• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سردار الانبیاء، حضورؐ اکرم کی ذات ِوالا صفات ہی حیات و کائنات کا حاصل ہے

Updated: November 24, 2026, 4:59 PM IST | Samiullah Malik | Mumbai

حریت، مساوات، اخوت، امانت، دیانت، صداقت اور عدالت، یہ اخلاقی قدریں قوانین قدرت ہیں اور یقین کے ساتھ کہا جاسکتا ہے کہ ان کے نفاذ سے انسانی معاشرہ میں امن و انصاف کی ضمانت مہیا ہوجاتی ہے۔

The Noble Messenger (PBUH) whose mosque serves as the focal point and destination for Muslims across the globe has gifted humanity with Islam, establishing it as a complete social system. Photo: INN
رسول کریمؐ نے، جن کی مسجد پوری دُنیا کے مسلمانوں کا مرکز و مرجع ہے، اسلام کو ایک مکمل معاشرتی نظام بنا کر نسلِ انسانی کو عطا فرمایا ہے۔ تصویر: آئی این این

’’دل جس سے ز ندہ ہے وہ تمنا تمہی تو ہو= ہم جس میں بس رہے ہیں وہ دنیا تمہیں تو ہو‘‘ ۔۔۔۔ اور جذبۂ عشق رسول اکرمؐ کا اصل تقاضا یہی ہے کہ یہ کیفیت ہمارے فکروعمل کا پوری طرح احاطہ کرلے۔ یہ بات ایمان کی ہے اور ایمان کا ثبوت اعمال صالح کی صورت ہی میں فراہم کیا جا سکتا ہے۔ سیرت پاک کے سلسلے میں یہ حقیقت بھی ہمارا جزو ایمان ہونی چاہئے کہ دور ِرسالت ِ مآبؐ تاریخ کا حصہ ہی نہیں ہے بلکہ ساری نسلِ انسانی کیلئے قیامت تک ہدایت جاریہ ہے۔

رسول کریمؐ نے اسلام کو ایک مکمل معاشرتی نظام بنا کر نسلِ انسانی کو عطا فرمایا ہے اور انسانی تاریخ کا حقیقی انقلاب وہی دور سعا دت آثار ہے۔ رسول کریم ؐ کے وسیلے ہی سے انسانیت کو دنیا کے ساتھ ساتھ حیات و کائنات کی وسعتوں کا شعور اور نسلِ انسانی کی عالمگیرمساوات کا پیغام ملا۔ انسان انفرادی طور پر جس طرح مختلف مرحلوں سے گزر کر باشعور ہونے کی منزل تک پہنچتا ہے،نسلِ انسانی بھی مجموعی طور پر انہی مرحلوں سے گزری ہے۔ ختم نبوت کا اعلان پوری نسلِ انسانی کے باشعور ہونے کا اعلان بھی ہے اسی لئے سردار انبیاء محمد الرسولؐ اللہ نے خطبہ حجۃ الوداع میں ساری نسل انسانی کو مخاطب فرمایا تھا۔

  کائنات کے نظام پر اللہ کی حاکمیت

اس طرح پوری نسل انسانی کیلئے اللہ کی ہدایت حرفاً حرفاً محفوظ ہو گئی اور اس کے مطابق پوری معاشرتی زندگی بسر کرنے کا ایک مکمل عملی نمونہ سامنے آگیا۔ آئیڈل کو معاشرتی زندگی کی حقیقت بنا کر پیش کردیا گیا، زندگی عملی نمونے میں ڈھل گئی۔ انسان پر یہ حقیقت واضح ہو گئی کہ کائنات کے نظام اور انسان کی انفرادی، اجتماعی اور سماجی زندگی سب اللہ کے قانون کی گرفت میں ہیں۔ کائنات کے نظام میں اللہ کی حاکمیت براہِ راست ہے لیکن ارادہ اور اختیار کی صفت کی وجہ سے انسانی زندگی پر اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کا نفاذ انسانی ایمان و اعمال کے وسیلے سے ہوتا ہے۔ کائنات کا نظام حیرت انگیزنظم و ضبط کے تحت چل رہا ہے۔ وہاں کسی نوعیت کا کوئی فساد ممکن ہی نہیں کیونکہ فساد شرک سے پیدا ہوتا ہے اور کائنات میں شرک ممکن نہیں۔ ارشاد ربّانی ہے”زمین اور آسمانوں میں ایک سے زائد الٰہ ہوتے تو فساد برپا ہو جاتا ۔‘‘(سورہ الانبیاء:۲۲) 

امن و سلامتی اور انصاف کا گہوارہ

فساد شرک سے پیدا ہوتا ہے ،شرک ناقابل معافی گناہ اسی لئے ہے کہ اس سے احترامِ آدمیت کی نفی ہوجاتی ہے۔ انسان کے مشرکانہ افکار و اعمال سے اللہ کی ذات پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ ساری دنیا کے انسان بھی اگر مشرک ہو جائیں تو اللہ اپنی ذات میں آپ محمود ہے۔ شرک سے انسانی فکر میں، انسانی عمل میں اور انسانی معاشرے میں فساد پیدا ہو جاتا ہے اور جہاں فساد ہوتا ہے وہاں امن و انصاف برقرار نہیں رہ سکتا۔ انسانی معاشرے میں خیر و فلاح کیلئے اورہمہ جہت ارتقاء کیلئے امن و انصاف قائم رہنا ضروری ہے۔ حریت، مساوات، اخوت، امانت، دیانت، صداقت اور عدالت، یہ صفات جنہیں ہم اخلاقی قدریں کہتے ہیں،یہ قدریں درحقیقت وہ قوانین قدرت ہیں جن کے نفاذ سے انسانی معاشرہ میں امن و انصاف کی ضمانت مہیا ہوجاتی ہے۔جس فرد میں جس حد تک یہ صفات زندہ و بیدار اور متحرک ہوں گی، وہ فرد اسی نسبت سے خیر و فلاح قائم کرنے کا باعث ہوگا اور اور جس معاشرہ میں ایسے صالح اعمال والے افراد کی کثرت ہو گی وہ معاشرہ امن و سلامتی اور انصاف کا گہوارہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھئے: قرآن اپنی جگہ ہدایت کاملہ و تامہ ہے مگر اس سے استفادہ کیلئے تقویٰ اہم ہے

بیج کو کھلی فضا ملے تو پوری طرح پھلتا پھولتا ہے ۔اس پر کوئی دباؤ آجائے یا وہ کسی پتھر کے نیچے آ جائے تو نشوونما سے محروم ہو جاتا ہے۔ سرکار دوعالمؐ نے اس اوّلین اسلامی معاشرے سے انسانی جذبات، مفادات، خواہشات اور تعصبات کے سارے پتھر سمیٹ لئے تھے چنانچہ انسانی معاشرت کا وہ باغ ایسا لہلہایا،ایسے پھل پھو ل لایا کہ انسانی تاریخ میں اس کی دوسری مثال نہیں ملتی۔

حضور اکرمؐ سب سے زیادہ با اختیار تھے اور سب سے زیادہ قانون کے پابند تھے ۔ آپؐ کے تصرف میں ہر شے آسکتی تھی لیکن آپؐ نے سب سے زیادہ سادہ زندگی بسر فرمائی۔ آپؐ کا ہر فرمان قانون تھا اور آپؐ نے سب سے زیادہ خود احتسابی کی زندگی گزاری۔ اس اعتبار سے اسلامی معاشرے کی خصوصیات بڑی منفرد ہیں ۔ اسلامی معاشرے میں تکریم کا واحد معیار شخصی کردار ہے۔

  اسلام اور انصاف 

اسلامی معاشرے میں دشمن ا قوم کے افراد سے بھی انصاف کیا جائے گا اور غلطی اور جرم کرنے والا سب سے پہلے خود ہی اپنے جرم کا اعتراف کرے گا۔ اسلامی نظام میں انسانوں کی انسانوں پر حکومت کا کوئی تصور نہیں بلکہ معاشرتی زندگی میں معاملات اور اشیاء کا انتظام کرنے والا ہر وقت ہر شخص کے سامنے اپنے اعمال اور طرزِ انتظام کیلئے جوابدہ رہے گااور ایسے نظام کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ خود انسان کی اپنی خواہشات نفسانی بن جاتی ہیں۔ سورہ فرقان میں ارشاد ہے’’تم نے اس شخص کو بھی دیکھا جس نے اپنی خواہشات نفسانی کو اپنا الٰہ بنا لیا ہے، اب ایسے شخص کوتم راہِ راست پر کیسے لا سکتے ہو۔‘‘(۴۳)۔ یہی خواہشاتِ نفسانی معاشرتی امن و انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔ معاشرتی زندگی میں انصاف سے محرومی سے فتنہ و فساد پیدا ہوتا ہے اور فتنہ وفساد کی کیفیت لوگوں کے جذبات اورتعصبات کو مسلسل ابھارتی رہتی ہے۔ جبر کے ذریعے لوگوں کو وقتی طور پر خاموش رکھا جا سکتا ہے لیکن جبر کی خاموشی پھر بغاوت کا طوفان بن کر نمایاں ہوتی ہے۔ انسانی زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ وہ فانی نہیں ہے۔ انسانی وجود کو، انسانی ذات کو موت کے بعدبھی باقی رہنا ہے، انسان کیلئے آنے والی زندگی ناگزیر ہے اور اس آنے والی دائمی زندگی میں کامیابی یا ناکامی کی بنیاد اس دنیامیں ایمانی شعور کے تحت اختیاری عمل ہو ںگے۔ آخرت پر ایمان انسان میں خود احتسابی کی صفت پیدا کرتا ہے۔ معاشرت کے تعمیری اور تخریبی دونوں پہلو نسلوں، علاقوںیا ملکوں تک محدود نہیں رہتے۔

