• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایسے فتنوں سے خبردار رہیں جہاں تمدن کے نام پر گمراہی ہے

Updated: November 27, 2026, 4:45 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai

رب کائنات نے انسان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے ، ان میں ایک بڑی نعمت آزادی ہے۔ دنیا کی بہت سی مخلوقات قدرتی طور پر قید کی حالت میں ہیں۔ درخت جس جگہ لگایا جاتاہے اور نشو و نما پاتا ہے، ہمیشہ وہیں کھڑا رہتا ہے، اس کے پاؤں میں ایسی بیڑیاں ڈال دی گئی ہیں کہ وہ دو قدم بھی نہیں چل سکتا۔

Western and European countries have a distinct lifestyle where no restrictions are acceptable. Photo: INN
مغربی اور یورپی ممالک میں طرز زندگی کا ایک الگ انداز ہے جہاں کوئی روک ٹوک قابل قبول نہیں۔ تصویر: آئی این این

رب کائنات نے انسان کو جن نعمتوں سے نوازا ہے ، ان میں ایک بڑی نعمت آزادی ہے۔ دنیا کی بہت سی مخلوقات قدرتی طور پر قید کی حالت میں ہیں۔ درخت جس جگہ لگایا جاتاہے اور نشو و نما پاتا ہے، ہمیشہ وہیں کھڑا رہتا ہے، اس کے پاؤں میں ایسی بیڑیاں ڈال دی گئی ہیں کہ وہ دو قدم بھی نہیں چل سکتا۔ پہاڑ کی صلابت و قوت کی مثال دی جاتی ہے؛ لیکن دوسری طرف اس کو اس طرح قید کردیا گیا ہے کہ صدیاں گزر جاتی ہیں اور وہ کروٹ نہیں لے سکتا۔  سمندر کی ٹھاٹھیں مارتی ہوئی موجیں کائنات کے بڑے حصہ پر قابض ہیں؛ لیکن کیا مجال کہ وہ مستقل طور پر اپنے دائرہ سے باہر نکل جائیں، یہاں تک کہ سورج اور چاند جیسی قدرت کی نشانیاں اپنے تمام تر جلال و جمال کے باوجود قدرت کی طرف سے کھینچی ہوئی لکیروں پر ہی رقص کرنے پر مجبور ہیں، مجال نہیں کہ وہ بالشت بھر بھی آگے یا پیچھے ہوجائیں؛ لیکن خدا نے حضرت انسان کو کچھ اس طرح بنایا ہے کہ بحر و بر، خشکی و تری، یہاں تک کہ فضائیں  بھی اس کے قدموں سے پامال ہیں؛ چنانچہ کسی انسان کو اگر چلنے پھرنے سے روک دیاجائے اور ایک کمرہ یا عمارت میں قید کردیا جائے تو یہ اس کیلئے ناقابل قبول اور ناقابل برداشت تکلیف ہوتی ہے۔
اس آزادی کو ثمر آور اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے قدرت نے اس کو اختراعی صلاحیتوں سے بھی نوازا ہے۔ وہ اپنے وجود سے لے کر اپنے گرد و پیش پھیلی ہوئی دنیا تک ہر جگہ اپنی صلاحیت کے جلوے دکھاتا رہتا ہے۔ اس کی یہ کاوشیں کبھی صحیح سمت میں ہوتی ہیں اور کبھی غلط سمت میں؛  چوںکہ انسان کا امتحان مقصود ہے؛ اسی لئے اسے ایک خاص حد تک ارادہ وعمل کی طاقت عطا کی گئی ہے۔ اس سے فائدہ اُٹھاکر بعض اوقات انسان اپنی صلاحیت کو خاص کر شہوات و خواہشات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کرتا ہے۔ یہ خواہشات بنیادی طور پر تین قسم کی ہیں:  ایک خورد و نوش کی، دوسرے : رہائش کی، تیسرے : صنفی تقاضوں کی ۔ کھانا پینا انسان کی سب سے بڑی ضرورت بھی ہے اور اس کے لئے سامان لذت بھی؛ اسی لئے تمدن کے ابتدائی دور سے ہی انسان عمدہ سے عمدہ پکوان کا تجربہ کرتا رہا ہے اور آج تک اس کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر انسان صحیح رُخ پر اس کی کوشش کرتا تو یقیناً یہ اس کے لئے نفع کی بات ہوتی؛ لیکن انسان کے مزاج میں جو لذت پرستی اور تکمیل شہوات کا جذبہ ہے، اس نے اس کو جائز حدود پر قانع رہنے نہیں دیا، اس کی مثال منشیات کا استعمال ہے، ساری دنیا کے اصحاب دانش متفق ہیں کہ نشہ انسان کی عقل کو بھی متأثر کرتا ہے اور مختلف اعضاء رئیسہ پر بھی اثر انداز ہوتاہے؛ لیکن لذت پرستوں کے نزدیک یہ زاہد خشک کا وعظ ہے اور قطعاً قابل توجہ نہیں۔ کھانے پینے کے معاملہ میں ان کے یہاں حلال اور حرام کے درمیان کوئی سر حد باقی نہیں رہی، آج مختلف قسم کے امراض کے متعدد اسباب میں سے  ایک سبب یہ بھی ہے ۔
انسان اپنے مکان اور بہتر سے بہتر رہائش کیلئے شروع سے کوشاں رہا ہے۔ قرآن مجید میں بعض ایسی قوموں کا ذکر ہے جس کے افراد  پہاڑوں کو تراش کر اپنے عشرت کدے بناتے تھے۔ آج نہ صرف تعمیر میں تنوع اور نت نئے ڈیزائن کا سیلاب آیا ہوا ہے؛ بلکہ انسان سمندر میں وقت گزاری کا اور پانی کے سینہ پر تیرتے ہوئے مکانات کا لطف اُٹھارہا ہے اور اب تو فضا میں بھی پکنک منانے کیلئے کوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موسم سرما ’ربیع المومنین‘ ہے

انسان کی لذت اندوزی کا تیسرا ذریعہ اس کی صنفی خواہشات ہیں، بعض دفعہ جب انسان خدا کے خوف سے آزاد ہوجاتاہے تو وہ دوسری خواہشات سے بڑھ کر اس کا پرستار ہوجاتاہے، یہی نفس کی غلامی اور ہوس کی بندگی انسان کو غیر قانونی اور غیر شریفانہ جنسی تعلقات کی طرف لے آتی ہے۔ یہ ایسی آگ ہے ، جو اخلاق اور شرم و حیاء کے لباس کو خاکستر کرکے رکھ دیتی ہے۔ دنیا کی مختلف قومیں اس کی مرتکب ہوتی رہی ہیں اور یہی چیز بالآخر ان تہذیبوں کے زوال  بلکہ بعض اوقات نام و نشان تک مٹ جانے کا سبب ہوئی ہیں۔ یونان و روم اورایران کی تمدنی تاریخ اس پر گواہ ہے اور اس وقت مغرب اسی راستے پر اپنے قدم بڑھا رہا ہے ۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ انسان کی خواہشات کو دوہی چیزیں لگام دے سکتی ہیں: ایک تو مادی نقصان کا خطرہ،  دوسرے مذہب کا یقین۔ مادی نقصان کا خطرہ یقیناً مادہ پرست انسانوں کو روکنے میں بہت سی دفعہ مؤثر ثابت ہوتا  ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو کوئی مریض اپنی مرغوب اشیاء سے پرہیز نہیں کرتا؛ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ  انسان جب مادی خواہشات کا دیوانہ بن جاتا ہے تو ایسے خطرات کو بھی خاطر میں نہیں لاتا۔ مذہب خواہ کوئی بھی ہو، توحید پر مبنی ہو یا شرک پر، انسانی آمیزشوں اور ملاوٹوں کا شکار ہوچکاہو یا اس سے محفوظ ہو، اس کی بنیاد خدا کے یقین اور آخرت کے تصور پر ہوتی ہے، یہ تصور انسان کے اندر جواب دہی کے احساس کو اُبھارتا ہے، یہ یقین رات کی تاریکی اور کمرے کی تنہائی میں بھی اس کے قدم تھام لینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ ضمیر کو زندہ رکھتاہے اور جرم کے ارادہ پر اسے ملامت کرتا ہے۔ یہ محض ایک نظریہ نہیں ہے بلکہ ہر زمانہ میں مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی زندگی اس پر شاہد ہے؛ اس لئے مذہب ایک پُرسکون اور عدل پر مبنی سماج کے لئے ضرورت کا درجہ رکھتا ہے ۔
افسوس کہ مغرب میں ایک طویل عہد تک مذہب اور اقتدار کے درمیان کشمکش رہی ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ کلیسا کو اس کا حق دو اور قیصر کو اس کا حق؛ لیکن ہوایہ کہ یہ دونوں اپنی اپنی حدود سے تجاوز کرنے لگے۔ کلیسا کی زیادتیاں اس درجہ بڑھ گئیں کہ حکومتیں ان کے آگے بے بس تھیں اور عوام ان کے رویہ سے پریشان۔ عیسائی مذہبی رہنماؤں نے مذہب کو لوگوں کے استحصال کا ذریعہ بنالیا۔  وہ جسے چاہتے مرتد اور گمراہ قرار دے کر زندہ جلانے کی سزا دیتے، عوام کی آزادیاں سلب کرلیتے اور پیسے کمانے کے لئے مغفرت نامے فروخت کرتے۔ آخر یہ لڑائی کلیسا کی شکست پرختم ہوئی اور یورپ میں آزادی کا ایسا سورج طلوع ہوا، جسے مذہب کے نام اور اس کی ایک ایک علامت سے نفرت تھی۔  چونکہ یورپ بحیثیت مذہب صرف عیسائیت ہی سے آشنا تھا؛ اس لئے وہ مطلقاً مذہب کا باغی ہوگیا، اورمذاہب کی مسلمہ قدروں کو بھی اس نے ناقابل اعتناء اور نا قابل توجہ قرار دے دیا۔ اسی بغاوت نے ان کے گمان کے مطابق انہیں آزادی عطا کی؛ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس بغاوت نے انہیں شہوات و خواہشات کی بد ترین قسم کی غلامی میں مبتلا کردیا۔ آج یہ غلامی اس مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں شاید جانور بھی انسان سے شرماتے ہوں گے۔
آج مغرب میں خاندانی نظام کا بکھراؤ اور قلب و روح کی بے سکونی اسی صورت حال کا نتیجہ ہے۔ آزادی کے اسی تصور کے تحت زنا کی تعریف بدلی گئی، نکاح کی شرح کم ہونے لگی اور ایک ایسے طریقۂ زندگی کی طرف رجحان بڑھنے لگا کہ بغیر نکاح کے مرد و عورت جب تک جی چاہے ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور جب رفاقت بوجھ محسوس ہونے لگے تو الگ ہوجائیں، جس کو آج کل ’’لیو اِن ریلیشن شپ ‘‘ کہتے ہیں۔ زندگی گزارنے کے اسی طریقہ نے پھر اس تصور کو جنم دیا کہ اولاد سے دامن بچایا جائے لیکن انسان کے اندر صاحب اولاد ہونے کا ایک فطری جذبہ بھی پایا جاتا ہے؛ اس لئے اولاد کو گود لینے کا سلسلہ شروع ہوا اور مغربی ملکوں میں اس کو قانونی حیثیت دے دی گئی، جس کا اصل مقصد تو صاحب اولاد ہونے کے جذبہ کی تسکین ہے؛ لیکن اسے نام بچوں کی بہبود اور ان کی خدمت کا دیا جاتا ہے۔
تمدن کے پردے میں کئی فتنے بیدار ہوچکے ہیں۔ مسلمانوں کی نئی نسل کو چاہئے کہ وہ ایسے فتنوں کو سرسری انداز سے نہ دیکھیں  بلکہ ان پر غور کریں۔ یہ سب کچھ بے خدا تمدن کی بازگشت ہے اور پوری قوت کے ساتھ اسے روکنا پوری انسانیت کا فریضہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK