• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلے عشق ِ نبیؐ کے آداب و احترام کا تقاضا پورا کیجئے پھر دعویٰ کیجئے

Updated: November 27, 2026, 4:23 PM IST | Maulana Sufyan Ali Farooqi | Mumbai

ہم نبی کریم ؐ سے محبت کرتے ہیں اور اس میں کوئی شک بھی نہیں کہ ایسا کرتے ہیں مگر اس کے تقاضے؟ پڑھئے زیر نظر مضمون میں کہ ہماری محبت کیسی ہے اور صحابہ کی محبت کیسی تھی۔

Photo: INN
ایک مسلمان اس وقت تک کامل مسلمان نہیں ہوسکتا جب تک اس کاعشقِ رسولؐ کامل نہ ہو، یعنی آپؐ کی ہر ادا، ہر قول اور ہر عمل سے سچا عشق نہ ہو ، زندگی کے ہر معاملے میں سب سے پہلے نبویؐ طرزِ عمل کو ڈھونڈے۔ تصویر: آئی این این

آج کل ہم سب کا دعویٰ ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اتنا سچا عاشقِ رسولؐ  ہے کہ اس سے بڑھ کر اور اس سے زیادہ عاشقِ رسولؐ دنیا میں کوئی بھی نہیں، لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہماری زندگی کا ۸۰؍ فیصد  سے زائد حصہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کی تعلیمات اور احکامات کی پیروی سے یکسر خالی ہے (اور یہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی انوکھی قسم ہے)۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن ہم پنج وقتہ نماز نہیں پڑھتے۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں،لیکن ہم  شادی بیاہ کی تقریبات میں بے تحاشا فضول خرچی کرتے ہیں۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن ہماری معاشرتی زندگی سیرۃ النبیؐ سے کوسوں دور ہے ۔ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن ہمارا کاروبار احکاماتِ نبویؐ سے یکسر مختلف ہے۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن ہمارے بچوں کا آئیڈیل کوئی اور ہے۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن  غیروں جیسی زندگی جینا چاہتے ہیں۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن والدین، بہن بھائیوں اور عزیزو اقارب کے حقوق کے معاملے میں نبویؐ احکام کے بالکل خلاف چل رہے ہیں۔ ہم عاشقِ رسولؐ ہیں، لیکن ہماری عملی زندگی میں سیرت کی کوئی جھلک نظر نہیں آتی۔ سو عشق کا دعویٰ کرنا اور سچا عاشق بننا دو بالکل مختلف چیزیں ہیں۔ بلاشبہ ہم عاشق رسولؐ ہونے کے دعویدار تو ہیں، لیکن سچے عاشق نہیں ہیں۔

عشقِ رسولؐ کی اہمیت

ایک مسلمان اس وقت تک کامل مسلمان نہیں ہوسکتا جب تک اس کاعشقِ رسولؐ   کامل نہ ہو، یعنی آپؐ  کی  ہر ادا، ہر قول اور ہر عمل سے سچا عشق نہ ہو ، زندگی کے ہر معاملے میں سب سے پہلے نبویؐ طرزِ عمل کو ڈھونڈے، جی جان سے اس پر عمل کی کوشش کرے، احکاماتِ نبویؐ کے مطابق زندگی کے شب و روز گزارنے کی جدوجہد کرے، اپنے معاملات، معاشرت، لین دین، خوشی و غمی ہر چیز احکاماتِ نبیؐ کے تابع کردے، یہی ہر مسلمان سے تقاضا ہے، یہی اس کی زندگی کا منہج و مقصد ہے، اسی چیز پر زندگی گزارنے کا حکم دیا گیا ہے، چنانچہ قرآن پاک میں ارشاد ربانی ہے کہ:

’’اور نہ کسی مومن مرد کو (یہ) حق حاصل ہے اور نہ کسی مومن عورت کو کہ جب اللہ اور اس کا رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کسی کام کا فیصلہ (یا حکم) فرما دیں تو ان کے لئے اپنے (اس) کام میں (کرنے یا نہ کرنے کا) کوئی اختیار ہو، اور جو شخص اللہ اور اس کے رسولؐ کی نافرمانی کرتا ہے تو وہ یقیناً کھلی گمراہی میں بھٹک گیا۔   (سورۃ الاحزاب:۳۶)۔  سورۃ الحشر، آیت نمبر ؍۷ میں ارشادِ الٰہی ہے : ’’جو کچھ رسول تمہیں دیں، وہ لے لو اور جس چیز سے تمہیں روک دیں، اس سے رک جاؤ اور اللہ سے ڈر جاؤ، وہ شدید عذاب دینے والا ہے۔‘‘   