یہ بھی پڑھئے: رزق حلال نہ ہو تو دعائیں قبول نہیں ہوتیں، یہی امت کی ترقی میں رکاوٹ ہے

آپؐ کا دور سعادت آثار

  گزشتہ ساڑھے چودہ سو برسوں میں عالمگیر سطح پر جتنی بھی مثبت تبدیلیاں ہوئی ہیں، انسانی حقوق کا جتنا شعور بھی بیدار ہوا ہے،  قوموں کو اعلیٰ انسانی اقدار کے مطابق اپنا نظام مرتب کرنے پر راغب کرنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے قیام کی جو کوششیں بھی ہوئی ہیں، ان ساری کوششوں کا حقیقی محور مرکز سرکار دوعالمؐ کا دورِ  سعادت آثار ہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ توحید پرایمان سازی نسل انسانی کیلئے خیروفلاح کی راہیں کشادہ کرتا ہے۔

یہ پہلا سبق تھا کتابِ ہدیٰ کا = کہ ہے ساری مخلوق کنبہ خدا کا

لیکن نسل انسانی کی وحدت اور اس کی فلاح و خیر کی راہ میں رکاوٹیں بھی مسلسل آتی رہتی ہیںاور حق و باطل اور خیروشر کے درمیان یہ آویزش انسانی معاشرے کی امتیازی صفت ہے چنانچہ امن و انصاف کی فضا کو فتنہ و فساد پیدا کرنے والی طاقتیں برابر مکدر کرتی رہتی ہیں اور طرفہ تماشہ یہ ہے کہ فساد پھیلانے والے بھی یہی دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اصلاح کرنے والے ہیں۔ فتنہ و فساد کی صورتیں مختلف ہوتی ہیں۔ قرآن پاک میں فتنہ پردازی کو انسانی قتل سے بھی زیادہ بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے۔ فرعون کو مفسد کہا گیا ہے اورفساد کی شدت کو انسانی بداعمالیوں کا نتیجہ بتایا گیا ہے ۔ تاریخ قوموں کا حافظہ اور واقعات کی ریاضی ہے۔ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی رہتی ہے اور اس طرح ہم پر یہ حقیقت واضح ہو تی رہتی ہے کہ اللہ کا قانون بدلا نہیں کرتا۔ حیات و کائنات کا نظام انسانی معاشرے کے مختلف اجزاء پر مشتمل ہے، ان میں منقسم نہیں ہے، ہم نے عملاً اسے منقسم کردیا ہے۔

 مومن کی فراست

عبادات الگ، معاملات زندگی الگ اور ہم اس ارشادِ قرآنی کو بھول جاتے ہیںکہ ایک سے زیادہ الٰہ ہوں گے تو فساد ہوگا۔ ہمارے ہادی برحقؐ نے خطبہ حجۃ الوداع میں ہم اہل ایمان پر یہ ذمہ داری ڈالی تھی کہ جو وہاں موجود تھے وہ اس پیغام کو ان لوگوں تک پہنچائیں جو وہاں موجود نہیں تھے۔ یہ ایک عالمگیر ذمہ داری تھی جو آج بھی ادا کی جانی ہے۔ ایمان کی توانائی فرد اور قوم، دونوں میں خود احتسابی کی صفت پیدا کرتی ہے۔ ہم اس صفت سے ایک طویل عرصہ سے عالمگیر سطح پر محروم ہیں اور اس محرومی نے ہمیں اس توانائی سے بھی محروم کردیا ہے جسے اقبال نے مومن کی فراست کہا ہے۔ اس کے باوجود عالمی سطح پر امن و انصاف کے قیام کیلئے ہمارا ملی کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ جب تک وہ کردار ادا کرنے کے قابل نہیں ہونگے، عالمگیر سطح پر امن و انصاف قائم نہیں ہو سکتااور اپنی اس بے بسی کیلئے ہم اللہ کے حضور جوابدہ بھی ہو نگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK