• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: پرمٹ اور انشورنس، عدت کا ایک مسئلہ، قبضے والی جگہ کرایہ پر لینا

Updated: November 24, 2026, 5:04 PM IST | Mufti Aziz-ur-Rahman Fatehpurī | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) پرمٹ اور انشورنس (۲) عدت کا ایک مسئلہ (۳) قبضے والی جگہ کرایہ پر لینا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

پرمٹ اور انشورنس

ایک شخص رکشہ کی پرمٹ وغیرہ کے سارے کام انجام دیتا ہے اسی میں کسٹمر کی رکشہ کا انشورنس بھی کرنا پڑتا ہے تو کیا کرے؟

(نوٹ : رکشہ کے سب کاموں کے ساتھ وہ کام بھی اسی میں شامل رہتا ہے صرف اس ایک کام کو نہیں، نہیں بول سکتے تو اس صورت میں کیا شکل اختیار کرے؟ محمد احمد ممبئی)

باسمہ تعالیٰ: ھوالموفق: انشورنس کوئی بھی ہو سود اور قمار ہیں جن کی حرمت نص قطعی سے ثابت ہے۔ انشورنس کی مروجہ صورتیں ان سے خالی نہیں اس لئے شرعی اصولوں کی رو سے ان کے جواز کی کوئی صورت نہیں لیکن بعض مرتبہ حالات کے جبر یا مجبوری کی بنا پر احکام میں تبدیلی بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ سوال رکشہ کے پرمٹ کے کام کرنے والوں کا ہے جس میں انشورنس بھی شامل ہے۔ انشورنس اصولاً تو منع ہے لیکن بیشتر ممالک میں قانونی طریقے پر ضروری ہے کہ رکشہ اور اس نوع کی گاڑیاں پرائیویٹ ہوں یا کرائے پر چلائی جانے والی، بغیر انشورنس کے ان کو سڑک پر نہیں چلایا جاسکتا۔ جہاں قانونی جبر نہ ہو وہاں مجبوری بھی نہیں لیکن قانونی ضرورت کی بناپر علماء نے اس کی اجازت دی ہے اور جب اس بنیاد پر اجازت دی گئی ہے تو پر مٹ کا کام کرنے والے کے لئے بھی گنجائش ہوگی البتہ اس حد تک وہ کسی اور کی مدد لے تو زیادہ بہتر ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

عدت کا ایک مسئلہ

ایک شخص کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ ہاسپٹل میں تھا۔ اس کے ساتھ میں اس کی بیوی بھی تھی اور ہاسپٹل گھر سے کئی سو کلومیٹر دور ہے تو اس کی عدت کی کیا شکل رہے گی۔ اب وہ عورت وہیں سے عدت شروع کر دے یا پھر گھر آ کر شروع کرے۔ چونکہ اگر عورت کو اکیلے گھر بھیجا جائے تو بہت خرچہ لگتا ہے اور ساتھ میں لائیں تو ٹائم لگے گا تو بتائیے کیا صورتحال رہے گی۔ نوازش ہوگی۔محمد جاوید، ممبئی۔

یہ بھی پڑھئے:سردار الانبیاء، حضورؐ اکرم کی ذات ِوالا صفات ہی حیات و کائنات کا حاصل ہے

باسمہ تعالیٰ: ھوالموفق: عدت تو شوہر کی وفات کے بعد ہی سے شروع ہوجاتی ہے۔ دوران سفر یا اسپتال وغیرہ میں انتقال ہوا تو اسی دن سے عدت شروع ہوگئی مگر فوراً گھر پہنچنا یا پہنچانا ضروری نہیں۔ جب باقی لوگ میت لے کر واپس آئیں عورت بھی انہی کے ساتھ آجائے۔ اب وہ بھلے ایک دو دن بعد گھر پہنچے مگر جو وقت سفر میں گزرے گا وہ بھی عدت کا حصہ ہوگا یعنی عدت ہی میں شمار ہوگا۔ ایسا نہیں کہ عدت گھر آنے کے بعد سے شمار ہو۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم۔

قبضے والی جگہ کرایہ پر لینا

جگہ زید کی  ہے مگر بکر نے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور لوگوں کو کرائے پر دیتا رہتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ بکر  سے یہ جگہ کرائے پر لینا کیسا ہے اور کرایہ بکر کو دیا جائے گا یا زید کو جو اصل مالک ہے؟محمد عرفان شیخ (ممبرا)

الجواب۔ ھوالموفق:  اگر اصل مالک زید نے بکر کو یہ اختیار دیا ہو کہ جسے چاہے کرائے پر دے دے تو اس جگہ کو کرائے پر لینا صحیح ہوگا لیکن غاصبانہ قبضہ ہے تو لازمی امر ہے کہ مالک نے اسے ایسا کوئی اختیار نہیں دیا ہوگا۔ حکم یہ ہے کہ غاصب نہ تو مالک ہوتا ہے نہ اس کے تصرفات درست مانے جاتے ہیں اس لئے اصولی طور سے جو معاملہ زید سے ہوگا وہی صحیح مانا جائے گا۔

اول تو ایسی جگہ لینی ہی نہیں چاہئے اور اگر لے لی ہو تو اصل مالک سے الگ معاملہ کریں ۔ جب یہ معلوم ہے کہ کرایہ جو دیا جائے گا مالک اس سے محروم رہے گا تو ایسی جگہ کو غاصب سے کرایہ پر لینا اس کا تعاون ہے ۔ کرائے کا جائز حقدار اصل مالک ہے۔ واللہ اعلم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK