ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی ملاقات بھی موضوعِ بحث رہی۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 4:22 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی ملاقات بھی موضوعِ بحث رہی۔
رواں ہفتہ ملک کے بیشتر غیر اردو اخبارات نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے کے مجرمین میں سے دو کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی قرار دیا ہے۔دوسری جانب کانگریس کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کو ویزا جاری نہ کیے جانے کی روش پر بھی بیشتر اخبارات نے نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے ملک کی جمہوری روایات اور آزاد صحافت کے تشخص پر بدنما داغ قرار دیا ہے۔ادھر ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی ملاقات کے عالمی سیاست پر مرتب ہونے والے ممکنہ اثرات اور اس کے دور رس مضمرات پر بھی غیر اردو اخبارات نے خصوصی اداریے تحریر کیے ہیں۔اس کے علاوہ نیٹ امتحان کے نظام میں اصلاحات کی تجاویز پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بیشتر اخبارات نے امتحانی شفافیت اور تعلیمی نظام پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی وی کے نام نہاد صحافی چاپلوسی کا ریکارڈ بنانے پر تلے ہیں
نظامِ انصاف کا دہرا معیار بے نقاب
نوراشٹر( مراٹھی، ۱۹۔نومبر)
’’ملک کی عدالتِ عظمی کی جانب سے بلقیس بانو مقدمے کے ۱۱؍ میں سے۲؍ سزا یافتہ مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرکے انہیں ضمانت دینے کا حالیہ فیصلہ ایک بار پھر ملکی نظامِ انصاف میں رائج ترجیحات اور متاثرین کے حقوق پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ یہ محض ایک قانونی کارروائی نہیں بلکہ اس بنیادی اصول کا امتحان ہے کہ آیا ہماری عدالتوں میں طاقتور مجرموں کی سہولت کو ترجیح دی جاتی ہے یا ایک مظلوم عورت کی دہائی کو سنا جاتا ہے؟خود سپریم کورٹ کے اپنے متعدد فیصلے اس بات پر شاہد ہیں کہ ضمانت کی کسی بھی سماعت کے دوران متاثرہ فریق کو کمرۂ عدالت میں موجود رہنے اور اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ۲۰۲۲ کے معروف جگجیت سنگھ بنام آشیش مشرا مقدمہ میں عدالت نے واضح الفاظ میں قرار دیا تھا کہ فوجداری مقدمات کی ہر سماعت میں متاثرہ شخص کو سنا جانا لازم ہے بالخصوص جنسی تشدد کے شکار افراد کیلئے یہ حق ناگزیر ہے۔اس کے باوجود بلقیس بانو کا یہ شکوہ کہ کمرۂ عدالت میں میری آواز کیوں نہیں سنی گئی؟ عدالتی عمل کے اس خلا کی نشاندہی کرتا ہے جہاں قانون کی روح کے بجائے محض تکنیکی پہلوؤں کو فوقیت دے دی جاتی ہے۔ایک ایسی خاتون جس نے ۱۹؍ سال کی عمر اور حاملہ ہونے کی حالت میں ۲۰۰۲ء کے فسادات کی وحشت ناکی جھیلی، اپنے خاندان کے ۱۴؍ افراد کا قتل عام دیکھا اور برسوں کی طویل جدوجہد کے بعد ۲۰۰۸ء میں انصاف کی ایک کرن دیکھی۔اس کے موقف کو نظر انداز کرنا نہ صرف اس کے اور اس کے بچوں کے خوف میں اضافے کا باعث ہے بلکہ عام شہریوں کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔یہ امر بھی باعثِ تشویش ہے کہ ۲۰۰۲ء میں گجرات حکومت کی جانب سے ان مجرموں کی قبل از وقت رہائی اور پھر ان کے والہانہ استقبال کے شرمناک مظاہرے کے بعد جب ۲۰۲۴ء میں سپریم کورٹ نے اس رہائی کو کالعدم قرار دیا تو انصاف کے تقاضے پورے ہوتے نظر آئے تھےمگر اب طویل قید اور جسمانی کمزوری کو بنیاد بنا کر دی جانے والی اس ضمانت نے نظامِ انصاف کے دہرے معیار کو بے نقاب کر دیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کچھ سال قبل تک گاؤں میں پوال کے ڈھیر بچوں کیلئے احتجاج کی جگہ ہوا کرتی تھی
غیرملکی صحافیوں کا ویزا رد کرنا افسوس ناک
پربھات( مراٹھی، ۱۷؍نومبر)
’’حیدرآباد میں کانگریس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی’بھارت سمٹ‘ کا اصل مقصد دنیا بھر کے جمہوریت پسند دانشوروں، مصنفین اور صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے فکری تبادلہ خیال کرنا تھا۔تاہم یہ کانفرنس اپنے فکری مباحث کے بجائے اس تنازع کے باعث سرخیوں میں آ گئی ہے کہ اس میں مدعو کیے گئے تقریباً ۱۱۵؍ غیر ملکی مہمانوں کو حکومت کی جانب سے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیاگیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور کی جانب سے سامنے آنے والے ان اعداد و شمار پر وزارت خارجہ نے محض یہ کہہ کر خاموشی اختیار کر لی ہے کہ ویزا دینا یا مسترد کرنا حکومت کا صوابدیدی اختیار ہے لیکن اس اقدام کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی گئی۔ہندوستان کی شناخت ہمیشہ سے ایک ایسے آزاد خیال اور جمہوری ملک کی رہی ہے جہاں مختلف فکری دھاروں کا احترام کیا جاتا ہے۔گزشتہ کئی دہائیوں کی کوششوں سے عالمی برادری میں جو روادارانہ تشخص قائم ہوا تھا اس طرح کے اقدامات سے اسے شدید دھچکا پہنچا ہے۔اس معاملے میں ناروے کی نوجوان صحافی ہیلے لنگ کا واقعہ بطور خاص توجہ کا مرکز بنا ہے جن کا ویزا عین پرواز سے چند منٹ قبل منسوخ کر دیا گیا۔ماضی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ناروے دورے پر اُن کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کو اس اقدام کا پس منظر قرار دیا جا رہا ہے جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی کھل کر تنقید کی ہے۔ واضح رہے کہ کسی بھی ملک کا جمہوری اور کشادہ دل تاثر برسوں کی ریاضت سے بنتا ہے لیکن اندرونی سیاسی مخالفت اور اپوزیشن کو زچ کرنے کی پالیسی کو جب بین الاقوامی دانشوروں اور صحافیوں تک پھیلایا جائے تو اس کے اثرات سرحدوں سے پار تک جاتے ہیں۔ ملک کی داخلی سیاست میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کھینچا تانی ایک معمول کی بات ہو سکتی ہے مگر عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار اور جمہوری روایات کو اس سے بالاتر رکھنا ضروری ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اگر امریکہ، یورپی ممالک اور چین آلودگی کم کر سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟
عالمی نظام،تجارتی اور توانائی کے راستے پر
دی ٹائمز آف انڈیا( انگریزی،۲۰؍نومبر )
’’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین مستقل اراکین امریکہ، چین اور روس کے سربراہان کی سہ فریقی ملاقات نے ۱۹۴۵ء کی تاریخی یالٹا کانفرنس کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں اور جوہری ہتھیاروں کے سب سے بڑے ذخائر کے حامل ان ممالک کے لیڈروں نے ڈیڑھ گھنٹے کی نشست میں عالمی امن و سلامتی کی مشترکہ ذمہ داری اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم اس نقطہ نظر پر تنقیدی نگاہ ڈالی جائے تو یہ سوال ابھرتا ہے کہ کیا اکیسویں صدی کی پیچیدہ دنیا کی تقدیر کا فیصلہ محض تین دارالحکومتوں میں بیٹھ کر کیا جا سکتا ہے۔تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو دوسری جنگ عظیم کے بعد یالٹا میں امریکہ، برطانیہ اور سوویت یونین نے عالمی نظام کی جو بنیاد رکھی تھی وہ آج خود اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔طاقت کے توازن کا وہ پرانا دور اب قصۂ پارینہ بن چکا ہے نہ تو امریکہ اب بلا شرکت غیرے واحد سپر پاور رہا ہےاور نہ ہی روس کو ماضی کے سوویت یونین جیسا استحقاق حاصل ہے۔ اسی طرح ۲۰۰۱ء میں چین کو عالمی تجارتی تنظیم میں شامل کرتے وقت مغرب نے یہ خام خیالی پالی تھی کہ وہ اسے اپنے رنگ میں ڈھال لے گا مگر وقت نے اس اندازے کو غلط ثابت کر دیا۔یوکرین کے خلاف روسی مہم جوئی جو چند دنوں کی سمجھی جا رہی تھی، ۵؍ برس کے قریب پہنچنے کے باوجود کسی حتمی نتیجہ تک نہیں پہنچ سکی جبکہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی بھی مہینوں گزرنے کے باوجود مزاحمت کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔اس صورتحال سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ عسکری طاقت کے بل بوتے پر یکطرفہ فیصلے مسلط کرنے کی صلاحیت اب پہلے جیسی مؤثر نہیں رہی۔ دوسری جانب عالمی معیشت اور سفارت کاری کی لچک ایک اہم پہلو کے طور پر سامنے آئی ہے۔بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی اور جنگوں کے باوجود عالمی نظام مفلوج ہونے کے بجائے نئے تجارتی اور توانائی کے راستوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کر چکا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: معاشیانہ: اب اے آئی کردار بھی انفلوئنسرز بن کر برانڈز کی تشہیر کر رہے ہیں!
نیٹ امتحان کی افادیت پر سوالیہ نشان
نوبھارت( ہندی، ۲۰؍نومبر )
’’ملک کے تعلیمی و امتحانی نظام میں اصلاحات کی بازگشت ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے۔حالیہ پیش رفت میں ملک کی متعدد ریاستوں نے باہمی اتفاق رائے کا مظاہرہ کرتے ہوئے نندن نیلی کنی کی صدارت میں قائم امتحانی اصلاحات کی اعلی اختیاراتی ٹاسک فورس سے یہ اہم مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ کے ذریعہ ہونے والے میڈیکل داخلوں میں بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے نمبروں کو باضابطہ وزن دیا جائے۔اس ضمن میں کرناٹک، کیرالا، ادیشہ اور جموں کشمیر جیسی ریاستوں کا مؤقف تو اس قدر دوٹوک ہے کہ وہ نیٹ کے موجودہ نظام ہی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے براہ راست بارہویں کے نمبروں پر داخلہ دینے کی وکالت کر رہی ہیں۔اس کے ساتھ ہی سال میں متعدد بار امتحان کے انعقاد اور کمپیوٹر پر مبنی ٹیسٹ جیسی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں جن پر نیلی کنی پینل کو اپنی مدت کار کے اختتام سے قبل سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ اگر تاریخ کے اوراق پلٹیں تو ۲۰۱۰ء میں میڈیکل کونسل آف انڈیا نے ریاستی اور نجی سطح پر ہونے والے داخلہ امتحانات کی بے ضابطگیوں اور کیپیٹیشن فیس کے ناسور کو ختم کرنے کی نیک نیتی سے نیٹ کا تصور پیش کیا تھا۔۵؍ مئی ۲۰۱۳ء کو اس کے پہلے انعقاد،ابتدائی عدالتی رکاوٹوں،۲۰۱۶ء میں بحالی اور پھر ۲۰۱۹ء کے نیشنل میڈیکل کمیشن ایکٹ کے تحت اس کے مکمل نفاذ تک ’ایک ملک، ایک امتحان‘ کے اس فارمولہ نے بلاشبہ طلبہ کو درجنوں امتحانات کے بوجھ اور من مانی فیسوں سے نجات دلائی۔تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس نظام کے جو منفی مضمرات سامنے آئے ہیں وہ اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔سب سے بڑا المیہ یہ ہوا ہے کہ ایک طالب علم کی برسوں کی تعلیمی ریاضت محض تین گھنٹے کے ایک پرچہ کی مرہون منت ہو کر رہ گئی ہے۔اس یکطرفہ رجحان نے ہائر سیکنڈری اسکولوں کی افادیت کو تقریباً بے معنی کر دیا ہے۔‘‘