یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ بلندی کا راستہ دوسروں کو گرانے سے نہیں، بلکہ خود کو بلند کرنے سے کھلتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 4:53 PM IST | Muhammad Tauqeer Rahmani | Mumbai
یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ بلندی کا راستہ دوسروں کو گرانے سے نہیں، بلکہ خود کو بلند کرنے سے کھلتا ہے۔
فضا کی وسعتوں میں جب شاہین بڑی شان، وقار اور خاموشی کے ساتھ پرواز کرتا ہے تو اکثر کالے کوّے اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں۔ وہ اسے چھیڑتے، شور مچاتے اور ہمیشہ پیچھے سے وار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر شاہین ہر چھوٹی الجھن میں اپنی طاقت اور توانائی ضائع کرنے کے بجائے بغیر کسی جوابی کارروائی کے اپنی پرواز جاری رکھتا اور سیدھا اوپر کی جانب بڑھنے لگتا ہے۔ وہ اتنی بلندی تک جا پہنچتا ہے جہاں کوّؤں کے لئے اس کا تعاقب کرنا ممکن نہیں رہتا، ان کا دم گھٹنے لگتا ہے اور انہیں اپنی محدود پرواز کا احساس ہونے لگتا ہے۔ یا پھر موقع ملنے پر شاہین ایسا فیصلہ کن وار کرتا ہے کہ شور مچانے والے خود کو سنبھال نہیں پاتے۔
فطرت کا یہ منظر ہمیں ایک گہرا سبق دیتا ہے کہ اصل عظمت شور مچانے، ہر وار کا جواب دینے یا ہر مخالف سے الجھنے میں نہیں، بلکہ اپنے وقار، بلندی، حوصلے اور مناسب وقت کے درست استعمال میں پوشیدہ ہے۔ انسانی زندگی بھی کسی حد تک اسی منظر کی عکاسی کرتی ہے۔ جب کوئی شخص اپنے لئے بلند مقاصد متعین کرکے کامیابی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو اسے ہر طرف حوصلہ افزائی کرنے والے نہیں ملتے۔ بعض لوگ اس کی کامیابی کے خواہاں ہوتے ہیں، کچھ اس کیلئے دعائیں کرتے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں دوسروں کی ترقی، شہرت اور مقبولیت ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ وہ کبھی طنز و تشنیع سے اس کا حوصلہ توڑنے کی کوشش کرتے ہیں، کبھی اس کی صلاحیتوں پر سوال اٹھاتے ہیں، کبھی اس کی کامیابی کو محض اتفاق قرار دیتے ہیں اور کبھی اس کی غیر موجودگی میں اس کے خلاف سازش کا جال بنتے ہیں۔ لیکن انسان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ دوسروں کی منفی سوچ اس کی صلاحیتوں کا پیمانہ نہیں اور نہ ہی کسی کی مخالفت اور تنقید یا بدخواہی اس کی منزل کی راہ میں مستقل رکاوٹ بن سکتی ہے۔
یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ بلندی کا راستہ دوسروں کو گرانے سے نہیں، بلکہ خود کو بلند کرنے سے کھلتا ہے۔ اگر کوئی آپ کی قابلیت کا مذاق اڑاتا ہے تو اسے اپنی محنت اور کارکردگی سے جواب دیجیے۔ اگر کوئی آپ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے تو اپنی حکمت، مستقل مزاجی اور بہتر منصوبہ بندی سے آگے بڑھئے۔ اگر کوئی آپ کی غیر موجودگی میں آپ کے خلاف باتیں کرتا ہے تو اپنے کردار، علم اور عمل کو اتنا مضبوط بنائیے کہ بے بنیاد باتیں اپنی اہمیت خود کھو بیٹھیں۔ دوسروں کو نیچا دکھانے کی کوشش میں اپنی بلندی کو فراموش کردینا دانش مندی نہیں۔ آپ کا اصل مقابلہ دوسروں سے نہیں، بلکہ اپنی گزشتہ حالت، اپنی کمزوریوں اور اپنے نامکمل امکانات سے ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزالی، امام غزالیؒ بن گئے!
تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ انسان ہر تنقید کو دشمنی سمجھے یا ہر ناانصافی کے سامنے خاموشی اختیار کرلے۔ بعض اوقات مخالف کی بات میں بھی اصلاح کا کوئی پہلو موجود ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ انسان مخلصانہ نصیحت اور بدنیتی پر مبنی مخالفت، تعمیری تنقید اور محض حوصلہ شکنی کے درمیان فرق کرنا سیکھے۔ جو بات آپ کی اصلاح کرسکتی ہو، اسے اپنی انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے قبول کیجئے، خواہ وہ کسی ایسے شخص کی زبان سے کیوں نہ نکلی ہو جس کا رویہ آپ کو پسند نہ ہو۔ لیکن جو لوگ محض آپ کو ذہنی طور پر شکست دینے، آپ کی عزتِ نفس مجروح کرنے اور آپ کو مقصد سے ہٹانے کے درپے ہوں، ان کی باتوں کو اپنے دل و دماغ پر مسلط نہ ہونے دیجئے۔
انسان کی سب سے بڑی شکست اس وقت شروع ہوتی ہے جب وہ دوسروں کے رویوں سے متاثر ہوکر اپنا ہدف بدل دیتا ہے، اپنے خوابوں سے دست بردار ہوجاتا ہے یا اپنی صلاحیتوں پر شک کرنے لگتا ہے۔ کسی کی مخالفت، طنز یا عدم تعاون کی وجہ سے اپنی منزل کا تعاقب چھوڑ دینا درحقیقت اپنے امکانات کو خود محدود کرلینا ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قابلِ ذکر کامیابی مسلسل محنت، صبر، قربانی اور آزمائشوں سے گزرے بغیر حاصل نہیں ہوئی۔ راستے کی دشواریاں ہمیشہ اس بات کی علامت نہیں ہوتیں کہ منزل غلط ہے بلکہ اکثر انسان کے عزم، صلاحیت اور استقامت کا امتحان ہوتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان ناکامیوں سے سبق سیکھے، اپنی حکمت عملی بہتر بنائے اور پہلے سے زیادہ عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھے۔
لہٰذا شاہین کی پرواز سے سبق لیجئے ۔ لوگوں کے شور میں اپنی منزل کی آواز مت کھوئیے، دوسروں کی مخالفت کو اپنے حوصلے پر غالب مت آنے دیجئے اور وقتی رکاوٹوں کو اپنی ناکامی کا فیصلہ مت سمجھیے۔ ایسا کوئی بات ذہن میں آئے بھی تو اسے نکال دینا بہتر ہے۔ اپنی نگاہ بلند، ارادے مضبوط، کردار پاکیزہ اور کوشش مسلسل رکھیے۔ اپنی محنت کو اتنا مؤثر، صلاحیتوں کو اتنا نکھرا ہوا اور کردار کو اتنا بلند بنائیے کہ آپ کی کامیابی خود آپ کا تعارف بن جائے۔
یاد رکھئے، کوّؤں کا شور شاہین کی پرواز کا فیصلہ نہیں کرتا؛ فیصلہ اس کی اپنی سمت، حوصلہ، قوت پرواز اور بلند پروازی کرتی ہے۔ اسی طرح آپ کی زندگی کا فیصلہ بھی لوگوں کی منفی آراء نہیں، بلکہ آپ کا عزم، آپ کی محنت اور آپ کے عملی نتائج کرینگے۔ اس لئے شور مچانے والوں میں الجھنے کے بجائے اپنی پرواز بلند کیجیے، کیونکہ زندگی میں سب سے مؤثر جواب وہ ہے جو الفاظ سے نہیں دیا جاتا، بلکہ اپنے عمل سے دیا جاتا ہے۔
زندگی کا ایک اہم اصول
ہر آواز جواب کی مستحق نہیں ہوتی اور ہر تنقید پر ردعمل ظاہر کرنا ضروری نہیں ہوتا۔ بعض اوقات انسان اپنی قیمتی صلاحیتوں، وقت اور توانائی کا بڑا حصہ ایسے لوگوں کو جواب دینے میں صرف کردیتا ہے جن کی رائے اس کی منزل کے حصول میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ وہ اپنی تعمیر کے بجائے دوسروں کو اپنی اہمیت باور کرانے میں مصروف ہوجاتا ہے۔ نتیجتاً اس کی توجہ منتشر، ذہنی سکون متاثر اور ترقی کی رفتار سست پڑجاتی ہے۔ حالاں کہ دانش مندی کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی توانائی کو بے مقصد بحث و تکرار میں ضائع کرنے کے بجائے علم، کردار، مہارت اور عملی ترقی پر صرف کرے۔ اس کی خاموشی بے بسی نہیں، بلکہ اپنے مقصد سے وابستگی اور اپنی ترجیحات کا شعور ہونی چاہئے۔