• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونیا گاندھی کی کتاب بتاتی ہے: گاندھی خاندان نے نظریات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا

Updated: November 23, 2026, 9:15 PM IST | Vir Sanghvi | Mumbai

اکثر کہا جاتا ہے کہ ہندوستانی سیاست میں’نظریات‘ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، وہ اپنی جگہ کھو چکا ہے۔ لیڈروں کو اپنی ترقی کے علاوہ کسی اور بات کی پروا نہیں ہے۔ یہاں تک کہ بڑی سیاسی جماعتیں بھی کسی بڑے خیال یا سوچ کے بجائے صرف اور صرف اپنے مفاد اور لالچ کیلئے کام کرتی ہیں۔ اس الزام میں کچھ حد تک سچائی ضرور ہےلیکن سیاسی فائدے کیلئے پالا بدلنے والے لیڈروں کے باوجود یہ سوچنا غلط ہوگا کہ بی جے پی کے مرکزی لیڈران اور پارٹی کے اعلیٰ قائدین کسی نظریے سے عاری ہیں۔

Sonia Gandhi`s book set several records within the very first week of its release. Photo: INN
سونیا گاندھی کی کتاب نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں کئی ریکارڈز بنا لئے۔ تصویر: آئی این این

اکثر کہا جاتا ہے کہ ہندوستانی سیاست میں’نظریات‘ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، وہ اپنی جگہ کھو چکا ہے۔ لیڈروں کو اپنی ترقی کے علاوہ کسی اور بات کی پروا نہیں ہے۔ یہاں تک کہ بڑی سیاسی جماعتیں بھی کسی بڑے خیال یا سوچ کے بجائے صرف اور صرف اپنے مفاد اور لالچ کیلئے کام کرتی ہیں۔ اس الزام میں کچھ حد تک سچائی ضرور ہےلیکن سیاسی فائدے کیلئے  پالا بدلنے والے لیڈروں کے باوجود یہ سوچنا  غلط ہوگا کہ بی جے پی کے مرکزی  لیڈران اور پارٹی کے اعلیٰ قائدین کسی نظریے سے عاری ہیں۔ ہاں! وہ اپنے مفادات کی بنیاد پر فیصلے ضرور کرتے ہیں لیکن اپنے نظریہ کو نہیں چھوڑتے۔ مودی حکومت نے منموہن حکومت کی بہت سی فلاحی اسکیموں کو اپنایا ہے، جن میں سے ایک غریبوں کے کھاتوں میں براہ راست رقم کی منتقلی ہے۔ بی جے پی نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے ان میں سے کچھ اسکیموں کی مخالفت بھی کی تھی جبکہ آج یہی اسکیمیں مودی کی مقبولیت کا ایک بڑا  ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ میں اخلاقیات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے؟

غریبوں کیلئے سابقہ حکومت کی اسکیموں کو قبول کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ بی جے پی کے بنیادی نظریے  میں کوئی تبدیلی آگئی ہے۔ مودی، امیت شاہ، اور پارٹی کے زیادہ تر لیڈر ہندوستان کو ایک بنیادی طور پر ’ہندو راشٹر‘ کے طور پر مانتے ہیں۔ ان کی سوچ اور حکومت چلانے کا طریقہ دونوں اسی خیال پر مبنی ہیں۔ وہ ایسے ہندوستان کے وژن کو قبول نہیں کرتے جہاں تمام مذاہب اور برادریوں کو یکساں مقام حاصل ہو۔ وہ سیکولرازم کو فروغ دینے کیلئے کانگریس کی مخالفت کرتے ہیں۔

تمام جمہوری ممالک میں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی مخالفت کرتی ہیں، لیکن کسی جماعت کیلئے اپنے سیاسی مخالفین کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کرنا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ پھر بھی، بی جے پی کا ’کانگریس مکت بھارت‘ کا نعرہ اسی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ پارٹی اب بھی ان لوگوں کی مخالفت کرتی ہے جنہوں نے ہندوستان کو ایک ایسا ملک بنانے میں مدد کی جس میں تمام مذاہب اور برادریوں کومساوی درجہ ہو۔ جواہر لال  نہرو کی موت کے ۶؍ دہائیوں  کے بعد بھی بی جے پی ان کیلئے  اپنی دلوں میں نفرت رکھتی ہے۔ اگرچہ پارٹی کے سینئر لیڈران اپنی تقریروں میں تھوڑا سوچ سمجھ کر بولتے ہیں، لیکن یہ واضح ہے کہ کچھ نہیں بلکہ بہت سارے لیڈران ناتھورام گوڈسے کی تعریف کرتے ہیں اور مہاتما گاندھی کو ناپسند کرتے ہیں۔

اب آتے ہیں سونیا گاندھی کی طرف۔ان کی کتاب ’بیلانگنگ‘کے بارے میں ہزاروں مضامین لکھے جا چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر مصنفین نے کتاب میں بیان کردہ سیاسی واقعات پر توجہ مرکوز کی ہے، لیکن پوری کتاب میں نظر آنے والی نظریاتی سوچ کو نظر انداز کیا ہے۔ اگر انہوں نے توجہ دی ہوتی تو وہ سمجھ جاتے کہ سونیا کی سیاست کا مرکز آر ایس ایس اور ہندوستان کو ہندوتوا کے زیر اقتدار لانے والے خیال کی شدید مخالفت ہے۔ میں نے صفحہ۸۱؍ سے لے کر آخری صفحہ۴۹۵؍ تک۲۹؍ الگ الگ صفحات شمار کیے، جو آزادی کی جدوجہد اور آزاد ہندوستان میں آر ایس ایس اور اس کے کردار پر تنقید کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اگر اعلیٰ سطحی سرکاری افسران کی ملازمت میں مسلسل توسیع ہوتی رہے تو اس کی جانچ ہونی چاہئے