آپ  ؐارشاد فرماتے ہیں : ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مؤمن نہیں ہوسکتا جب تک کہ اپنی خواہشات کو میری لائی ہوئی شریعت کے تابع نہ کردے۔‘‘(مشکوٰۃ )

عشقِ رسول ؐ کے آداب 

 ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں

ہمارے محدثین کا الحمدللہ معمول رہا ہے کہ جب بھی کوئی حدیث نقل کرنے لگتے ہیں تو باقاعدہ اہتمام کے ساتھ آداب کے ساتھ باوضو ہو کر حدیث کو نقل کرتے ہیں، ہم نے اپنے بڑوں کو دیکھا ہے کہ وہ کسی ایسی بات کو نبی کریم  ؐ  کی طرف منسوب نہیں کرتے جس کے متعلق انہیں علم نہ ہو کہ واقعی آپ ؐ نے ہی فرمائی ہے، کیونکہ انتہا درجے کی بے ادبی ہے، یہ بھی انتہادرجے کی بے ادبی ہے کہ آپ ؐ  کانام نامی آئے اور ہم درود و سلام نہ پڑھیں، یہ بھی بے ادبی ہے کہ ایک معاملے میں نبی کریمؐ  کا طرزِ عمل موجود ہو اور ہم اس کو چھوڑ کر کوئی دوسرا طرزِ عمل اختیار کریں ۔ادب یہ ہے کہ اپنی سوچ، فکر، فہم، رسم و رواج سب کچھ نبی کریم  ؐ  کی تعلیمات کے تابع کرلیں، ساری محبتیں اس ایک محبت پر قربان کردیں۔

یہ بھی پڑھئے:فتاوے: جن اوراق پر حدیث وقرآن کی عبارتیں تحریر ہوں ان کے احترام کی بدرجہ اولیٰ تاکید منقول ہے

صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم  نے دنیا کی تمام چیزوں کی محبت کو اللہ کے رسولؐ کی محبت پر قربان کردیاتھا، آپؐ کی محبت میں ماں باپ، بہن بھا ئی، رشتہ دار حتیٰ کہ سب کچھ قربان کر دیا، لیکن  آپؐ   کے دامن کو نہ چھوڑا۔ سیدنا ابو سفیان ؓ  حالت ِ کفر میں اپنی بیٹی سے ملنے کے لئے آتے ہیں اور کملی والےؐ کے مقدس بستر پر بیٹھنے کی کو شش کرتے ہیں تو بیٹی ام حبیبہ  رضی اللہ عنہا   منع کرتی ہیں کہ : ’’ابا جان! ذرا ٹھہریئے ‘‘ باپ رُک گیا۔ بیٹی کیا بات ہے ؟ بیٹی نے جلدی سے بستر لپیٹ دیا، سیدنا ابو سفیان ؓ بولے: کیا یہ بستر میری شان کے لا ئق نہیں؟ یا میں اس بستر پر بیٹھنے کے لا ئق نہیں ہوں ؟ بیٹی نے کہا: یہ ’’محمد رسولؐ اللہ  کا پاک بستر ہے اور آپ اس وقت ناپاک  (مشرک) ہیں۔‘‘ ذرا اندا زہ لگا ئیے کہ سیّدہ ام حبیبہ ؓ نے اپنے باپ کی ذرا پروا نہیں کی اور مصطفیٰ  صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں اپنے باپ کو بھی روک دیا، رد کر دیا۔

عشقِ رسول ؐ کے تقاضے

عاشق کے وجود کا ظاہری حلیہ اور اس کے اعمال میں جھلکتا باطنی عشق اس کے عاشقِ رسول  ؐ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہو، اسے اپنے عشق کے اظہار کے لئے  نعرے نہ لگانے پڑیں  بلکہ اس کے اعمال چیخ چیخ کر دنیا کو بتا دیں کہ یہ ہے سچا عاشقِ رسول ؐ۔صحابہ کرامؓ نے یہی کیا تھا، آیئے! ان کے عشق کی چند جھلکیاںدیکھتے ہوئے آگے بڑھیں :

lموسیٰ بن عقبہؒ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سالم بن عبداللہ بن عمرؓ کو دیکھاکہ وہ دورانِ سفر راستے میں بعض مقامات تلاش کرکے وہاں نماز پڑھتے تھے، کیونکہ انہوں نے اپنے والد عبداللہؓ کو اور انہوں نے اپنے والد عمرؓ کو وہاں نماز پڑھتے دیکھا تھا اور حضرت عمر ؓوہاں اسلئے نماز پڑھتے تھے کہ انہوں نے آنحضور ؐ کو وہاں نماز پڑھتے دیکھا تھا۔ (بخاری)

lحضرت علیؓ بن ابی طالب سواری پر سوار ہوئے تو دعائے مسنون پڑھنے کے بعد مسکرانے لگے۔ کسی نے پوچھا: امیرالمومنین! مسکرانے کی کیا و جہ ہے؟ آپؓ نے فرمایا کہ میں نے نبی اکرم ؐ  کو دیکھا تھا کہ آپؐ  نے سواری پرسوار ہوکر اسی طرح دعا پڑھی، پھر آپ ؐ  مسکرائے تھے، لہٰذا میں بھی حضور ؐ  کی اتباع میں مسکرایا ہوں۔ (ابوداؤد)

l حضرت انس ؐ  نے دیکھا کہ آپؐ   کو کدو پسند ہیں، تو وہ بھی کدو پسند کرنے لگے۔ (مسنداحمد)

l ایک بار آپ ؐ  نے سرکہ کے بارے میں فرمایا کہ: سرکہ تو اچھا سالن ہے تو حضرت جابر ؓ  کہتے ہیں کہ تب سے مجھے سرکے سے محبت ہوگئی۔ (دارمی)

l’’حضرت عبد اللہ بن ہِشام رضی اللہ عنہ روایت بیان کرتے ہیں کہ ہم حضور ؐ کے ساتھ تھے اور آپ ؐ نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا ہاتھ تھاما ہوا تھا۔ حضرت عمرؓنے عرض کیا : یا رسولؐ اللہ! آپؐ مجھے اپنی جان کے سوا ہر ایک چیز سے زیادہ محبوب ہیں۔ اس پر آپ ؐ نے فرمایا : نہیں، قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے! (تم اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتے) یہاں تک کہ میں تمہیں اپنی جان سے بھی محبوب تر نہ ہو جاؤں ۔ حضرت عمر ؓنے عرض کیا : (یا رسولؐ اللہ!) اللہ (ربّ العزت) کی قسم! اب آپؐ مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ محبوب ہیں، تو آپ ؐ نے فرمایا : اے عمر! اب (تمہاری محبت کامل ہوئی) ہے۔‘‘

صحابہ کرامؓ کا معاملہ بھی عجیب تھا، ان کی محبت کا دارو مدار بس عشقِ رسولؐ تھا، اگر کوئی آپ ؐپر ایمان نہیں لایا تو پھر خونی رشتہ بھی بے معنی تھا اور اگر کوئی ایمان لایا اور خونی رشتہ نہیں تھا تب بھی عزیز از جان ہوا۔ تاریخ انسانیت میں ایسا انقلاب نہ پہلے آیا اور نہ کبھی آئے گا۔ ہم اس انقلاب کو تسلیم کرتے ہیں مگر خود میں انقلاب نہیں لاتے یہ افسوسناک ہے۔

بادشاہ نے وضو نہ ہونے پر اسمِ گرامیؐ لینا گوارہ نہ کیا!

تاریخ کی کتابوں میں ایک مشہور واقعہ درج ہے: بادشاہ ناصر الدین محمود کے ایک خاص مصاحب کا نام محمد تھا، بادشاہ اس کو اسی نام سے پکارا کرتا تھا، ایک دن خلافِ معمول اسے ’’تاج الدین‘‘کہہ کر آواز دی، وہ تعمیلِ حکم میں حاضر تو ہوگیا، لیکن بعد میں گھر جا کر تین دن تک نہیں آیا۔ بادشاہ نے بلاوا بھیجا، تین روز تک غائب رہنے کی وجہ دریافت کی تو اس نے کہا : آپ ہمیشہ مجھے ’’محمد‘‘ کے نام سے پکارا کرتے تھے، لیکن اس دن آپ نے ’’تاج الدین‘‘ کہہ کر پکارا، میں سمجھا میرے متعلق آپ کے دل میں کوئی خلش پیدا ہوگئی ہے، اس لئے حاضرِ خدمت نہیں ہوا۔ ناصر الدین نے کہا: ’’واللہ! میرے دل میں آپ کے متعلق کسی قسم کی کوئی خلش نہیں، تاج الدین کے نام سے تو میں نے اس لئے پکارا تھا کہ اس دن میرا وضو نہیں تھا اور مجھے ’’محمد‘‘کا مقدس نام بغیر وضو کے لینا مناسب معلوم نہیں ہوا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK