ہوا محمد علی روڈ پر واقع میلاد گراؤنڈ تک پہنچا، جہاں دوپہر ڈیڑھ بجے اس کا اختتام ہوا۔ راستے میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولؐ جن میں بچے بھی شامل تھے سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ اپنے محبوب نبیؐکی شان میں نعت پڑھتے نعرے لگاتے آگے بڑھ رہے تھے۔جلوس کے اختتام پر میلاد گراؤنڈ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا، جس میں اہلِ سنت والجماعت کے ممتاز علمائے کرام نے خطاب کیا۔ انہوں نے حاضرین کو سیرتِ طیبہ ؐ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی، اور مسلمانوں کو اتحاد، اخوت، اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔
جلگائوں شہر میںمرکزی جلوس عید میلاد النبی کمیٹی کے زیر اہتمام سنی جامع مسجد نعمت پورہ (بھیل پورہ) کے پاس سے صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے جلوس روانہ ہوا جو گھنیکر چوک، سبھاش چوک، پشپلتا بینڈالے چوک، نیری ناکہ سے ہوتا ہوا اجنٹا چوفلی مسلم قبرستان پہنچ کر دوپہر ایک بجے اختتام پذیر ہوا۔اس دوران ’’سرکار کی آمد مرحبا، یا مصطفیٰ مرحبا، نعرہ تکبیر اللہ اکبر‘ جیسے نعروں سے ماحول گونجتا رہا۔ جلوس سبھاش چوک پہنچا تو روایتی انداز میں اذان دی گئی۔جلوس کے اختتام پر سید ایاز علی نیاز علی نے تمام پولیس فورس اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔جلوس کا سبھاش چوک پرضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر مہیشور ریڈی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک نکھٹے، ڈی وائی ایس پی نتن گناپورے، دیپک جوشی نے گلدستے پیش کرکے مسلم بھائیوں کا استقبال کیا۔ جلوس کا اختتام سلام، نعت پاک، درود شریف پڑھا گیا اور آخر میں عالمی امن کیلئے دعا کی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ جلوس کی قیادت مولانا جابر رضا نے کی۔جلوس کی رہنمائی مولانا واصف رضا نے کی۔