سونیا نے جو لکھا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی بھی اسی طرح کے خیالات رکھتے تھے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ راہل گاندھی آر ایس ایس کی کتنی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنی تقریروں میں اس کا بار بار ذکر کرتے ہیں۔’بیلانگنگ‘ سے پتہ چلتا ہے کہ گاندھی خاندان اپنا سیاسی مقصد ہندوستان کے تنوع کی حفاظت کو سمجھتا ہے۔ وہ آر ایس ایس کو اپنا سب سے بڑا مخالف سمجھتے ہیں۔ اس کیلئے، بی جے پی، نریندر مودی اور دیگر لیڈران  جو اس نفرت انگیز نظریے کے مختلف مظہر ہیں ، کی وہ مخالفت کرتے ہیں۔یہ سوانح عمری ہندوستانی سیاست کے تقریباً ہر بڑے واقعے کا آر ایس ایس کے کردار کی عینک سے جائزہ لیتی ہے۔۱۹۷۰ء کی دہائی کی نو نرمان تحریک کے بارے میں لکھتے ہوئے سونیا گاندھی کہتی ہیں کہ آر ایس ایس نے اے بی وی پی کے ذریعے اس تحریک کو فروغ دیا۔ ان کے مطابق، جے پرکاش نارائن کو آر ایس ایس نے اپنی حمایت بڑھانے کیلئے استعمال کیا۔سونیا لکھتی ہیں کہ اندرا گاندھی کو ہمیشہ آر ایس ایس کی فکر رہتی تھی۔ یہ ایک وجہ تھی کہ وہ کانگریس سنڈیکیٹ کے لیڈروں سے ناراض تھیں۔ یہ لیڈر جن سنگھ کی حمایت سے اپنے لیڈر سنجیو ریڈی کو ہندوستان کا صدر بنانا چاہتے تھے لیکن وہ الیکشن ہار گئے۔آر ایس ایس کی ایک ریلی دیکھنے کے بعد، نوجوان اندرا گاندھی نے اپنے والد کو ایک خط لکھا تھا کہ’’یہ تنظیم جرمنی کی براؤن شرٹس کی طرح ہے۔ اگر ہم نے فوری ایکشن نہیں لیا تو یہ بڑھتا رہے گا...‘‘اندرا گاندھی کے ذہن میں آر ایس ایس سے لڑنا نازیوں سے لڑنے کے مترادف تھا۔ سونیا لکھتی ہیں،  کہ ’’آر ایس ایس کے سرکردہ مفکرین نے اپنی تحریروں اور تقریروں میں ہٹلر اور اقلیتوں کے تئیں اس کی پالیسیوں کی تعریف کی۔‘‘

سونیا نے اپنی دیورانی مینکا کے اندرا گاندھی کے گھر چھوڑنے کو بھی آر ایس ایس سے جوڑکر دیکھا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ مینکا نے نہ صرف سنگھ پریوار کی سرکردہ لیڈر راج ماتا سندھیا کے خاندان کے ساتھ وقت گزارا بلکہ یہ بھی کہ جب مینکا نے اپنا رسالہ’سوریہ‘ بیچا تو خریداروں میں سے دو آر ایس ایس کے سرکردہ  لیڈر تھے۔ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’آر ایس ایس نے ایک ہندو ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جہاں مسلمانوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری جیسا سلوک کیا جائے گا۔‘‘اور یہ کہ ’’ان کی خود کو سب سے بہتر سمجھنے کی سوچ ہی بی جے پی کا سیاسی نظریہ بن گیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ٹی وی کے نام نہاد صحافی چاپلوسی کا ریکارڈ بنانے پر تلے ہیں

سونیا نے اپنے بارے میں پھیلائی گئی جھوٹی اور ہتک آمیز افواہوں کیلئے بھی آر ایس ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ دریں اثنا، گزشتہ عام انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں بی جے پی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی، وہ ’’آر ایس ایس اور بی جے پی کی حکمت عملیوں اور چالوں‘‘ کے بارے میں بات کرتی ہیں۔آر ایس ایس پر ان کی یہ تنقیدیں نہ تو نئی ہیں، نہ ہی غیر معمولی ہیں۔ وہ اکثر اس کااظہار کرتی رہی ہیں اور اس کتاب سے انہوں نے ثابت کردیا کہ نظریات کے معاملے میں وہ آر ایس ایس کی اول دن سے مخالف رہی ہیں اور آگے بھی رہیں گی۔ وہ انڈیا اگینسٹ کرپشن موومنٹ کے بارے میں بھی لکھتی ہیں۔ اس تحریک کے کچھ شرکاء کے مطابق،’’اسےخاموشی سے بی جے پی اور آر ایس ایس نے منظم کیا تھا اور اس کی حمایت کی تھی۔‘‘ اس کتاب میں سونیا گاندھی نے بعض کانگریس لیڈروں کے پارٹی چھوڑنے پر حیرت کااظہار بھی کیا ہے کہ وہ نظریات سے کیوں کر منہ پھیر سکتے ہیں؟

طویل مضمون ایک اہم حصہ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK